Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج کے لیے درخواست دینے کا آخری دن، 75 ہزار سے زائد موصول

پاکستان میں پہلی بار حج کے خواہش مندوں کو رقم قسطوں میں ادا کرنے کی سہولت دی گئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ آج حج 2025 کے لیے درخواست دینے کا آخری دن ہے اور اب تک 75 ہزار تین سو 37 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔
منگل کو وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں ترجمان کا کہنا تھا کہ نامزد بینکوں کی شاخیں آج بھی درخواستوں کی وصولی جاری رکھیں گی۔
ترجمان کے مطابق ’دو لاکھ روپے کی پہلی قسط کے ساتھ نزدیکی بینک میں درخواست جمع کرائی جا سکتی ہے۔‘
 بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سمندر پار پاکستانی سپانسرشپ سکیم میں بغیر قرعہ اندازی کے شامل ہو سکتے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ نئے درخواست گزار ان عزیز و اقارب کے گروپ میں بھی شامل ہو سکتے ہیں جن کی درخواستیں پہلے ہی منظور ہو چکی ہیں۔
پچھلے ہفتے حکومت کی جانب سے حج درخواستوں کی وصولی کے لیے مقرر کی گئی آخری تاریخ کو تین دسمبر سے بڑھا کر 10 دسمبر کر دیا گیا تھا۔
اس بار سعودی عرب کی حکومت نے پاکستان کے لیے ایک لاکھ 79 ہزار دو سو 10 کا کوٹہ مختص کیا ہے، جس کو سرکاری و نجی سطح پر سکیموں کے لیے برابر تقسیم کیا گیا ہے۔

وزارت مذہبی امور نے نومبر میں حج پالیسی کا اعلان کیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)

حکومتی پروگرام کے تحت حج کرنے والوں کے لیے اب بھی 15 ہزار نشستیں دستیاب ہیں۔ پچھلے برس درخواستوں کی کمی کے باعث پاکستان نے 21 ہزار نشستیں سعودی عرب کے حوالے کی تھیں، تاہم اس برس حکومت کو امید ہے کہ تمام نشستیں پُر ہو جائیں گی۔
حج کے لیے درخواستیں دینے کا سلسلہ 18 نومبر کو شروع کیا گیا تھا اور 15 نامزد بینک درخواستیں وصول کر رہے ہیں۔
وزارت مذہبی امور نے پچھلے مہینے حج پالیسی کا اعلان کیا تھا، جس میں پہلی بار زائرین کو قسطوں میں ادائیگی کی سہولت دی گئی تھی۔
پالیسی کے تحت عازمین حج سے تقریباً 11 لاکھ روپے تین اقساط میں وصول کیے جا رہے ہیں۔ حج کے خواہش مند افراد 2 لاکھ روپے دے کر درخواست دے سکتے ہیں اور قرعہ اندازی میں نام آنے پر مزید چار لاکھ روپے جمع کروانا ہوں گے۔ باقی رقم حج پر روانگی سے قبل جمع کروانا لازم ہو گا۔

شیئر: