ریاض میٹرو کا ساتواں ٹریک کن دو علاقوں کو جوڑے گا؟
چینی سفیر کا کہنا ہے متعدد چینی کمپنیاں منصوبے میں دلچسپی رکھتی ہیں (فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی عرب میں متعین چینی سفیر چانگ ہو کا کہنا ہے’ ریاض میٹرو کے ساتویں منصوبے کی تعمیر کے حوالے سے متعدد چینی کمپنیاں دلچسپی رکھتی ہیں۔‘
الاقتصادیہ سے گفتگو کرتے ہوئے چینی سفیر نے مزید کہا ’سعودی عرب کے ساتھ تجارتی و معاشی تعاون ہمارے لیے اہم ہے۔ چین کی 400 کمپنیاں مملکت میں موجود ہیں۔‘
’ریاض ریلوے کے چھ سابقہ منصوبوں میں چینی کمپنیوں نے شرکت نہیں کی تاہم ساتویں منصوبے کا کنٹریکٹ حاصل کرنے کے لیے سنجیدگی سے کوشاں ہیں۔‘
ریاض میٹرو کا ساتواں منصوبہ القدیہ شہر کو الدرعیہ گیٹ سے جوڑے گا جس کی مسافت 65 کلو میٹر ہے۔ اس منصوبے سے دونوں شہروں کے مابین رابطہ آسان ہو جائے گا۔
چینی سفیر کا کہنا تھا’ چین ریلوے کے میدان میں کافی ترقی کرچکا ہے۔ ہمارے یہاں 350 کلو میٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ریلیں عام ہیں تاہم ہمارے ماہرین اس کی رفتار میں اضافہ کرکے 600 کلو میٹرفی گھنٹہ تک کرنے کےلیے کوشاں ہیں۔‘
انہوں نے کہا ’ ہماری خواہش ہے کہ اس قسم کی ریلوے سعودی عرب میں بھی دیکھیں۔‘