سیاحت کا فروغ، سعودی عرب نے جدہ میں پہلے کروز شپ کا آغاز کر دیا
یہ مملکت میں سمندری سیاحت کو فروغ دینے کی جانب ایک قدم ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی پبلک انویسمنٹ فنڈ سے قائم ہونے والی پہلی سعودی کروز کمپنی نے مملکت کی کروز انڈسٹری کو فروغ دینے کےلیے جدہ اسلامی پورٹ پر پہلے کروز شپ ’اوریا‘ کا آغاز کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق کروز کا آغاز مملکت میں سمندری سیاحت کو فروغ دینے کی جانب ایک قدم ہے۔
سعودی کمپنی کا پہلا کروز 335 میٹر لمبا ہے، 19 مختلف ڈیک، ایک ہزار 678 کیبن اور سوئٹس ہیں، تین ہزار 362 مسافروں کی گنجائش ہے۔ کروز میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے۔
12 ریستوران اور 17 کیفے ہیں جو ایک متنوع پکوان کا تجربہ پیش کرتے ہیں جس میں سعودی ذائقوں کو نمایاں کرتے ہوئے پانچ پراعظموں کے پکوان پیش کیے جاتے ہیں۔
کروز شپ ’اوریا‘ مختلف تفریجی سہولتوں سے آراستہ ہے جس میں ایک شاپنگ ایریا، ایک ہزار سے زیادہ نشستوں کا تھیٹر، کڈز پلے ایریا اور نماز کا ایریا شامل ہے۔
صحت اور تفریحی مقامات پر خواتین کے مخصوص اوقات کے ساتھ سپورٹس کی وسیع سہولتیں جیسے واکنگ ٹریک، فٹبال اور باسکٹ بال کورٹس شامل موجود ہیں۔
کروز کے کیبن اورلگژری سویٹس کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا تاکہ مختلف گروپس یہاں فراہم کی جانے والی تفریح سے لطف اندوز ہوسکیں اور اپنا وقت اچھی طرح گزارسکیں۔