امارات کے قومی دن کے موقع پر غیرملکیوں سمیت سیکڑوں قیدیوں کی رہائی کا حکم
قیدیوں کا انتخاب اچھے اخلاق اور برتاؤ کی بنیاد پر کیا گیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات کی قیادت نے امارات کے 53 ویں قومی دن (عید الاتحاد) کے موقع پر ساڑھے چار ہزار سے زیادہ قیدیوں کی رہائی کا اعلان کیا ہے۔
صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے امارات کے اصلاحی اداروں سے دوہزار 269 قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم دیا۔
اس اقدام کا مقصد رہائی پانے والے قیدیوں کو ایک نئی زندگی کا موقع فراہم کرنے ان کے خاندانوں میں خوشی لانا اور ان کے دکھوں کو کم کرنا ہے۔
امارات کے نائب صدر،دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے مختلف قومیتوں کے ایک ہزار 169 قیدیوں کو امارات کے اصلاحی اداروں سے رہا کرنے کا حکم دیا۔
سپریم کونسل کے رکن اور شارجہ کے حکمران شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی نے شارجہ کے اصلاحی اور تعزیری ادارے کے محکمے سے 683 قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔
ریاست عجمان کے حکمراں شیخ حمید بن راشد النعیمی نے بھی 304 قیدیوں کی رہائی کا حکم صادر کیا۔ معافی مطلوبہ شرائط پورا کرنے پر دی جائے گی۔
جبکہ فجیرہ کے حکمران شیخ حمد بن محمد الشرقی نے فجیرہ میں تعزیری اور اصلاحی اداروں سے 118 قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم دیا۔
مختلف قومیتوں کے قیدیوں کا انتخاب اچھے اخلاق اور برتاؤ کی بنیاد پر کیا گیا۔
یہ اعلان حکومت کی اس خواہش کا حصہ ہے کہ قیدیوں کو ایک نئی زندگی شروع کرنے اور ان کے اہل خانہ کے لیے خوشی لانے کا موقع فراہم کیا جائے۔