Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پنجاب میں مصنوعی بارش کا تجربہ کامیاب، جہلم اور گوجر خان میں بارش

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ پنجاب میں مصنوعی بارش کا تجربہ کامیاب رہا ہے جس کے نتیجے میں جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور گوجر خان میں ’کلاوڈ سیڈنگ‘ کے ذریعے بارش کی گئی۔
جمعے کو محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ دوپہر دو بجے ’کلاوڈ سیڈنگ‘ کی گئی تھی جس سے جہلم اور گوجر خان چند گھنٹوں بعد بارش ہوئی۔
’ مزید کہا گیا کہ ’کلاوڈ سیڈنگ کے اثرات لاہور پر بھی بارش کی صورت برآمد ہونے کا قوی امکان ہے، مصنوعی بارش سے سموگ میں کمی لانے میں بڑی مدد ملے گی۔‘

سموگ: لاہور اور ملتان میں یونیورسٹیز کی آن لائن کلاسز، پنجاب بھر کے سکول 24 نومبر تک بند

ڈی جی ماحولیات عمران حامد شیخ نے نوٹیفیکشن جاری کردیا ہے جس کے تحت لاہور سمیت پنجاب میں سموگ کے پیش نظر مزید پابندیاں لگائی گئی ہیں، تعلیمی اداروں کو بند کر کے آن لائن کلاسز کی ہدایت کی گئی ہے۔
جمعے کو جاری ہونے والے نوٹیفیکشن کے مطابق لاہور اور ملتان میں یونیورسٹیز اور کالجز بند رہیں گے، یونیورسٹیز اور کالجز کو آن لائن کلاسز پر منتقل کردیا گیا، جبکہ مری کے علاوہ تمام اضلاع کے سکولز 24 نومبر تک بند رہیں گے۔

پنجاب میں سموگ کے تدارک کے لیے 10 سالہ پالیسی

پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سموگ کا مسئلہ ہیلتھ کرائسز میں تبدیل ہو چکا ہے اس لیے لاہور اور ملتان میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ ’حکومت نے سموگ کی روک تھام کے لیے دس سال کی پالیسی دی ہے۔‘
جمعے کو لاہور میں پریس کانفرنس میں انہوں نے بتایا کہ دھواں کے اخراج کے لیے زگ زیگ ٹیکنالوجی استعمال نہ کرنے والے بھٹے مسمار کیے جا رہے ہیں۔
سینیئر وزیر کے مطابق ’آئندہ جمعے، ہفتے، اتوار کو لاہور اور ملتان میں مکمل لاک ڈاؤن ہو گا اور اگر صورتحال زیادہ خراب ہوئی تو لاک ڈاؤن پہلے کر دیا جائے گا۔‘
اُن کا کہنا تھا کہ ’پنجاب حکومت نے لاہور اور ملتان میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ سکول مزید ایک ہفتے تک بند رہیں گے جبکہ کالجز اور یونیورسٹیز کو آن لائن کر رہے ہیں۔‘

وزیراعظم کی اپیل پر ملک بھر میں بارش کے لیے نماز استسقاء ادا

وزیراعظم شہباز شریف کی اپیل پر اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں نمازِ استسقاء ادا کر دی گئی۔
وفاقی دارالحکومت میں نماز استسقاء کا مرکزی اجتماع فیصل مسجد میں ہوا جہاں بڑی تعداد میں لوگوں نے نماز جمعہ کے بعد نماز استسقاء ادا کی۔
پاکستان میں ماحولیاتی آلودگی میں اضافے اور خاص کر لاہور کی سموگ سے بدتر حالت کے پیشِ نظر وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے بارش کے لیے نماز استسقاء ادا کرنے کی اپیل کی تھی۔

کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر خودکش دھماکہ: معطل ٹرین سروس چار دن بعد بحال

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے ریلوے سٹیشن پر دھماکے کے بعد معطل ٹرین سروس چار دن بعد بحال ہو گئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق پاکستان ریلویز کوئٹہ ڈویژن کے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ عمران حیات نے بتایا کہ بلوچستان سے ملک کے دیگر حصوں تک ٹرین آپریشن بحال کر دیا گیا ہے۔
کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس جمعے کی صبح کوئٹہ ریلوے سٹیشن سے سخت سیکیورٹی میں روانہ ہوئی۔
سنیچر کو کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر ہونے والے بم دھماکے میں کم از کم 24 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔
سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ٹرین سروس معطل کر دی گئی تھی۔

بشریٰ بی بی کے ذریعے پیغام رسانی کی گئی، وکیل فیصل چوہدری

سابق وزیراعظم عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ بشریٰ بی بی سیاست میں حصہ نہیں لے رہیں، اُن کے ذریعے پیغام رسانی کی گئی۔
جمعے کو راولپنڈی میں فیصل چوہدری نے کہا کہ عمران خان کو سیاسی قائدین سے ملاقات کی اجازت نہیں مل رہی اس لیے بشریٰ بی بی نے عمران خان کا پیغام پارٹی رہنماؤں تک پہنچانا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ ملانے کے لیے سیاسی کمیٹی کی ذمہ داری لگائی گئی۔

بالائی علاقوں میں بارش کا امکان، میدانی علاقوں میں سموگ برقرار

جمعے کو محکمہ موسمیات نے بتایا کہ خیبر پختونخوا کے زیادہ تر علاقوں، بالائی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔
چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، ایبٹ آباد، مالاکنڈ، باجوڑ، پشاور، مردان، مہمند، نوشہرہ، خیبر، کوہاٹ، کرم، لکی مروت، بنوں اور وزیرستان میں بارش متوقع ہے۔
 محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ پنجاب کے بیشتر علاقوں میں سموگ چھائی  رہے گی۔
لاہور، قصور، اوکاڑہ، سیالکوٹ، جھنگ، گجرات، فیصل آباد، بہاولپور، ڈی جی خان اور سرگودھا میں سموگ متوقع ہے جبکہ مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال، لاہور، خوشاب، سرگودھا، لیہ اور بھکر میں بارش کا امکان ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ کوئٹہ، زیارت، پشین، ژوب، شیرانی، سبی اور بارکھان میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

شیخ رشید احمد قتل سازش کیس میں بری

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں شیخ رشید کے خلاف قتل کی سازش کے مقدمے کا فیصلہ سنا دیا گیا ہے۔
جمعے کو سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی بریت کی درخواست پر فیصلہ جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر محمود نے سنایا۔
شیخ رشید اپنے وکلا سردار مصروف خان اور سردار شہباز رضا کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
شیخ رشید کے خلاف تھانہ آبپارہ میں تین مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں اُن پر دہشت گردوں کے ذریعے آصف علی زرداری کے قتل کی سازش تیار کرنے کا الزام عائد کیا گیا۔
مقدمہ پاکستان پیپلز پارٹی کے راولپنڈی ڈویژن کے نائب صدر کی مدعیت میں گزشتہ سال فروری میں درج کیا گیا تھا۔

شیئر: