فیفا ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی: مملکت کے مختلف شہروں میں جشن اور آتش بازی
فیفا ورلڈ کپ 2034 کا میزبان منتخب ہونے پر مملکت کے مختلف حصوں میں جشن منایا جا رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق فٹ بال کے موضوع پر ہونے والی تقریبات، جو 14 دسمبر تک جاری رہیں گی، شہریوں سے کہا گیا ہے کہ ’قومی فخر کا مظاہرہ فٹ بال کی جرسی پہن کر کریں اور اپنی سرگرمیوں اور لمحات کو سوشل میڈیا پر شیئر کریں اور اس کے ساتھ ہیش ٹیگ سعودی 2034 کا استعمال کریں۔‘
اعلان کے بعد بدھ کو رات آٹھ بجکر 34 منٹ پر ریاض، جدہ، الخبر، ابھا، القاسم اور جبیل میں آتش بازی کی گئی۔
جشن منانے کے لیے 12 دسمبر کو ریاض میں ایک ایئر شو بھی منعقد کیا جائے گا۔
ریاض کی میونسپلٹی نے شارع التحلیہ شارع التخصیصی اور پرنس ترکی بن عبدالعزیز روڈ پر فٹ بال کے شائقین کو سکارف دیے، اور مختلف پارکوں میں تقریبات کا اہتمام کیا۔
پارکوں اور عمارتوں کو سعودی پرچموں سے مزین کیا گیا تھا، جبکہ کئی شہروں اور علاقوں میں عوامی مقامات کو اس موقع پر سبز روشنی سے سجایا گیا۔
عوامی اجتماعات کا سلسلہ 14 دسمبر تک شام سوا پانچ سے 11 بجے تک جاری رہے گا۔ ریاض میں بلیوارڈ سٹی، لیسن ویلی، روشن فرنٹ اور جدہ میں بوجیری ٹیرس، کورنش سرکٹ، روشن واٹر فرنٹ، کورنش ابحر، پرنس ماجد پارک، کنگ عبدالعزیز کلچرل سینٹر اور میونسپلٹی بلڈنگ میں تقریبات ہوں گی۔
الخبر کے کورنیش، ہاف مون بیچ، ثروہ کورنیش اور کنگ عبداللہ پارک میں تقریبات ہوں گی۔ باحہ میں بیچ ڈسٹرکٹ پلازہ، الباحہ مال، الحویہ واک، بلیوارڈ، اور ونٹر فیسٹیول میں، بریدہ میں بخاری سٹریٹ اور ابھا میں البحر سکوائر، آرٹ سٹریٹ، ورانڈا، آریش، ہائی سٹی، اور مڈ میک میں تقریبات کا انعقاد ہوگا۔
حائل 13 دسمبر کو سوا پانچ بجے سے 10 بجے تک تقریبات کی میزبانی کرے گا۔
اس قسم کی سرگرمیاں فٹ بال کے شائقین کو ایک ساتھ کرنے اور خوشی کے ماحول میں شریک ہونے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔