Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسٹریلیا کے خلاف سینچری، کوہلی نے دو نئے اعزاز اپنے نام کر لیے

انڈیا کے کپتان نے 487 رنز پر اننگز ختم کرنے کا اعلان کیا (فوٹو: کرک انفو)
انڈیا کے سٹار بلے باز وراٹ کوہلی نے پرتھ میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میں ایک اور سینچری بنا کر مزید دو نئے اعزاز اپنے نام کر لیے ہیں۔
وہ نہ صرف آسٹریلیا کے سر ڈونلڈ بریڈمین سے آگے نکل گئے ہیں بلکہ 30 سینچریز کرنے والے انڈیا کے چوتھے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔
وراٹ کوہلی نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور ٹیسٹ میں اپنی پچھلی سینچری کے 500 روز بعد کرکٹ کا ایک اہم سنگ میل عبور کیا۔
انہوں نے 143 گیندوں پر سینچری بنائی اور اس کو چوکا لگا کر مکمل کیا اس کے بعد انڈیا نے 487 رنز پر اننگز ختم کرنے کا اعلان کیا۔ اس وقت تک اس کے چھ کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔
کے ایل راہل اور یشاسوی جیسوال کی جوڑی میں بننے والی شاندار رفتار کو وراٹ کوہلی نے انتہائی خوبصورت اور تیز انداز میں آگے بڑھایا۔
انہوں نے انڈیا کی دوسری اننگز کے دوران انتہائی شاندار شاٹس کھیلے اور اپنی مہارت کے بھرپور جوہر دکھائے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق یہ ٹیسٹ کرکٹ میں وراٹ کوہلی کی 30ویں سینچری تھی۔
انڈیا کی جانب سے اننگز ڈیکلیئر کیے جانے کے بعد آسٹریلیا کو جیت کے لیے 534 رنز کا ہدف ملا ہے۔
وراٹ کوہلی جنہوں نے اپنی پہلی ٹیسٹ سینچر 16 ماہ کے وقفے کے بعد بنائی تھی، نے طویل ترین فارمیٹ میں سب سے زیادہ سینچریز بنانے والوں کی فہرست میں آسٹریلیا کے مشہور بلے باز سر ڈونلڈ بریڈمین کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
آج کے میچ کے کھیل سے قبل ان کا سکور سر بریڈمین کے برابر تھا جو کہ 29 تھا۔
ٹیسٹ میں سب سے زیادہ سینچریز بنانے کی فہرست میں سچن ٹنڈولر 49 کے سکور کے ساتھ سب سے آگے ہیں، جو کہ 2013 میں کرکٹ سے ریٹائرڈ ہو گئے تھے۔
وراٹ کوہلی انڈیا کے وہ چوتھے کھلاڑی بن گئے ہیں، جو 30 یا اس سے زیادہ ٹیسٹ سینچریز بنانے کا اعزاز رکھتے ہیں۔
اس وقت سچن ٹنڈولکر کے علاوہ راہل ڈریوڈ 36 اور سنیل گواسکر 34 سینچریز کے ساتھ ان سے آگے ہیں۔

شیئر: