لائیو: یہ کس طرح کا احتجاج تھا جس میں ہتھیار استعمال کیے گئے: آئی جی پولیس
بدھ 27 نومبر 2024 10:15
پیج ایڈیٹر: انعم قریشی
اہم نکات:
-
پولیس کے آپریشن میں ڈی چوک اور بلیو ایریا تحرک انصاف کے مظاہرین سے خالی کرا لیا گیا۔
-
اسلام آباد میں زندگی معمول پر آ رہی ہے۔ راستے اور موٹرویز کھول دیے گئے ہیں جبکہ انٹرنیٹ سروس بھی جزوی طور پر بحال ہو گئی ہے۔
-
وزیراعلٰی علی امین گنڈاپور اور عمران خان کی اہلیہ منگل کی رات کو ہی اسلام آباد سے مانسہرہ پہنچ گئے تھے جہاں وہ آج پریس کانفرنس کریں گے۔
آئی جی پولیس علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ ’یہ کس طرح کا احتجاج تھا جس میں ہتھیار استعمال کیے گئے۔ دہشت گرد احتجاج میں آتشی اسلحہ استعمال کر رہے تھے۔‘
چیف کمیشنز اسلام آباد محمد علی رندھاوا کے ہمرا پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئی جی پولیس علی ناصر رضوی نے کہا کہ ’احتجاج الگ چیز ہے دہشت گردی الگ چیز ہے۔ احتجاج اپنی بات بتانا، اپنی جائز بات کو پہنچانا ہے لیکن جب سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا جائے اور شہریوں کو محصور کر دیا جائے تو یہ احتجاج نہیں دہشت گردی ہے جو جُرم ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ یہ کیسا احتجاج ہے جس میں اے کے 47 اور ہر طرح کا اسلحہ استعمال کیا جاتا ہے۔ جس طرح سے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کیے گئے اگر یہ احتجاج ہے تو اس طرح کے احتجاج نہیں ہوں گے۔‘
آئی جی پولیس نے کہا کہ ’منظّم طریقے سے آنسو گیس کے شیل استعمال کیے گئے اور اس کے لیے ایک صوبے کے سرکاری وسائل کو استعمال کیا گیا۔‘
منگل دوپہر 2 بج کر 13 منٹ
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی، 3500 پوائنٹس کا اضافہ
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں بدھ کے روز تیزی کا رجحان ریکارڈ کیا گیا اور انڈیکس 3500 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 98 ہزار کی سطح عبور کر گیا ہے۔
اس وقت مارکیٹ 98 ہزار 140 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہی ہے۔
گزشتہ روز مارکیٹ میں تین ہزار سے زائد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔
منگل دوپہر 2 بج کر 7 منٹ
نو مئی کے مقدمات، عمران خان کی درخواستِ ضمانت پر فیصلہ محفوظ
سابق وزیراعظم عمران خان کی نو مئی کے آٹھ مقدمات میں درخواستِ ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا ہے۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ضمانتوں کی درخواست پر سماعت کی۔
دورانِ سماعت پراسیکیوشن نے سابق وزیراعظم عمران خان کی درخواستِ ضمانت کی مخالفت کی۔
منگل دوپہر 1 بج کر 55 منٹ
پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران ہلاکتیں، جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران ہلاکتوں پر جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کر دیا ہے۔
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے اپنی پریس ریلیز میں کہا ہے کہ ’میڈیا پر چلنے والی رپورٹس کے مطابق نہتّے مظاہرین پر براہِ راست گولیاں چلائی گئیں۔ یہ سب کچھ وزیر داخلہ کی ہدایت پر کیا گیا۔‘
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے استعفے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔
منگل دوپہر 1 بج کر 24 منٹ
عمران خان کی اہلیہ نے علی امین کو آگے کر دیا اور فرار ہو گئیں: عظمیٰ بخاری
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ ’نو مئی ہو یا 24 نومبر پی ٹی آئی کا احتجاج بُری طرح ناکام ہوا۔ علی امین گنڈاپور کی گاڑی کو کل کارکنوں نے آگ لگائی۔‘
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عمران خان کی اہلیہ نے علی امین گنڈاپور کو آگے کر دیا اور خود فرار ہو گئیں۔
’سیاسی خواتین مریم نواز، کلثوم نواز اور بے نظیر بھٹو کی طرح ہوتی ہیں جو فرار نہیں ہوتیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’تاریخ میں کوئی انقلاب اتنی جلدی نہیں بھاگا جتنا کل بھاگا۔‘
منگل دوپہر 1 بج کر 20 منٹ
سوشل میڈیا کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں: پولی کلینک انتظامیہ
اسلام آباد کے پولی کلینک ہسپتال نے کہا ہے کہ ’سوشل میڈیا کی ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں کہ گولیوں اور گریینڈ سے ہلاک ہونے والوں کی لاشیں ہسپتال لائی گئیں۔‘
ہسپتال انتظامیہ نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ ’لاشوں کے حوالے سے سوشل میڈیا کی خبروں کی تردید کرتے ہیں۔ میڈیا پر گردش کرنے والی ایسی غیر مصدقہ خبروں کو جعلی سمجھا جائے۔‘
منگل دوپہر 1 بج کر 15 منٹ
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی پریس کا وقت دو بار تبدیل
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی پریس کانفرنس کا وقت دوبارہ تبدیل ہو گیا ہے۔
پی ٹی آئی سیکرٹریٹ مانسہرہ میں ہونے والی پریس کانفرنس کا وقت گیارہ بجے تھا تاہم بعد میں 12 بجے کا وقت دیا گیا لیکن ابھی تک پریس کانفرنس شروع نہیں ہو سکی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پریس کانفرنس سے قبل اہم مشاورت جاری ہے۔
منگل دوپہر 12 بج کر 42 منٹ
آپریشن میں اسلحہ استعمال نہیں کیا گیا: دانیال چودھری
پارلیمانی سیکریٹری اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چودھری نے کہا ہے کہ ’گذشتہ رات جتنے آپریشن ہوئے ان میں اسلحہ استعمال نہیں کیا گیا۔ ‘
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر دانیال چودھری نے کہا کہ جتھے نے اسلام آباد پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی۔ احتجاج کے دوران 900 افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں سے 37 افغان شہری تھے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ مظاہرین نے 12 سے زائد پولیس کی گاڑیوں کو جلایا۔ بہت سے لوگوں کو جانیں لینے کے لیے لایا گیا تھا۔‘
منگل دوپہر 12 بج کر 30 منٹ
احتجاج کی وجہ سے بند راستے کُھلنا شروع
اسلام آباد میں تحریک انصاف کے احتجاج کی وجہ سے بند کیے گئے راستے کُھلنا شروع ہو گئے ہیں۔
26 نمبر چونگی سے دونوں اطراف کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے جبکہ روات ٹی کراس سے بھی دونوں اطراف کھول دی گئی ہیں۔
سری نگر ہائی وے اور ایکسپریس ہائی وے بھی دونوں اطراف ٹریفک کے لیے کُھل چکی ہیں۔
ایران ایونیو کو بھی دونوں اطراف ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے تاہم ای الیون فلائی اوور کے اوپر رُکاوٹیں ہٹانے کا کام جاری ہے۔
منگل صبح 11 بج کر 50 منٹ
بہت شکریہ پنجاب، پنجاب زندہ باد: مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے تحریک انصاف کو ’فتنہ اورانتشارپسند‘ قراردیتے ہوئے پنجاب کےعوام کا احتجاجی مارچ میں ان کا ساتھ نہ دینے پر شکریہ ادا کیا ہے۔
مریم نواز نے اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے احتجاجی مارچ کے اختتام پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ ’فتنہ اورانتشارپسندوں کا ساتھ نہ دینے پرپنجاب کےعوام کا شکریہ‘ ادا کرتی ہیں۔
انہون نے پنجاب بھرمیں تمام داخلی و خارجی راستوں کو کھولنے کا حکم دیتے ہوئے انتظامیہ کو اشیائے خورونوش کی فراہمی جاری رکھنے کے لیے اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت کی۔
منگل صبح 11 بج کر 40 منٹ
حکومت اور پی ٹی آئی بامقصد مذاکرات کریں: ہیومن رائٹس کمیشن پاکستان
ہیومن رائٹس کمیشن پاکستان نے ملکی سیاسی صورتحال پر کہا ہے کہ ’حکومت اور اپوزیشن خصوصا ًپی ٹی آئی ایوان میں فوری اور بامقصد مذاکرات کریں۔‘
ہیومن رائٹس کمیشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’وقت آگیا ملک کو جمود پر لانے کے بجائے آگے بڑھنے کے پرامن راستے پر اتفاق کریں۔ دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی فوری اور بامقصد مذاکرات میں شریک کیا جائے۔ یہ ڈائیلاگ تمام فریقوں کے لیے سیاسی خودشناسی کا موقع ہونا چاہیے۔‘
ایچ آر سی نے بیان میں کہا ہے کہ ’سیاسی کارکنوں کےجذبات کو ٹھیس پہنچانے سے بھی گریز کیا جائے، اس سارے عمل میں دوسروں کی نقل وحرکت کی آزادی کو پامال نہ کیا جائے۔‘
منگل صبح 11 بج کر 30 منٹ
پی ٹی آئی فوری سینیٹ اور قومی اسمبلی کا اجلاس بلائے: بیرسٹر سیف
خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ ’پی ٹی آئی کو فوری طور پر سینیٹ اور قومی اسمبلی کا اجلاس بلانا چاہیے۔ خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس بھی بلارہے ہیں۔‘
خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ ’ماڈل ٹاؤن کے بعد سانحہ ڈی چوک بھی جعلی حکومت کے ماتھے کا جھومر بن گیا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’جعلی حکومت ظلم کرکے ہارگئی جبکہ پی ٹی آئی ظلم برداشت کرکے جیت گئی۔‘
منگل صبح 11 بج کر 20 منٹ
احتجاج کے دوران ہلاکتیں، آئینی بینچ نے از خود نوٹس کی استدعا مسترد کر دی
سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران ہلاکتوں پر از خود نوٹس لینے سے انکار کر دیا ہے۔
ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا نے آئینی بینچ کے سامنے مؤقف اپنایا کہ ’گزشتہ روز دونوں اطراف سے ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ آئینی بینچ ان واقعات پر ازخود نوٹس لے۔‘ جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیے کہ ’سپریم کورٹ میں پیش ہو کر سیاسی باتیں نہ کریں۔‘
جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ ’جو معاملہ ہمارے سامنے سِرے سے ہے ہی نہیں، اسے نہیں دیکھ سکتے۔‘
جسٹس جمال خان مندوخیل کا کہنا تھا کہ ’یہ معاملہ ہمارے سامنے نہیں ہے، اس پر بات نہیں کرنا چاہتے۔‘
سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران ہلاکتوں کے معاملے پر از خود نوٹس لینے کی استدعا مسترد کر دی۔