80 لاکھ ریال میں نیلام ہونے والی گاڑی کی نمبرپلیٹ کی خاصیت کیا ہے؟
جمعرات 28 نومبر 2024 22:45
ابشر پرنیلامی کا آغاز بدھ 27 نومبر کو ہوا جو جمعرات کی شام تک جاری رہی(فوٹو، ایکس )
ابشر پورٹل پر گاڑیوں کی نمبر پلیٹوں کی ہفتہ وار نیلامی میں ’ص ق ر 1‘ نمبرپلیٹ بولی 80 لاکھ ریال تک پہنچ گئی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق گاڑیوں کی منفرد نمبرپلیٹوں کے شوقین افراد کے لیے ابشر پورٹل پر بدھ 27 نومبر کی صبح شروع ہونے والی نیلامی جمعرات کی شام تک جاری رہی۔
نیلامی میں مذکورہ نمبرپلیٹ کی بولی اب تک سب سے زیادہ مہنگی تصور کی جارہی ہے۔
منفرد نمبر پلیٹ جس کا نمبر انگلش میں ’آرجی ایکس 1 ‘ جبکہ عربی حروف کے اعتبار سے’ صقر 1 ‘ ہے کو حاصل کرنے والے شائقین کی لمبی فہرست ہے۔
بولی کا وقت ختم ہونے تک اس نمبرپلیٹ کی قیمت 80 لاکھ ریال تک پہنچ چکی ہے۔
’صقر 1 ‘ نمبرپلیٹ کی بولی اس لیے بھی زیادہ ہوئی کہ عربی میں ’صقر‘ باز کو کہا جاتا ہے جبکہ اس پلیٹ کی دوسری خصوصیت ہندوسوں کی ہے جو ’ایک ‘ ہے اسی وجہ سے شائقین کی توجہ اس پلیٹ پر زیادہ ہے۔
واضح رہے ٹریفک پولیس کی جانب سے گاڑیوں کی منفرد نمبرپلیٹوں کی نیلامی کا اہتمام ابشر پورٹل پر کیا جاتا ہے جس کے ذریعے شائقین اپنی پسند کی نمبرپلیٹ حاصل کرنے کے لیے بولی لگاتے ہیں۔
ٹریفک پولیس کے ضوابط کے مطابق منفرد نمبرپلیٹیں حاصل کرنے والوں کو یہ اختیار ہوتا ہے کہ وہ گاڑی تبدیل کرنے کے بعد اپنی نمبر پلیٹ دوسری گاڑی پر رجسٹرکراسکتے ہیں۔