پہلا ٹی20: پاکستانی سپنرز کی عمدہ بولنگ، زمبابوے کو 57 رنز سے شکست
پہلا ٹی20: پاکستانی سپنرز کی عمدہ بولنگ، زمبابوے کو 57 رنز سے شکست
اتوار 1 دسمبر 2024 14:12
عثمان خان 30 گیندوں پر 39 رنز بنا کر ریان برل کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
تین ٹی20 میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 57 رنز سے شکست دے دی ہے۔
166 رنز کے تعاقب میں زمبابوے کی پوری ٹیم 16 ویں اوور میں 108 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ سکندر رضا 39 اور ٹاڈیواناشے مارومانی 33 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ گرین شرٹس کی جانب ابرار احمد اور سفیان مقیم نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین تین وکٹیں اپنے نام کیں۔ جبکہ حارث رؤف نے بھی عمدہ بولنگ کرتے ہوئے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان نے اتوار کو بلاوائیو میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، اور طیب طاہر اور عرفان خان کی ذمہ دارانہ بلے بازی کی بدولت 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔ دونوں بیٹرز بالترتیب 39 اور 27 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
زمبابوے کی اننگز
166 رنز کے تعاقب میں زمبابوے نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو تیسرے اوور میں ہی اسے پہلا جھٹکا لگا اور برائن بینٹ صرف چھ رنز بنا کر ابرار احمد کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ اسی اوور میں ابرار نے ڈوئن میئرز کے سٹمپز بھی اڑا دیں۔ وہ صرف چھ رنز بنا سکے۔
اوپر تلے دو وکٹیں گرنے کے بعد کپتان سکندر رضا میدان میں آئے اور ٹاڈیواناشے مارومانی کے ساتھ مل کر پاکستانی بولرز پر ہلہ بول دیا اور دباؤ کو کچھ کم کیا۔ دونوں کے درمیان 59 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی جس کے بعد مارومانی 20 گیندوں پر 33 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔
مارومانی کے آؤٹ ہونے کے بعد زمبابوے کا مومینٹم ٹوٹ گیا اور گرین شرٹس کو ان پر حاوی ہونے کا موقع مل گیا۔ زمبابوے کی آخری سات وکٹیں صرف 31 رنز کے اضافے کے ساتھ گر گئیں اور یوں پاکستان فتح یاب ہو گیا۔
نوجوان سپنرز سفیان مقیم، ابرار احمد اور حارث رؤف کے آگے زمبابوے کے بیٹرز بے بس نظر آئے اور ایک کے بعد ایک پویلین روانہ ہوتے گئے۔
پاکستان کی اننگز
پاکستانی اوپنرز میدان میں اترے تو ٹیم کو کوئی بڑا آغاز فراہم نہ کر سکے اور عمیر یوسف تیسرے ہی اوور میں 16 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
پہلی وکٹ گرنے کے بعد صائم ایوب اور عثمان خان بنے سکور کو تھوڑا آگے بڑھایا لیکن آٹھویں اوور میں صائم بھی پویلین روانہ ہو گئے۔ انہوں نے 18 گیندوں پر دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 24 رنز بنائے۔
عثمان خان جو کافی دیر سے وکٹ پر موجود تھے اور امید کی جا رہی تھی کہ وہ ٹیم کے سکور کو آگے بڑھائیں گے، ایک بار پھر ناکام رہے اور 30 گیندوں پر 39 رنز بنا کر ریان برل کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔
پاکستان کے چوتھے آؤٹ ہونے والی کھلاڑی سلمان علی آغا تھے جو ٹیسٹ میچز میں تو عمدہ کارکردگی دکھا چکے ہیں لیکن ابھی تک ٹی20 فارمیٹ میں کچھ خاص نہیں کر سکے۔ اور آج بھی انہوں نے مایوس کن کارکردگی دکھائی اور 19 گیندوں پر 13 رنز بنا کر سکند رضا کا شکار بنے۔
اس مرحلے پر جب 100 رنز پر پاکستان کے چار کھلاڑی آؤت ہو چکے تھے، طیب طاہر اور عرفان خان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کے لیے ایک قابل دفاع رنز بنائے۔ دونوں کے درمیان 65 رنز کی شراکت داری بنی۔
پاکستان کی کرکٹ ٹیم کی قیادت سلمان علی آغا کر رہے تھے جبکہ عمیر بن یوسف اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا۔