Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ٹی آئی کا 24 نومبر کا احتجاج، کنٹینرز ڈی چوک پہنچا دیے گئے

علی امین کا کہنا تھا کہ عمران خان پاکستانیوں کی نسلوں کی جنگ لڑ رہا ہے۔ (فوٹو: پی ٹی آئی ایکس)
پاکستان تحریک انصاف کی 24 نومبر کو ڈی چوک میں احتجاج کے کال کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی انتظامیہ متحرک ہو گئی ہے۔
بدھ کی شام انتظامیہ نے ڈی چوک میں کنٹینرز پہنچا دیے جن کے ذریعے ریڈزون میں داخلی راستوں کو بند کیا جائے گا۔
اس سے قبل شام کو اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری بھی ڈی چوک پہنچ گئی تھی جبکہ دارالحکومت میں امن و امان بحال رکھنے کے لیے رینجرز اور ایف سی کو بھی خصوصی اختیارات سونپے گئے ہیں۔
آئی جی اسلام آباد پولیس کے بیان کے مطابق ’ڈی چوک سے چائنا چوک تک کی گئی واک میں سینیئر افسران سمیت ٹریفک پولیس، ڈولفن سکواڈ اور ضلع بھر کے افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔‘
بیان میں کہا گیا کہ ’واک کا مقصد امن و امان کے قیام اور اتحاد و یگانگت کے فروغ کے لیے کے عزم کا اظہار ہے۔‘

مذاکرات عمران خان کی رہائی سے شروع ہوں گے، علی امین گنڈاپور

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور  نے کہا ہے کہ مذاکرات بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی سے شروع ہوں گے اور آگے بڑھیں گے۔
بدھ کو جاری کردہ بیان میں علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی عمران خان کو رہا اور اپنے مطالبات منوا کر ہی دم لے گی۔
’ہم سب کے لیے تحریک انصاف کا نعرہ ’اب نہیں تو کھبی نہیں، ہم نہیں تو کون‘ کو ثابت کرنے کا وقت آچکا ہے۔‘
علی امین کا کہنا تھا کہ قوم نے فیصلہ کرنا ہے کہ وہ ظلم کے نظام کا مقابلہ کرے گی یا غلامی قبول کرے گی۔
ان کے مطابق بانی چیئرمین پاکستانیوں کی نسلوں کی جنگ لڑ رہا ہے۔
’ہم بانی چیئرمین کو مایوس نہیں کریں گے۔‘

عمران خان کی ابھی رہائی کا امکان بالکل نہیں: عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی 9 مئی کے آٹھ کیسز میں ضمانت نہیں ہوئی ہے اس لیے ابھی ان کی رہائی کا امکان بالکل نہیں ہے۔

عطا تارڑ کے مطابق 9 مئی کے آٹھ کیسز میں عمران کی ضمانت نہیں ہوئی ہے۔ (فوٹو: اے پی پی)

اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کی توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کے حوالے سے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ ٹرائل کیس میں مقدمہ آگے بڑھے گا تو ضمانت ختم بھی ہوسکتی ہے۔
عمران خان کی رہائی کے حوالے سے ان کہنا تھا کہ چونکہ 9 مئی کے آٹھ کیسز میں ان کی ضمانت نہیں ہوئی ہے اس لیے ان کی رہائی کا امکان نہیں۔
’یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ نو مئی کے احکامات پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے دیے۔‘

22 سے 25 تک قائداعظم یونیورسٹی میں تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی

قائد اعظم یونیورسٹی نے اعلان کیا ہے کہ جمعہ 22 سے  سوموار 25 نومبر تک قائد اعظم یونیورسٹی میں تعلیمی سرگرمیاں اور ٹرانسپورٹ معطل رہیں گی۔
یونیورسٹی کے اعلامیے کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد کی موجودہ صورتحال اور سڑکوں کی ممکنہ بندش کے سبب تمام تعلیمی سرگرمیاں اور امتحانات ان دنوں روک دیے جائیں گے۔
سڑکوں کے دوبارہ کھلنے کے بعد دیگر تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ امتحانات شروع ہو جائیں گے۔
 امتحانات دوبارہ شروع کرنے کے لیے کم از کم تین دن کا وقت دیا جائے گا۔

پی ٹی آئی احتجاج: رینجرز اور ایف سی کو خصوصی اختیارات دینے کی منظوری

وزارت داخلہ نے پاکستان تحریک انصاف کے 24 نومبر کے احتجاج کے حوالے سے رینجرز اور ایف سی کو خصوصی اختیارات دے دیے ہیں۔

چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے بھیجی گئی سمری پر وزارت داخلہ نے منظوری دی۔ (فوٹو: اے ایف پی)

وزارت داخلہ نے پنجاب رینجرز اور ایف سی کو انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت خصوصی اختیارات دینے کی منظوری دے دی۔
چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے بھیجی گئی سمری پر وزارت داخلہ نے منظوری دی۔
وزارت داخلہ کے مطابق رینجرز اور ایف سی شہر میں امن وعامہ برقرار رکھنے کے لیے پولیس کی معاونت کرے گی۔
 
عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں ضمانت خوش آئند ہے: بیرسٹر سیف
مشیر اطلاعات وزیراعلی خیبر پختونخوا اور ترجمان صوبائی حکومت بیرسٹر محمد علی سیف نے توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان کی ضمانت کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔

محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف تمام مقدمات سیاسی بنیادوں پر درج ہیں۔ (فوٹو: ایکس)

بدھ کو جاری ایک بیان میں محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ ٹو کیس میں عدالتی فیصلہ انتہائی خوش آئند ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف ’جعلی حکومت‘ کے جعلی مقدمات اپنے انجام کو پہنچ رہے ہیں۔
عمران خان کے خلاف تمام جعلی مقدمات باری باری ختم ہو رہے ہیں۔ عمران خان تمام مقدمات میں رہا ہوں گے۔‘
محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف تمام مقدمات سیاسی بنیادوں پر درج ہیں۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جلد رہا ہو کر حقیقی آزادی کی تحریک کو لیڈ کریں گے۔

روز روز دھرنا دینے والے اپنی کارکردگی بتائیں: دانیال چوہدری 

پارلیمانی سیکریٹری برائے اطلاعات و نشریات اور مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال چوہدری کا کہنا تھا کہ جب ہماری حکومت آئی تو کہا جا رہا تھا کہ پاکستان آج کل میں ڈیفالٹ ہو رہا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دانیال چوہدری کا کہنا تھا کہ ڈیفالٹ کے خطرات کے باوجود موجودہ حکومت نے نے کم وقت میں ملک کی معیشت بہتر کی۔
ہم نے پہلے چار مہینوں میں آئی ٹی سیکٹر میں بے حد بہتری لائی ہے۔ ہمارے حریفوں کی کوئی کارکردگی نہیں ملتی۔‘
دانیال چوہدری کا کہنا تھا کہ ’ہم زراعت کے شعبے میں بہتری لا رہے ہیں۔ انڈسٹری سیکٹر میں انقلاب لا رہے ہیں۔‘
روز روز دھرنا دینے والے اپنی کارکردگی بتائیں۔ جب بھی بیرونی وفود پاکستان آتے ہیں یہ دھرنا دینا شروع کر دیتے ہیں۔‘

 

 

شیئر: