Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یکطرفہ باکسنگ مقابلے میں مائیک ٹائسن کو یوٹیوبر کے ہاتھوں شکست

جیک پال نے جیتنے کے بعد کہا کہ مائیک ٹائسن ایک عظیم کھلاڑی ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
باکسنگ کے سابق عالمی چیمپیئن مائیک ٹائسن کو برسوں بعد رنگ میں اُترنے پر معروف یوٹیوبر سے شکست ہو گئی۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس میں منعقد یہ مقابلہ یکطرفہ رہا۔
یوٹیوبر کے طور پر کام کرنے والے جیک پال جو باکسنگ میں کیریئر بنا رہے ہیں نے سابق ہیوی ویٹ باکسر کو بآسانی ہرا دیا۔
مائیک ٹائسن جن کی عمر 58 برس ہے بمشکل ہی مقابلہ کر سکے۔
آرلنگٹن کے اے ٹی اینڈ ٹی سٹیڈیم میں تینوں راؤنڈز میں جیک پال بڑے مارجن سے جیتے۔
جیک پال 27 برس کی عمر میں کافی پھرتیلے نظر آ رہے تھے اور انہوں نے عمر رسیدہ باکسر کو اپنے مدمقابل ٹکنے نہ دیا۔
تیسرے راؤنڈ میں مائیک ٹائسن کو جب جیک پال نے پے در پے مُکے رسید کیے تو وہ اپنی جگہ کھڑے نہ رہ سکے۔
مائیک ٹائسن نے 58 برس کی عمر کے باوجود چند بھاری مُکے اپنے مدمقابل پر چلائے اور مقابلے کو براہ راست دیکھنے والے محظوظ ہوئے۔
اس مقابلے کو 70 ہزار کے لگ بھگ شائقین نے دیکھا جبکہ دنیا بھر میں لاکھوں افراد اپنی ٹی وی سکرینوں پر کھیل سے لطف اندوز ہوئے۔
حتمی اعداد وشمار کے مطابق مائیک ٹائسن نے کُل 97 پنچز رسید کیے جن میں سے مقابل تک صرف 18 ہی پہنچ پائے جبکہ جواب میں جیک پال نے 278 مُکے چلائے جن میں سے مخالف کو 78 لگے۔
آٹھویں راؤنڈ میں جب جیت کا اعلان ہونے کے لیے گھنٹی بجائی جانے لگی تو جیک پال نے آگے کی طرف جُھک کر مائیک ٹائسن کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
پال نے اپنی جیت پر رنگ میں کھڑے ہو کر کہا کہ ’مائیک ٹائسن، یہ بہت اعزاز کی بات ہے۔ اس کو مائیک ٹائسن کے لیے چھوڑتے ہیں۔‘
جیک پال کا کہنا تھا کہ ’مائیک ٹائسن ایک عظیم کھلاڑی ہیں۔ وہ ایک لیجنڈ ہیں، اُنہوں نے مجھے متاثر کیا اور آج ہم اُن کے بغیر کچھ بھی نہ ہوتے۔‘

شیئر: