Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

علی امین گنڈاپور کے گارڈز نے پی ٹی آئی کارکنان پر فائرنگ کی، خواجہ آصف

یہ صفحہ اب مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا۔ 
اہم نکات:
  • قومی اسمبلی اجلاس: پی ٹی آئی کا 26 نومبر کے واقعات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ
  • پاکستان شام پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے: وزارت خارجہ
  • وفاقی کابینہ نے آٹھ آئی پی پیز کو بند کرنے کی  منظوری دے دی
  • سیاسی سرگرمیوں میں شرکت، جنرل فیض حمید کو چارج شیٹ کر دیا گیا
  •  ابھی تک پی ٹی آئی کے 200 سے زائد کارکن لاپتا ہیں، علیمہ خان
  • شام میں موجود 250 پاکستانی زائرین میں سے 79 بیروت پہنچ گئے
  • بیگج رولز میں ترامیم واپس لینے کی ہدایت، بیرون ملک سے ایک سے زائد فون لانے پر پابندی روک دی گئی
  • سول نافرمانی کی کال دینا پاکستان کے ساتھ دشمنی ہے: وزیراعظم
  • اسلام آباد میں ہلاک و زخمی ہونے والوں کو 15 دسمبر کو خراج عقیدت پیش کریں گے: اسد قیصر

وفاقی کابینہ نے آٹھ آئی پی پیز کو بند کرنے منظوری دے دی
وفاقی کابینہ نے وزارت توانائی، پاور ڈویژن کی سفارش پر بگاس سے چلنے والے آٹھ انڈیپینڈنٹ پاور پلانٹس (آئی پی پیز) کے ساتھ سیٹلمنٹ معاہدوں کی منظوری دے دی ہے۔
منگل کو کابینہ کے اجلاس میں ان معاہدوں کی منظوری کے بعد سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی ان پاور پلانٹس سے پیدا ہونے والی بجلی کے ٹیرف میں کمی کے حوالے سے نیپرا سے رابطہ کرے گی۔
’ان معاہدوں کے بعد عام صارفین کے لئے بجلی کی قیمت میں کمی ہو گی اور قومی خزانے کو 238 ارب روپے کا فائدہ ہو گا۔‘
 اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت عام آدمی کے لیے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارے ہر فیصلے اور اقدام میں قومی مفاد مقدم رہنا چاہیے۔‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ  ملک میں نجی شعبے اور صنعتوں کا فروغ حکومتی کی اولین ترجیح ہے۔
مذکورہ پاور پلانٹس میں جے ڈی ڈبلیو یونٹ I، یونٹ II، آر وائے ملز، چنیوٹ پاور، حمزہ شوگر، المعیز انڈسٹریز، تھل انڈسٹریز اور چنار انڈسٹری شامل ہیں۔

پاکستان شام پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے: وزارت خارجہ

پاکستان کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ’شام کے خلاف اسرائیلی جارحیت اور شامی سرزمین پر اس کے غیر قانونی قبضے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر یہ حملہ بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے۔‘
منگل کو دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ’اسرائیل کے اشتعال انگیز اقدامات پہلے سے ہی غیر مستحکم خطے میں ایک خطرناک پیش رفت ہے۔ اسرائیل نے بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی جاری رکھی ہوئی ہے۔‘
’پاکستان شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کا اظہار کرتا ہے اور اسرائیل کی جانب سے طاقت کے ذریعے علاقے کے حصول کو مسترد کرتا ہے۔‘

قومی اسمبلی اجلاس: پی ٹی آئی کا 26 نومبر کے واقعات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے 26 نومبر کو اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران والے واقعات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
منگل کو ہونے والے اجلاس میں عمر ایوب نے کہا کہ ’پر امن مظاہرین کے خلاف گولی کس کے حکم پر چلائی گئی؟ پاکستان تحریکِ انصاف کے 12 کارکنان ہلاک ہوئے۔ آنے والی نسلیں پوچھیں گی کہ گولی کیوں چلائی گئی؟‘
عمر ایوب نے دعویٰ کیا کہ 26  نومبر کو گولی چلانے کا حکم وزیراعظم نے دیا۔‘

بلوچستان: سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 15 شدت پسند ہلاک، ایک اہلکار جان سے گیا

سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا جس کے نتیجے میں 15 شدت پسند ہلاک ہو گئے۔
منگل کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ہلاک ہونے والے شدت پسندوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
’تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران سپہ سالار عارف الرحمان نے بہادری سے لڑتے ہوئے آخری قربانی دی۔‘
مزید کہا گیا کہ ’پاکستان کی سکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔‘

 ابھی تک پی ٹی آئی کے 200 سے زائد کارکن لاپتا ہیں، علیمہ خان

سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ ابھی تک تحریک انصاف کے 200 سے زائد کارکنان لاپتا ہیں اور شک ہے کہ وہ بھی ہلا ک ہو چکے ہیں۔
منگل کو اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے کہ وہ لاعلم ہیں کہ ڈی چوک میں کتنی ہلاکتیں ہوئیں اور کتنے لوگ زخمی ہوئے۔‘
انھیں نہیں پتہ کتنے لوگ لاپتا ہیں، ابھی تک 200 سے زائد کارکنان لاپتا ہیں۔ لاپتہ کارکنان کے حوالے سے شک ہے کہ وہ بھی ہلاک ہو چکے ہیں۔‘
ان کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ ’9 مئی کے بعد اب 26 نومبر کا مطالبہ بھی مطالبات میں شامل کر لیا ہے۔ سپریم کورٹ کے تین سینیئر ججز پر مشتمل جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے۔ دونوں سانحات کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے بغیر تحقیقات ممکن نہیں۔‘
بانی پی ٹی آئی نے اوورسیز پاکستانیوں سے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں رقوم بھیجنا بند کر دیں۔ اوورسیز پاکستانیوں نے ہمارے ساتھ مل کر پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے۔‘

شام میں موجود 250 پاکستانی زائرین میں سے 79 بیروت پہنچ گئے

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ شام میں موجود 250 پاکستانی زائرین میں سے 79 بیروت پہنچ چکے ہیں۔
منگل کو وفاقی کابینہ کو بریفننگ دی گئی کہ ’شام میں موجود 250 پاکستانی زائرین میں سے 79 بیروت پہنچ چکے ہیں جہاں سے ان کو پاکستان واپس لایا جائے گا۔‘
’علاوہ ازیں شام میں 20 کے قریب اساتذہ اور طالب علموں میں سے سات اساتذہ بھی بیروت پہنچ چکے ہیں۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ شام اور لبنان میں پاکستانی سفارت خانے کے حکام پاکستانیوں کی شام سے باحفاظت واپسی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔‘

کرم میں بڑی تعداد میں اسلحہ موجود ہے، کارروائی کیوں نہیں ہو رہی؟  رکن صوبائی اسمبلی

خیبرپختونخوا اسمبلی میں کرم سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے جے یوآئی کے رکن ریاض شاہین نے اسمبلی اجلاس میں کہا ہے کہ تحقیقات ہونی چاہییں کہ کرم میں اتنی بڑی مقدار میں اسلحہ موجود ہے، لیکن کارروائی کیوں نہیں ہورہی؟
انہوں نے کہا کہ ’میں آج بھی کہہ رہا ہوں کہ کرم میں مسلح تنظیمیں موجود ہیں۔ زنبیون اورفاطیمیون جیسی مسلح تنظیمیں آج بھی کرم میں سرگرم ہیں۔‘
پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ رکن اسمبلی علی ہادی نے کہا کہ ’کرم میں جو واقعہ ہوا میں وہاں موجود تھا۔ چار سال میں ہم نے مسلح تنظیموں کےخلاف جنگ کی، کرم میں کوئی زینبیون اور فاطمیون جیسی تنظیمیں نہیں ہیں۔‘

سیاسی سرگرمیوں میں شرکت، جنرل فیض حمید کو چارج شیٹ کر دیا گیا

کورٹ مارشل کی کارروائی کا سامنا کرنے والے پاکستان فوج کے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو باضابطہ طور پر چارج شیٹ کر دیا گیا ہے۔
منگل کو پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اپنے بیان میں کہا کہ’ 12 اگست 2024 کو پاکستان آرمی ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید (ر) کے خلاف فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کی کارروائی شروع کی گئی تھی۔ فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے اگلے مرحلے میں لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید(ر) کو باضابطہ طور پر چارج شیٹ کر دیا گیا ہے۔‘
بیان کے مطابق ’چارج شیٹ میں شامل الزامات میں سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونا، آفیشل سکریٹ ایکٹ  کی خلاف ورزیاں کرتے ہوئے ریاست کے تحفظ اور مفاد کو نقصان پہنچانا، اختیارات اور سرکاری وسائل کا غلط استعمال اور افراد کو ناجائز نقصان پہنچنانا شامل ہیں۔‘
’فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے عمل کے دوران ملک میں انتشار اور بے امنی سے متعلق  پرتشدد واقعات میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمیدکے ملوث ہونے سے متعلق  علیحدہ تفتیش بھی کی جا رہی ہے۔ تشدد اور بے امنی کے متعدد واقعات میں 9 مئی سے جڑے واقعات بھی شامل تفتیش ہیں۔‘

سول نافرمانی کی کال دینا پاکستان کے ساتھ دشمنی ہے: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سول نافرمانی کی کال دینا پاکستان کے ساتھ دشمنی کے مترادف ہے۔
منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’بدقسمتی سے ایک کال دینے کی کوشش کی گئی جسے سول نافرمانی کی تحریک کہا گیا۔ پاکستان کے ساتھ اس سے بڑی دشمنی کیا ہو سکتی ہے۔‘
اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’جنہوں نے اسلام آباد پر چڑھائی کی میں نے اس حوالے سے کہا ہے کہ انہیں کسی صورت بھی نہیں چھوڑا جائے گا اور اگر کوئی بے قصور ہے تو کچھ بھی نہیں کہا جائے گا۔ اسی پیمانے پر ہم آگے چلیں گے۔ معاشی استحکام کے لیے سیاسی استحکام بھی ضروری ہے۔‘
نومبر میں بیرون ملک سے ترسیلات میں اضافے کے بارے میں بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ’اس مہینے میں بیرون ملک سے ترسیلات بھی ریکارڈ زیادہ ہیں۔ یہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا ہم پر اعتماد ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ لبنان کے وزیراعظم سے شام میں پھنسے پاکستانی شہریوں کے انخلا پر بات کی۔ انخلا کے لیے وزارت خارجہ اور سفارتخانہ رابطے میں رہے۔ پاکستان شام کے معاملے پر غیرجانبدار رہا۔

اسلام آباد میں ہلاک و زخمی ہونے والوں کو 15 دسمبر کو خراج عقیدت پیش کریں گے: اسد قیصر

تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ہلاک و زخمی ہونے والوں کو 15 دسمبر کو پشاور، حیات آباد کے ناران باغ میں خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔
منگل کو پشاور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’سیاسی ورکروں پر دہشت گردی کے مقدمات درج کروائے جا رہے ہیں۔ کیا پی ٹی آئی جو جدوجہد کر رہی ہے وہ آئین و قانون کے مطابق نہیں ہے؟‘
’دہشت گردوں کے خلاف کارروائی  کرنے کے بجائے ان کی ساری توجہ تحریک انصاف پر دہشت گردی کے مقدمات درج کروانے پر ہے۔ تمام ادارے پی ٹی آئی کو نیچا دکھانے کی کوشش میں ہیں۔‘

بیگج رولز میں ترامیم واپس لینے کی ہدایت، بیرون ملک سے ایک سے زائد فون لانے پر پابندی روک دی گئی

بشیر چوہدری، اسلام آباد

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین نے اوورسیز پاکستانیوں پر ایک سے زائد موبائل فون لانے پر پابندی کی تجویز پر روک دی ہے اور ہدایات دی ہیں کہ اس حوالے سے مزید غوروخوض کے بعد ترمیم لائی جائے۔ 
منگل کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ چیئرمین نے کسٹمز بیگیج رولز 2006 میں مجوزہ ترامیم واپس لینے کی ہدایت کی ہے، اور فوری طور پر ایک سے زائد موبائل فون لانے پر پابندی کی تجویز پر عمل درآمد روک دیا ہے۔
موجودہ قوانین کے تحت بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو دو موبائل فون لانے کی اجازت برقرار رہے گی۔

مزید تفصیل کے لیے یہاں کلک کریں


آئینی بینچ: زیر حراست افراد کو عام جیلوں میں منتقل کرنے کی استدعا مسترد

سپریم کورٹ کی آئینی بینچ نے فوجی عدالتوں میں زیرِ حراست افراد کو عام جیلوں میں منتقل کرنے کی استدعا مسترد کر دی ہے۔
منگل کو جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سات رکنی آئینی بینچ نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف کیس کی سماعت کی۔
سپریم کورٹ نے زیرِحراست افراد کو عام جیلوں میں منتقل کرنے کی لطیف کھوسہ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’ملاقات کے حوالے سے اٹارنی جنرل یقین دہانی کرا چکے ہیں۔ 
دوران سماعت وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ ’جیلوں میں کم از کم ملاقات تو ہوسکتی ہے۔‘

ہم سب ملکی و قومی مفاد کے لیے مل بیٹھ سکتے ہیں: علی امین گنڈاپور

خیبر پختونخوا کے وزیراعلی علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ’سیاست سب کی اپنی اپنی لیکن یہ ملک ہم سب کا ہے، ملکی مفاد سب سے مقدم ہے۔‘
منگل کو ینگ پارلیمنٹیرینز فورم کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات چلتے رہیں گے، لیکن اس کے باوجود ہم سب ملکی و قومی مفاد کے لیے آپس میں بیٹھ سکتے ہیں۔‘
سیاسی جماعتوں میں اتنے اختلافات اور دوریاں پیدا کی گئیں کہ وہ آپس میں بیٹھنے کے لیے تیار نہیں۔ ہمیں قومی مسائل کے حل اور جمہوریت کی مضبوطی کے لیے بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے مستقبل کا لائحہ عمل طے کرنا ہوگا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ملک میں جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لیے خود سیاسی جماعتوں اور قائدین کو جمہوری بننا پڑے گا۔‘

پی آئی اے کا  تربت کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان

پی آئی اے نے تربت کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے اور یہ پروازیں 16 دسمبر  سے شیڈول میں شامل کر دی گئی ہیں۔
منگل کو پی آئی اے کارپوریٹ کمیونیکیشن ڈویژن کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ’پی آئی اے ہفتہ وار دو پروازیں  پیر اور بدھ کے دن آپریٹ کرے گی۔  پی ائی اے کے تربت اور گوادر آپریشن کو ازسر نو تقویت دی جارہی ہے۔‘
’پی آئی اے کی تربت کے لیے پروازوں کے آغاز سے ملکی معیشت کے لیے انتہائی اہم سی پیک کے منصوبوں کو تقویت ملے گی۔‘

تحریک انصاف صحافیوں کو آن لائن ہراساں کرنے کی ٹارگٹڈ مہم چلا رہی ہے: وزیر اطلاعات

وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی صحافیوں کو آن لائن ہراساں کرنے کی ٹارگٹڈ مہم چلا رہی ہے جس کی مذمت کرتے ہیں۔
منگل کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’مذموم مہم کا مقصد صحافیوں کو نقصان پہنچانا ہے۔ صحافیوں کے بچوں کی تفصیلات اور ان کے ایڈریس شیئر کر کے انہیں نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس پر کارروائی کی جائے گی۔‘
ان کہنا تھا کہ ’انتشاری ٹولے کا کہنا ہے کہ پاکستانی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے، یہ پاکستانی فوج کے خلاف بیرونی ایجنڈے کا پرچار کر رہے ہیں تاکہ اسے کمزور کیا جا سکے۔‘

خیبرپختونخوا کی قیادت عمران خان کے صرف ایک اشارے کی دوری پر ہے، بیرسٹر ڈاکٹر سیف

خیبر پختونخوا کے ترجمان بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے وزیر اطلاعات کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے وزرا اور پوری قیادت عمران خان کے صرف ایک اشارے کی دوری پر ہیں۔‘
وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا تھا کہ ’خیبر پختونخوا حکومت اور اس کے وزرا نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی سول نافرمانی کی کال پر عمل درآمد نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ خیبر پختونخوا حکومت کے وزرا کا سول نافرمانی کی کال کی مخالفت کرنا اچھی بات ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’عطا تارڑ چالاکیاں دیکھانے کی ناکام کوشش نہ کریں، عطا تارڑ الزامات لگانے کے بجائے یہ بتائیں کہ گولی کیوں چلائی؟ پوری قوم جعلی حکومت سے یہ سوال کر رہی ہے کہ گولی کیوں چلائی؟‘

حج کے لیے درخواست دینے کا آخری دن، 75 ہزار سے زائد موصول

پاکستان کی وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ آج حج 2025 کے لیے درخواست دینے کا آخری دن ہے اور اب تک 75 ہزار تین سو 37 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔
منگل کو وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں ترجمان کا کہنا تھا کہ نامزد بینکوں کی شاخیں آج بھی درخواستوں کی وصولی جاری رکھیں گی۔
ترجمان کے مطابق ’دو لاکھ روپے کی پہلی قسط کے ساتھ نزدیکی بینک میں درخواست جمع کرائی جا سکتی ہے۔‘
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سمندر پار پاکستانی سپانسرشپ سکیم میں بغیر قرعہ اندازی کے شامل ہو سکتے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ نئے درخواست گزار ان عزیز و اقارب کے گروپ میں بھی شامل ہو سکتے ہیں جن کی درخواستیں پہلے ہی منظور ہو چکی ہیں۔
پچھلے ہفتے حکومت کی جانب سے حج درخواستوں کی وصولی کے لیے مقرر کی گئی آخری تاریخ کو تین دسمبر سے بڑھا کر 10 دسمبر کر دیا گیا تھا۔

مزید تفصیل کے لیے یہاں کلک کریں


 

شیئر: