بلوچستان: 13 سالہ غریب چرواہے کا چوری شدہ ریوڑ واپس کیسے ملا؟
بدھ 4 دسمبر 2024 13:05
زین الدین احمد -اردو نیوز، کوئٹہ
13 سالہ چرواہے کے پاس پاس 50 سے زائد بھیڑ بکریاں تھیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
وہ اپنے روز کے معمول کے مطابق ریوڑ چرا رہا تھا۔ وہ انہیں پانی پلانے کے لیے قریبی ڈیم پر لے کر گیا مگر وہ یہ نہیں جانتا تھا کہ وہاں چور اُسی کا انتظار کر رہے ہیں۔ وہ وہاں پہنچا تو انہوں نے اسے باندھ دیا اور ریوڑ لے کر فرار ہو گئے۔
چوری کی یہ واردات بلوچستان کے شہر سبی کے نواحی علاقے خچک دامان میں پیش آئی۔ اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور شاہ کے مطابق ریوڑ میں 50 کے لگ بھگ بھیڑ بکریاں شامل تھیں۔
لیویز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کئی گھنٹوں کی تلاش اور سعی کے بعد پہاڑی علاقے سے ریوڑ برآمد کر لیا، تاہم ملزم فرار ہوگئے۔ لیویز نے مفرور ملزموں کی تلاش شروع کر دی۔
لیویز دفعہ دار امیر بخش نے واقعہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ’13 سالہ چرواہا سبی سے تقریباً 20 کلومیٹر دور خجک دامان کے علاقے میں ریوڑ چرا رہا تھا۔ ان کے پاس 50 سے زائد بھیڑ بکریاں تھیں جنہیں پانی پلانے کے لیے وہ ایک چھوٹے ڈیم کے پاس لے گیا جہاں ملزم پہلے سے گھات لگائے ہوئے تھے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’چار ملزموں نے چرواہے کو رسیوں سے باندھا۔ ان میں سے دو چرواہے کے پاس بیٹھے رہے، اور باقی دو پورا ریوڑ لے کر پہاڑوں کی طرف فرار ہو گئے۔ ملزموں نے بعد ازاں چرواہے کو چھوڑ دیا۔‘
لیویز دفعہ دار کے مطابق چرواہے نے ریوڑ کے مالک محمد اکرم کو اطلاع دی جنہوں نے اس بارے میں لیویز کو آگاہ کیا جس پر اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں لیویز کی ٹیم فوری طور پر ملزموں کے تعاقب میں روانہ ہو گئی۔
انہوں نے بتایا کہ ’کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد پہاڑوں میں لیویز کو ریوڑ نظر آیا تاہم ملزم لیویز کو دیکھتے ہی ریوڑ چھوڑ کر فرار ہو گئے۔‘
لیویز نے ریوڑ برآمد کر کے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔ لیویز اہلکار کے مطابق ریوڑ کی قیمت 20 لاکھ روپے سے زیادہ ہے۔