Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرینہ کپور اور شاہد کپور کی ملاقات، فلم بینوں کو ’جب وی میٹ‘ کی یاد ستانے لگی

جب وی میٹ فلم میں کرینہ کپور نے ’گیت‘ کے نام کا کردار ادا کیا تھا جسے انٹرنیٹ کے زمانے میں بھی خوب پذیرائی ملتی رہتی ہے۔ (فوٹو: ہاٹ سٹار)
بالی وڈ کی سپرسٹار اداکارہ کرینہ کپور کی اداکار شاہد کپور کے ساتھ ملاقات انٹرنیٹ پر موضوع بحث ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق شاہد کپور اور کرینہ کپور کی آئیفا ایوارڈ 2025 کی پریس کانفرنس کے دوران ملاقات ہوئی۔
سنیچر کو آئیفا ایوارڈ کی پریس کانفرنس کے دوران شاہد کپور اور کرینہ کپور ایک دوسرے کے ساتھ گپ شپ کرتے دکھائی دیے۔
آئیفا ڈیجیٹل ایوارڈز کے گرین کارپٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہد کپور نے کرینہ کپور کے ساتھ ملاقات کے بارے میں کہا کہ ’ہمارے لیے تو یہ کوئی نئی بات نہیں۔ ہم اکثر یہاں وہاں ملتے رہتے ہیں اور یہ ہم لوگوں کے لے عام سی بات ہے۔ اگر ہماری ملاقات لوگوں کو اچھی لگی ہے تو یہ بہت اچھی بات ہے۔‘
شاہد کپور اور کرینہ کپور 2000 کی دہائی میں افیئر میں بھی رہے اور دونوں نے ’فدا‘، ’چھپ چھپ کے‘ اور ’جب وی میٹ‘ جیسی کامیاب فلموں میں کام کیا۔
اس جوڑی کے درمیان ’جب وی میٹ‘ سے قبل بریک اپ ہوگیا تھا تاہم اس فلم کے ذریعے دونوں کی آن سکرین جوڑی ابھی تک شہرت حاصل کیے ہوئے ہے۔
جب وی میٹ فلم میں کرینہ کپور نے ’گیت‘ کے نام کا کردار ادا کیا تھا جسے انٹرنیٹ کے زمانے میں بھی خوب پذیرائی ملتی رہتی ہے۔
اس فلم کی میمز بے حد مقبول ہیں اور فینز اس فلم کے باعث شاہد اور کرینہ کو دوبارہ سکرین پر دیکھنا چاہتے ہیں۔
اس حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر صارفین کے تبصرے بھی دیکھنے میں آ رہے ہیں۔
لیٹیشیا اپنی پوسٹ میں لکھتی ہیں کہ ’اچانک سے کرینہ اور شاہد کی ملاقات ہمیں جب وی میٹ کی یونیورس میں لے گئی ہے۔‘

ایک اور ایکس صارف نے لکھا کہ ’کرینہ کپور اور شاہد کپور کی ٹائم لائن پر ویڈیو دیکھنے کے بعد میرا دل جب وی میٹ دیکھنے کا کر رہا ہے۔ مجھے اس سے کوئی غرض نہیں ہے کہ اس فلم کے وقت ان کی اصلی زندگی میں کیا چل رہا تھا مجھے سکرین پر ان کی کیمسٹری بہت پسند ہے۔‘

رِش نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’ایک جب وی میٹ سیکوئل تو بنتا ہے ویسے۔‘

 

شیئر: