Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا نے پاکستان کو ’غیر رسمی طور پر آگاہ‘ کر دیا، کبڈی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار

 دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا میچ 19 نومبر کو کرتار پور میں کھیلا جانا تھا۔ فوٹو: زی نیوز
انڈیا نے کبڈی کے میچز کے لیے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کر دیا ہے۔
سیکریٹری پاکستان کبڈی فیڈریشن محمد سرور رانا نے اُردو نیوز سے گفتگو میں تصدیق کی کہ انڈیا اپنی کبڈی کی ٹیم پاکستان بھیجنے کے لیے رضامند نہیں ہے۔
محمد سرور نے کہا کہ ’انڈیا کی جانب سے باضابط طور پر آگاہ نہیں کیا گیا لیکن غیر رسمی طور پر ہمیں بتا دیا گیا ہے۔‘
پاکستان اور انڈیا کی کبڈی ٹیموں کے درمیان کرتار پور، گجرات اور لاہور میں میچز رکھے گئے تھے۔
 دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا میچ 19 نومبر کو کرتار پور میں کھیلا جانا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں چین میں ہونے والی ایشین گیمز میں کبڈی کے مقابلوں میں انڈیا نے پاکستان کو سیمی فائنل میں شکست دی تھی۔
چین کے شہر ہینگزو میں کھیلے گئے کبڈی سیمی فائنل میں انڈیا نے پاکستان کو 14 کے مقابلے میں 61 پوائنٹس سے شکست دی تھی۔
اس جیت کے بعد انڈیا نے آٹھویں مرتبہ ایشین گیمز میں کبڈی کے مقابلوں کے فائنل میں جگہ بنا لی تھی جبکہ پاکستانی ٹیم کے حصے میں کانسی کے تمغہ آیا تھا۔
ایشین گیمز میں کبڈی کے مقابلوں کو 1990 میں متعارف کروایا گیا تھا جس کے بعد سے لے کر اب تک انڈیا اس میں سات سونے کے تمغے جیت چکا ہے۔
انڈیا کو 2018 میں انڈونیشیا میں کھیلے گئے ایشین گیمز میں کبڈی کے سیمی فائنل میں ایران کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔

شیئر: