Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی سی بی کا خط، انڈیا کے چیمپیئنز ٹرافی کے لیے نہ آنے کے اعلان پر وضاحت مانگ لی

آئی سی سی نے پاکستان کو آگاہ کیا تھا کہ انڈیا چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے کے لیے پاکستان نہیں آئے گا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انڈیا کی چیمپیئنز ٹرافی میں حصہ نہ لینے کے اعلان پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے تحریری وضاحت مانگی ہے۔
پی سی بی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو خط لکھ دیا ہے۔ پی سی بی کے ترجمان سمیع الحسن نے اردو نیوز کو تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 2025 میں منعقد ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں انڈیا کی عدم شرکت سے متعلق آئی سی سی سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔
پی سی بی نے آئی سی سی کو لکھے خط میں چیمپئنز ٹرافی کے لیے انڈیا کے پاکستان نہ آنے کی ٹھوس وجوہات جاننے کی کوشش کی ہے۔ اس سے قبل حکومت نے پی سی بی کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے چیمپئینز ٹرافی ہر حال میں پاکستان میں منعقد کروانے اور کسی قسم کا ہائبرڈ ماڈل قبول نہیں کرنے کی ہدایت کی تھی۔
ان ہدایات کی روشنی میں گذشتہ روز پی سی بی نے آئی سی سی کو خط لکھا اور اس معاملے پر اپنی حکومت کے سخت موقف سے آگاہ کیا ہے۔
اردو نیوز کو ذرائع نے خط کے مندرجات سے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل کے آپشن کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔
خط میں پی سی بی نے بتایا ہے کہ انڈین ٹیم اگر پاکستان نہیں آتی تو آئندہ پاکستان بھی انڈین ٹیم کے ساتھ کسی بھی مقام پر نہیں کھیلے گا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے پاکستان میں ماضی میں کھیلے گئے سیریز اور ٹورنمنٹس کا حوالہ دیتے ہوئے سیکیورٹی خدشات کی نفی کی ہے اور آئی سی سی کو بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ انڈیا(بی سی سی آئی) سے پاکستان نہ آنے کی وجوہات طلب کیں ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل انڈیا نے سکیورٹی خدشات کو بنیاد بناتے ہوئے اپنی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان بھیجنے سے انکار کر دیا تھا اور اس حوالے سے آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھی آگاہ کیا تھا، جس کے بعد کل پی سی بی نے آئی سی سی کو خط لکھ کر وجوہات جاننے کی کوشش کی ہے۔ 
انڈیا ایشیا کپ کی طرح چیمپئنز ٹرافی بھی ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلنے کا خواہاں ہے اور ہائبرڈ ماڈل کے تحت چیمپئنز ٹرافی کے چند میچز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کھیلنے کی پیشکش کی ہے۔
تاہم چیئرمین پی سی بی اس سے قبل بھی متعدد بار دوٹوک موقف دے چکے ہیں کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل کسی طور قبول نہیں ہوگا اور پورا ٹورنامنٹ پاکستان میں ہی کرایا جائے گا۔
اس سے قبل آئی سی سی نے پاکستان کو آگاہ کیا تھا کہ انڈیا چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے کے لیے پاکستان نہیں آئے گا۔
آئندہ سال 19 فروری سے 19 مارچ کو چیمپیئن ٹرافی کے میچز پاکستان کے تین شہروں لاہور، راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے جائیں گے تاہم اس ایونٹ کا شیڈول انڈیا کی جانب سے جواب کے بعد فائنل ہونا تھا۔
محسن نقوی نے سنیچر کو کہا تھا کہ ’پاکستان ماضی میں انڈیا کے ساتھ اچھا رویہ رکھتا آیا ہے اور ہم یہ واضح کرنا چاہیں گے کہ انڈیا کو ہر دفعہ ہم سے دوستانہ رویے کی توقع نہیں کرنی چاہیے۔‘

شیئر: