Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران کی صحت ٹھیک، احتجاج میں ہلاکتیں 12 ہوئیں: بیرسٹر گوہر کی وضاحت

بیرسٹر گوہر کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ دھرنا یا مظاہرہ اسلام آباد میں جہاں بھی ہوتا، گولی نہیں چلنی چاہیے تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ عمران خان کی صحت ٹھیک ہے اور پی ٹی آئی کے احتجاج میں سینکڑوں ہلاکتوں کی باتیں غلط ہیں۔
پیر کو ممبر قومی اسمبلی علی محمد خان اور سینیٹر بیرسٹر ظفر کے ساتھ عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے تحریک انصاف کو قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اجلاس بلانے کے لیے ریکوزیشن جمع کروانے کی ہدایت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’آج سب کو یہ کہتا ہوں کہ عمران خان کی صحت کے بارے میں اور یہ کہ وہ اڈیالہ جیل میں نہیں تھے، یہ سب خبریں غلط ہیں۔ ان کی صحت ٹھیک ہے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ’عمران خان نے کہا ہے کہ اسمبلیوں میں بھرپور احتجاج کریں اور آواز بلند کریں۔‘
چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنی جماعت کے احتجاج کے دوران ہلاکتوں کے متضاد دعوؤں کے حوالے سے کہا کہ ’ہم جمہوری پارٹی ہے، ہم غیرذمہ دارانہ بیان نہیں دیتے اور وہی اعداد و شمار دیے جس کی تفصیل ہمارے پاس ہے۔ 12 شہادتیں ہوئی ہیں۔ ہم نے آن ریکارڈ کہا ہے کہ جو لوگ بول رہے ہیں کہ سینکڑوں ہیں، ان کو ہم نے مسترد کیا ہے۔
بیرسٹر گوہر کے مطابق ان سے ملاقات میں سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دھرنا یا مظاہرہ اسلام آباد میں جہاں بھی ہوتا، گولی نہیں چلنی چاہیے تھی۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ’عمران خان نے کہا ہے کہ اسمبلیوں میں بھرپور احتجاج کریں اور آواز بلند کریں۔‘ (فائل فوٹو: روئٹرز)

خیال رہے کہ احتجاج کے بعد یہ بیرسٹر گوہر کی سابق وزیراعظم عمران خان سے پہلی ملاقات تھی۔
انہوں نے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ کہ اسٹیبلشمنٹ سے فی الحال مذاکرت کا کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
بیرسٹر گوہر کا پی ٹی آئی کے احتجاج کے حوالے سے کہنا تھا کہ ’ڈی چوک میں آنا کوئی مقصد نہیں تھا کہ ہر لیڈر اسی وقت چاہے سنگ جانی ہو، یا ڈی چوک ہو، ہر لیڈر ڈی چوک ہی پہنچیں۔ کسی بھی لیڈر کو یہ نہیں کہا گیا تھا کہ اسی احتجاج کے ساتھ اسی وقت پہنچیں۔‘

شیئر: