Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں سرکاری سکیم کے تحت حج درخواستوں کی وصولی

سرکاری میڈیا کے مطابق پاکستان کے تقریباً 15 نامزد بینکوں نے آج پیر سے حج درخواستیں وصول کرنا شروع کر دی ہیں۔
گزشتہ ہفتے وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے حج پالیسی 2025 کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ حج فیس قسطوں میں وصول کی جائے گی۔
سرکاری سکیم کے لیے حج واجبات دو لاکھ روپے کی پہلی قسط حج درخواست کے ساتھ جمع کرانا ہو گی۔ قرعہ اندازی کے دس دن کے اندر اندر چار لاکھ روپے مزید جمع کروانا لازم ہے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق وزارت مذہبی اُمور کے ترجمان نے کہا ہے کہ عازمین حج کو ہر حج درخواست کے ساتھ دو لاکھ روپے جمع کرانا ہوں گے، جبکہ دوسری قسط قرعہ اندازی کے بعد وصول کی جائے گی۔
سرکاری حج سکیم کا کوٹہ 89 ہزار 605 ہے۔ سپانسر شپ سکیم کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے پانچ ہزار نشستیں مختص کی گئی ہیں۔
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اپنی رقم کی ادائیگی یکمشت ڈالروں میں کرنا ہو گی۔
سرکاری حج پیکج میں ہوائی جہاز کا ٹکٹ، کھانا، تربیت، رہائش اور ویکسینیشن شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق شدید اور پیچیدہ طبی مسائل میں مبتلا افراد اور 12 سال سے کم عمر بچوں کو حج پر جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔

شیئر: