ڈونلڈ ٹرمپ اور جو بائیڈن کے درمیان ملاقات بدھ کو ہوگی: وائٹ ہاؤس
وائٹ ہاؤس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن بدھ کے روز نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق وائٹ ہاؤس نے سنیچر کے روز ایک بیان میں کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ڈیموکریٹ کی ملاقات اوول آفس میں ہوگی۔
عہدے سے سبکدوش ہونے والے اور منصب پر فائز ہونے والے صدور کے درمیان اس قسم کی ملاقات کو روایت کا حصّہ سمجھا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے روایت سے ہٹ کر 2020 کے صدارتی انتخابات میں ہارنے کے بعد بائیڈن کو ملاقات کی دعوت نہیں دی تھی۔
اس کے علاوہ انہوں نے 20 جنوری 2021 میں افتتاحی تقریب میں بھی شرکت نہیں کی تھی۔
تاہم وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ صدر تقریب میں شرکت کریں گے۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو صدارتی الیکشن میں کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے ’مستقبل قریب‘ میں وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی دعوت دی تھی۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے ترجمان وائٹ ہاؤس کے حوالے سے بتایا تھا کہ صدر جو بائیڈن نے اقتدار کی پرامن انداز میں منتقلی کے عزم کا اظہار کیا اور ملک کو اکٹھا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
جو بائیڈن نے نائب صدر کملا ہیرس سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں صدارتی انتخاب کے لیے تاریخی مہم چلانے پر مبارک باد دی۔
امریکہ کی نائب صدر کملا ہیرس نے بھی ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو ٹیلی فون کر کے صدارتی الیکشن میں کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔
اے ایف پی کے مطابق نائب صدر کے ایک معتمد نے بتایا کہ ڈیموکریٹ امیدوار نے ڈونلڈ ٹرمپ سے پرامن اقتدار کی منتقلی پر تبادلہ خیال کیا۔
دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے انچارج سٹیون چیونگ کا کہنا ہے کہ ٹیلی فونک گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے الیکشن مہم ختم ہونے کے بعد قوم میں اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔ بیان کے مطابق نومنتخب امریکی صدر نے صدارتی مہم کے دوران کملا ہیرس کی استقامت اور پروفیشنلزم کو سراہا۔