Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویراٹ کوہلی ’لِٹل ماسٹر‘ کا ایک اور ریکارڈ توڑنے کے قریب پہنچ گئے

سچن ٹنڈولکر اپنی سرزمین پر 20 سینچریز بنانے کا ریکارڈ رکھتے ہیں (فوٹو:اے ایف پی)
انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویراٹ کوہلی دنیا کے بہترین بلے باز سچن ٹنڈولکر کا ایک اور اہم ریکارڈ توڑنے کے قریب پہنچ گئے ہیں اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ ایسا سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں ہی کر سکتے ہیں۔
 انڈین این ڈی ٹی وی کے مطابق انڈیا اور سری لنکا کے درمیان تین ایک روزہ میچز کی سیریز انڈین شہر گوہاٹی میں آج منگل سے شروع ہو رہی ہے۔
بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے تقریباً تین سال بعد سینچری بنانے والے ویراٹ کوہلی اب اپنی نظریں انڈین بلے باز سچن ٹنڈولکر کے اہم ریکارڈ پر جمائے ہوئے ہیں۔
آج سری لنکا کے خلاف ایک روزہ میچ میں وہ سچن ٹنڈولکر، جن کو کرکٹ کی دنیا میں ’لِٹل ماسٹر‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، کا ریکارڈ برابر کر سکتے ہیں اور اگر اگلے دو میچوں میں سے کسی ایک میں سینچری کر لیتے ہیں تو یہ ریکارڈ ٹوٹ جائے گا۔
سچن ٹنڈولکر ایک روزہ میچوں میں اپنی سرزمین پر 20 سینچریز بنانے کا ریکارڈ رکھتے ہیں۔
سابق کپتان ویراٹ کوہلی اب تک 19 سینچریز بنا چکے ہیں اگر وہ سری لنکا کے خلاف پہلے میچ میں 100 یا اس سے زیادہ رنز بنا لیتے ہیں تو وہ سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ برابر کر دیں گے اور اگر اس کے بعد بھی سینچری بنا لیتے ہیں تو وہ یہ ریکارڈ توڑنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
سچن ٹنڈولکر نے 164 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 20 سینچریاں بنائی تھیں جبکہ ویراٹ کوہلی 101 ون ڈے میچوں میں 19 سینچریاں کر چکے ہیں اور اب تک 12 ہزار 471 رنز بنا چکے ہیں۔
ویراٹ کوہلی کو ایک روزہ کرکٹ میں ٹاپ فائیو بلے بازوں کی صف میں پہنچنے کے لیے مزید 180 رنز درکار ہیں۔

کوہلی اگر 100 رنز بنا  لیں تو سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ برابر کر دیں گے (فوٹو: اے ایف پی)

اس وقت اس فہرست میں ٹنڈولکر، رکی پونٹنگ، سنتھ جے سوریا اور ماہیلا جیاوردنے شامل ہیں۔
دلچسپ امر یہ بھی ہے کہ سچن ٹنڈولکر اور ویراٹ دونوں نے ہی سری لنکا کے خلاف آٹھ، آٹھ سینچریز بنا رکھی ہیں اور یہ ریکارڈ بھی کسی اور بلے باز کے پاس نہیں۔
سچن ٹنڈولکر نے سری لنکا کے خلاف تین ہزار 113 رنز بنا رکھے ہیں جبکہ کوہلی 1996 کا ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے خلاف اب تک دو ہزار 220 رنز بنا چکے ہیں۔
ویراٹ کوہلی سری لنکا کے خلاف 19 بار 50 سے زائد رنز بھی کر چکے ہیں۔
اگر ویراٹ کوہلی اس سیریز میں 100 رنز کر جاتے ہیں تو وہ ایک ٹیم کے خلاف سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ برابر کر دیں گے۔
اسی طرح ویراٹ کوہلی سچن ٹنڈولکر کا ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کے خلاف سینچریز کا ریکارڈ بھی برابر کر چکے ہیں۔ یہ دونوں بلے باز مذکورہ ٹیموں کے خلاف نو، نو سینچریز بنانے کا اعزاز رکھتے ہیں۔
ویراٹ کوہلی اس سے قبل سچن ٹنڈولکر کے تیز ترین 23 ہزار رنز اور ون ڈے میں 12 ہزار رنز کے ریکارڈ بھی توڑ چکے ہیں۔

شیئر: