خادم حرمین شریفین نے 66 ممالک کے ایک ہزار عمرہ زائرین کی میزبانی کی منظوری دے دی
اتوار 17 نومبر 2024 21:11
پروگرام سے مستفید ہونے والے ممالک کی تعداد 140 سے زیادہ ہے۔ (فوٹو سبق)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دنیا بھر کے 66 ممالک کے ایک ہزار عمرہ زائرین کی میزبانی کی منظوری دے دی۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق حج، عمرہ اور زیارت کے لیے خادم حرمین شریفین کے پروگرام کے حصے کے طور پر 1446ھ کے دوران ان عازمین کی چار گروپوں میں میزبانی کی جائے گی جس پر عمل درآمد اور نگرانی وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی کرے گی۔
اس موقع پر وزارت اسلامی امور کے وزیر اور شاہ سلمان پروگرام برائے حج و عمرہ و زیارت کے نگران اور جنرل سپروائزر شیخ ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے دنیا کے مختلف ممالک کے مسلمانوں کو اپنے خرچ پر آسانی اور آرام و راحت کے ساتھ عمرہ، زیارت و حج ادا کرنے میں اپنی فراخدلانہ محبت، شفقت اور دلچسپی دکھائی ہے۔
آل الشیخ نے کہا کہ دنیا بھر میں اس پروگرام کے آغاز سے لے کر اب تک اس سے مستفید ہونے والے ممالک کی تعداد 140 سے زیادہ تک پہنچ چکی ہے۔ جہاں آنے والے شاہی مہمانوں کے مملکت آمد سے لے کر ان کی واپسی تک کو ایک مربوط نظام کے مطابق انہیں بہترین خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔
آل الشیخ نے کہا کہ وزارت نے اپنی تمام تر توانائیاں شاہی ہدایات پر عمل درآمد کے لیے وقف کی ہوئی ہیں تاکہ شاہی مہمان عمرہ کی تمام ارکان احسن شکل میں ادا کرسکیں اور مکہ و مدینہ منورہ میں متعدد تاریخی مقامات کا دورہ کرسکیں اور حرمین شریفین کے علماء اور اماموں سے ملاقات بھی کرسکیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں