Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’تم بھی چِٹھی لکھ لو‘، وزیراعلٰی انڈین پنجاب کا مریم نواز کے سموگ سے متعلق بیان پر طنز

انڈین پنجاب کے وزیراعلٰی بھگونت مان نے ریاستوں کے درمیان ’الزام تراشی‘ کے خلاف زور دیتے ہوئے فضائی آلودگی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون کی بات کی ہے۔
انڈین میڈیا کے مطابق بھگونت مان کا یہ بیان پاکستانی پنجاب کی وزیراعلٰی مریم نواز کی اس تنقید کے بعد سامنے آیا جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ انڈین پنجاب سے آنے والی سموگ لاہور کو متاثر کر رہی ہے۔
انڈین پنجاب کے وزیراعلٰی نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ دہلی نے بھی یہ الزام لگایا کہ پنجاب کی آلودگی اس کی ہوا کے معیار کو متاثر کرتی ہے، ایسا لگتا ہے جیسے پنجاب کی آلودگی کسی نہ کسی طرح گردش کر رہی ہے۔
انہوں نے مریم نواز کی آلودگی کے حوالے سے تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’پاکستانی پنجاب کی وزیراعلٰی مریم شریف، نواز شریف کی بیٹی، وہ کہتی ہیں کہ میں بھگونت مان کو چِٹھی لکھوں گی، آپ کا دھواں لاہور آتا ہے۔‘
’کہہ رہی ہیں کہ ہماری سموگ لاہور تک پہنچ رہی ہے، دہلی بھی کہتی ہے کہ وہاں بھی پہنچ رہی ہے- لگتا ہے ہماری آلودگی ایک دائرہ بنا رہی ہے اور گھوم رہی ہے۔ جو بھی آتا ہے وہ یہی کہتا ہے، بی بی تم بھی لکھ لو چِٹھی۔‘
خیال رہے کہ وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز نے گذشتہ مہینے 30 اکتوبر کو لاہور میں دیوالی کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’سموگ کے معاملے پر انڈین پنجاب کے وزیراعلٰی کو خط لکھنے کا سوچ رہی ہوں، سموگ کے خاتمے کے لیے انڈیا کے ساتھ سفارت کاری کرنا ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ انڈیا اور پاکستانی پنجاب کو مل کر سموگ کے مسئلے کا حل نکالنا ہو گا۔
صوبہ پنجاب کے محکمہ ماحولیات کا ماننا ہے کہ اس وقت لاہور کو جس سموگ کا سامنا ہے وہ انڈیا سے آنے والی آلودہ ہواؤں کی وجہ سے ہے۔
اکتوبر اور نومبر میں دھان کی کٹائی کے بعد پنجاب اور ہریانہ میں مُنجھی جلانا ایک بڑا مسئلہ ہے۔
ربیع کے موسم کے لیے اپنے کھیتوں کو جلدی سے تیار کرنے اور گندم لگانے کے لیے کسان اکثر فصلوں کی باقیات کو جلا دیتے ہیں، جس سے بڑی مقدار میں دھواں نکلتا ہے اور دہلی سمیت شمالی ہندوستان میں فضائی آلودگی میں نمایاں کردار ادا کرتا ہے۔

شیئر: