سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کی 24 نومبر کو احتجاجی کال کے حوالے سے کہا ہے کہ ’وہ کامیاب نہیں ہوں گے۔‘
سنیچر کو لندن سے پاکستان کے لیے روانگی کے وقت ایک صحافی کے اس سوال پر کہ جو 24 نومبر کو دھرنے کی کال ہے تو کیا آپ سمجھتے ہیں کہ یہ (پی ٹی آئی) ملک کو دوبارہ ڈی ریل کرنا چاہتے ہیں؟ اس پر نواز شریف نے کہا کہ ’بالکل جو آپ نے الفاظ کہے ہیں میں یہی سمجھتا ہوں لیکن ان شا اللہ وہ کامیاب نہیں ہوں گے۔‘
------------------------------------------------------------------------------
9 مئی کے زیرِالتوا کیسز کا جلد از جلد فیصلہ ہونا چاہیے، وزیر اطلاعات
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ 9 مئی کے زیرِالتوا کیسز کا جلد از جلد فیصلہ ہونا چاہیے۔
سنیچر کو ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے دعویٰ کہا کہ ’9 مئی کے حملوں کے حوالے سے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں، تحریک انصاف کے لوگ اور عمران خان رٹ لگاتے رہے کہ ہمارے لوگ نہیں تھے۔‘
’ایک جماعت نے منظم سازش کے ذریعے 9 مئی کے حملے کیے، تحریک انصاف کے سرکردہ رہنما 9 مئی کے حملوں میں ملوث تھے، جماعت کے عہدیداروں کو 9 مئی کے لئے ہدایات دی گئی تھیں۔‘
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ’پی ٹی آئی نے حساس تنصیبات پر حملے کیے، شہدا کی یادگاریں مسمار کیں،9 مئی کے حوالے سے پی ٹی آئی رہنماﺅں کی ویڈیوز موجود ہیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، پشاور کی سی سی ٹی وی فوٹیجز موجود ہیں، ان فوٹیجز سے صاف ظاہر ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں پی ٹی آئی کے لوگ ملوث تھے۔
--------------------------------------------------------------------------------
ہیلتھ ایمرجنسی، لاک ڈاؤن کے باوجود لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پھر پہلے نمبر پر
پاکستان کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا آغاز ہو چکا ہے لیکن لاہور کی صورتحال ابھی بھی سنگین ہے اور سنیچر کو فضائی آلودگی اور سموگ کی وجہ سے صوبہ پنجاب کا دارالحکومت دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پھر پہلے نمبر پر آ گیا۔
دنیا کے آلودہ شہروں میں انڈیا کا دارالحکومت نئی دہلی دوسرے نمبر پر ہے۔ لاہور کا ایئر کوالٹی انڈکس 541 جبکہ نئی دہلی کا ائیر کوالٹی انڈکس 332 تک پہنچ گیا ہے۔
ورلڈ ایئر کوالٹی ایجنسی نے لاہور کی فضا کو مضر صحت قرار دے دیا ہے۔
خیال رہے کہ پنجاب حکومت نے سموگ کی ابتر صورت حال کی وجہ سے گذشتہ روز جمعے کو لاہور اور ملتان میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کر دی تھی۔
سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ’سموگ کا مسئلہ ہیلتھ کرائسز میں تبدیل ہو چکا ہے اس لیے لاہور اور ملتان میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ حکومت نے سموگ کی روک تھام کے لیے دس سال کی پالیسی دی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ دھواں کے اخراج کے لیے زگ زیگ ٹیکنالوجی استعمال نہ کرنے والے بھٹے مسمار کیے جا رہے ہیں۔
سینیئر وزیر کے مطابق ’آئندہ جمعے، ہفتے، اتوار کو لاہور اور ملتان میں مکمل لاک ڈاؤن ہو گا اور اگر صورتحال زیادہ خراب ہوئی تو لاک ڈاؤن پہلے کر دیا جائے گا۔‘
اُن کا کہنا تھا کہ ’پنجاب حکومت نے لاہور اور ملتان میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ سکول مزید ایک ہفتے تک بند رہیں گے جبکہ کالجز اور یونیورسٹیز کو آن لائن کر رہے ہیں۔‘
جمعے کو جاری ہونے والے نوٹیفیکشن کے مطابق لاہور اور ملتان میں یونیورسٹیز اور کالجز بند رہیں گے، یونیورسٹیز اور کالجز کو آن لائن کلاسز پر منتقل کردیا گیا، جبکہ مری کے علاوہ تمام اضلاع کے سکولز 24 نومبر تک بند رہیں گے۔
سموگ کے تدارک کے لیے محکمہ موسمیات نے گذشتہ روز پنجاب میں مصنوعی بارش کا کامیاب تجربہ بھی کیا۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور گوجر خان میں ’کلاوڈ سیڈنگ‘ کے ذریعے بارش کی گئی۔
بیان کے مطابق ’کلاوڈ سیڈنگ کے اثرات لاہور پر بھی بارش کی صورت برآمد ہونے کا قوی امکان ہے، مصنوعی بارش سے سموگ میں کمی لانے میں بڑی مدد ملے گی۔‘
----------------------------------------------------------------
لاہور پولیس کے سموگ کا باعث بننے والے عناصر کو دو کروڑ کے جرمانے
لاہور پولیس نے رواں برس کے دوران انسداد سموگ کارروائیاں کرتے ہوئے سموگ کا باعث بننے والے عناصر کو ایک کروڑ 84 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے کیے ہیں۔
ترجمان لاہور پولیس کی جانب سے سنیچر کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق اینٹی سموگ ایکشن پلان کے تحت کریک ڈاؤن جاری ہے۔ رواں برس سمو گ کا باعث بننے والے عناصر کے خلاف کارروائیوں میں 212 مقدمات درج کر کے 228 ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ اور ایک کروڑ 84 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔
’رواں برس 50 ہزار سے زائد گاڑیوں کو چیک کیا گیا اور دھواں چھوڑنے والی 4 ہزار سے زائد گاڑیوں کے چالان کئے گئے ہیں۔‘
بیان کے مطابق فیول، تار کول اور کاربن بورڈ جلانے پر آٹھ ملزمان، کنسٹرکشن میٹریل کے 89 جبکہ فصلوں کی باقیات جلانے پر 18ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں۔ ٹائرز، پلاسٹک، شاپنگ بیگز جلانے پر 29، کارخانوں کے 51 اور کوڑے کو آگ لگانے پر 33 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
-----------------------------------------------------------------