امارات کا قومی دن، نجی اور سرکاری ملازمین کو کتنے دن کی چھٹی ملے گی؟
متحدہ عرب امارات کا قومی دن ہر سال 2 دسمبر کو منایا جاتا ہے۔ (فائل فوٹو: عرب نیوز)
متحدہ عرب امارات میں 53 ویں قومی دن کے موقع پر سرکاری اور نجی سیکٹر کے ملازمین کےلیے دو دن کی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
امارات الیوم کے مطابق وزارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ’ 2 اور 3 دسمبر( پیر اور منگل) کو عام تعطیل ہوگی۔‘
یاد رہے امارات میں سنیچر اور اتوار کو ہفتہ وار چھٹی ہوتی ہے، قومی دن کی تعطیل مل کر نجی سیکٹر کے ملازمین کو چار چھٹیاں ملیں گی۔
سرکاری شعبے میں کام کرنے والے ملازمین اور کارکنوں کو بھی اسی طرح چار دن کی چھٹیاں ملیں گی۔
واضح رہے متحدہ عرب امارات کا قومی دن ہر سال 2 دسمبر کو منایا جاتا ہے۔
2 دسمبر 1971 کو متحدہ عرب امارات قائم ہوئی تھی جس میں تمام ریاستیں جن میں ابوظبی، دبئی، شارجہ، عجمان، ام القوین، راس الخیمہ اور فجیرہ متحد ہوئی تھیں جس کے بعد ان ریاستوں کو متحدہ عرب امارات کا نام دیا گیا۔