Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ کے صدارتی انتخاب میں ڈونلڈ ٹرمپ کی تاریخی کامیابی

امریکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی ریپبلکن پارٹی نے 270 سے زائد ووٹ حاصل کر کے تاریخی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ 
ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے اہم ریاستوں میں برتری حاصل کرنے کے بعد کارکنان سے خطاب میں اپنی ’فتح‘ کا دعویٰ کیا ہے۔
ریاست فلوریڈا کے ویسٹ پام بیچ میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’ہم نے آج تاریخ رقم کی ہے۔ ملک کے زخم بھریں گے اور اسے مشکلات سے نکالیں گے۔ سرحدوں کو محفوظ بنائیں گے اور دیگر مسائل کو حل کریں گے۔‘
اپنی تقریر کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی حریف کملا ہیرس کے حوالے سے ایک لفظ بھی نہیں کہا اور اپنی جیت کے بارے میں ہی گفتگو کرتے رہے۔
انہوں نے امریکی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ شاندار فتح ہے، امریکہ میں سنہری دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔‘
ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ وہ 315 الیکٹورل ووٹ حاصل کر لیں گے۔’ لوگوں نے ہمیں فقید المثال اور انتہائی طاقتور مینڈیٹ دیا ہے۔ ہم نے سینیٹ واپس لے لیا ہے اور لگتا ہے کہ ایوانِ نمائندگان کا کنٹرول بھی ہمارے ہی پاس رہے گا۔‘
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’وہ کہتے ہیں کہ یہ جنگ شروع کرے گا لیکن میں کوئی جنگ شروع نہیں کروں گا بلکہ جنگوں کو ختم کروں گا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم نے تمام رکاوٹوں کا مقابلہ کیا، ایسا اس ملک نے پہلے کبھی نہیں دیکھا۔ امریکہ اب نئی بلندیوں کو چھُوئے گا۔‘
ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ سٹیج پر ان کی اہلیہ کے علاوہ خاندان کے کئی دوسرے افراد بھی موجود تھے۔ اس طرح نائب صدر کے اُمیدوار جے ڈی وینس اور ہاؤس سپیکر مائیک جانسن بھی موجود تھے۔
جے ڈی وینس نے اس موقع پر کہا کہ ’ہم ڈونلڈ ٹرمپ کی سربراہی میں ملک کو خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے۔‘
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی 276 ووٹوں سے برتری، کچھ ریاستوں سے نتائج آنا باقی

امریکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ 276 ووٹوں کے ساتھ آگے ہیں جبکہ کملا ہیرس کو اب تک 219 ووٹ ملے ہیں۔
سی ایم ایم کے مطابق امریکہ کی متعدد ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی کے بعد ابتدائی نتائج موصول ہو گئے ہیں تاہم، کچھ اہم ریاستوں ایریزونا، مشی گن، وسکونسن اور نیواڈا میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔
امریکی میڈیا کی پروجیکشن کے مطابق پینسلوانیا، جارجیا، شمالی کیرولائنا، فلوریڈا، ٹیکساس، مونٹانا، انڈیانا اور کینٹکی سمیت کئی ریاستوں میں ڈونلڈ ٹرمپ کو برتری حاصل ہے۔
نیویارک، کیلیفورنیا، ورجینیا، میری لینڈ اور میساچوسیٹس سمیت متعدد ریاستوں میں کملا ہیرس آگے ہیں۔
صدر کے عہدے کے لیے مدّمقابل امیدوار کو کم سے کم 270 الیکٹورل ووٹ حاصل کرنا ہوتے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وہ ریاستیں جہاں ٹرمپ نے کامیابی حاصل کی (امریکی میڈیا کی پروجیکشن کے مطابق)

  • پینسلوانیا
  • فلوریڈا
  • ٹیکساس
  • مونٹانا
  • جارجیا
  • اوہائیو
  • جنوبی کیرولائنا
  • شمالی کیرولائنا
  • کنساس
  • آئیووا
  • مسیسیپی 
  • یوٹاہ
  • لوزیانا
  • وومنگ
  • جنوبی ڈکوٹا
  • شمالی ڈکوٹا
  • آرکنساس
  • اوکلاہوما
  • میسوری
  • ٹینیسی
  • الاباما
  • ویسٹ ورجینیا
  • انڈیانا
  • کینٹکی
  • ایڈاہو

وہ ریاستیں جہاں سے کملا ہیرس کامیاب ہوئیں

  • کیلیفورنیا
  • نیویارک
  • ورجینیا
  • نیو میکسیکو
  • ہوائی
  • اوریگون
  • کنیکٹی کٹ
  • الینوائے
  • رہوڈ آئی لینڈ
  • کولوراڈو
  • ڈیلاویئر
  • ڈسٹرکٹ آف کولمبیا
  • میری لینڈ
  • میساچوسیٹس
  • ورمونٹ
  • مینیسوٹا

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

’کملا ہیرس آج کارکنوں سے خطاب نہیں کریں گی‘

نائب صدر کملا ہیرس کی انتخابی مہم کے معاون چیئرمین کے مطابق ’کملا ہیرس آج رات کارکنوں سے خطاب نہیں کریں گی تاہم، توقع ہے کہ وہ جمعرات کو خطاب کریں گی۔
سیڈرک رچمنڈ نے کہا کہ ’ہمارے پاس ابھی بھی ووٹوں کی گنتی باقی ہے۔ اب بھی ایسی ریاستیں ہیں جن کے نتائج آنا باقی ہیں۔‘

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اپنے حامیوں سے مختصر بات چیت

سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حامیوں سے مختصر بات چیت کی ہے جو فلوریڈا کے پام بیچ میں اپنے مار-اے-لاگو کلب سے انتخابی نتائج دیکھ رہے ہیں۔
سی این این کے مطابق سرخ ٹائی اور گہرے رنگ کے سوٹ میں ملبوس ڈونلڈ ٹرمپ نے ساحل کے کنارے کلب کے ایک کمرے میں موجود لوگوں کی بڑی تعداد سے بات کی۔ وہ مسلسل اپنی انتخابی مہم ٹیم سے اپ ڈیٹس بھی لے رہے تھے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

متعدد ریاستوں میں بم کی دھمکیاں موصول

امریکی ایجنسی ایف بی آئی کے ایک اہلکار نے سی این این کو بتایا کہ ایف بی آئی مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں اور چار ریاستوں میں حکام کے ساتھ رابطے میں ہے جنہیں پولنگ سٹیشنز پر بم کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جن ریاستوں کو یہ دھمکیاں موصول ہوئی ہیں اُن میں مشی گن، وسکونسن، ایریزونا اور جارجیا شامل ہیں۔ ان دھمکیوں کے پیش نظر پولنگ کے مقامات کو خالی کرا لیا گیا ہے۔
 ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ الیکشن والے دن اہم ریاستوں کے مختلف پولنگ مقامات پر جعلی بم کی ملنے والی دھمکیاں روسی ای میل ڈومینز سے آئی ہوئی لگتی ہیں۔ 
پنسلوانیا کے ڈسٹرکٹ ویسٹ چیسٹر کے قریب بم کی دھمکی ملنے کے بعد خالی کرائے گئے دو پولنگ کے مقامات رات 10 بجے تک کُھلے رہیں گے۔
چیسٹر کاؤنٹی بورڈ آف الیکشنز کے سربراہ جوش میکسویل کے مطابق یہ فیصلہ ووٹرز کی سہولت کے لیے کیا گیا ہے۔
الیکشن کے دن متعدد ریاستوں میں حکام کو بم کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔ جارجیا اور ایریزونا میں حکام کا کہنا ہے کہ انہیں شُبہ ہے کہ یہ دھمکیاں روس سے موصول ہوئی ہیں۔

شیئر: