Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیفا ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی سعودی عرب کو مل گئی

فیفا ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی سعودی عرب کو مل گئی۔ بدھ 11 دسمبر 2024 کو فیفا کے صدر نے اس کا باضابطہ اعلان کیا۔
یہ بھی اعلان کیا گیا کہ ورلڈ کپ 2030 کی میزبانی سپین، پرتگال اور مراکش مشترکہ طور پر کریں گے جس میں ارجنٹائن، پیراگوئے اور یوراگوئے کو بھی میچز ملیں گے۔ سعودی عرب ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کا واحد امیدوار تھا۔
انٹرنیشنل فیڈریشن آف ایسوسی ایشن فٹبال ( فیفا) کے زیورخ میں ہونے والے اجلاس میں ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے سعودی عرب کے نام کی تصدیق کی گئی۔
فیفا کے صدر نے میزبان ملک کا اعلان کرتے ہوئے کہا’ ریاض میں موجود ہمارے دوستوں کو مبارک ہو۔’
ریاض میں درعیہ اور بلیوارڈ سٹی میں ورلڈ کپ کی میزبانی کا اعلان سننے کے لیے بڑی سکرینیں نصب کی گئی تھیں جہاں ہزاروں افراد اس تاریخی لمحے کے منتظر رہے اور جشن منایا۔
سعودی عرب میزبانی کے اعلان کے تاریخی لمحے کا منتظر تھا اور دنیا کے سب سے بڑے فٹبال ایونٹ کی میزبانی کرنے کے لیے تیار ہے۔
فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے کہا کہ ’دنیا تنازعات اور جنگوں سے گزر رہی ہے اور صرف فٹبال ہی لوگوں کو اکٹھا کرسکتا ہے۔‘
انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ’ورلڈ کپ 2034 شاندار ہو گا اور تمام فیڈریشنز کے اتفاق رائے پر انہیں خوشی ہے۔ فٹبال ورلڈ کپ سپورٹس کا سب سے بڑا ایونٹ اور تمام لوگوں کے لیے بڑے جشن کا موقع ہے۔‘
’آج ہم فٹبال میں ایک نئے دور کا مشاہدہ کر رہے ہیں اور ورلڈ کپ تمام لوگوں کے اکٹھا ہونے کی جگہ ہے۔‘
فیفا کے صدر نے ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کے سرکاری اعلان سے قبل رکن فیڈریشنوں کو سعودی عرب کی فائل پیش کی۔
فیفا نے تصدیق کی کہ 2034 کی میزبانی کے لیے سکروٹنی کا عمل مکمل شفافیت، دیانت داری اور ضوابط کے مطابق مکمل کیا گیا۔
سعودی وزیر سپورٹس شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی اور سعودی فٹ بال فیڈریشن کے صدر یاسر المسحل کو فیفا کی جانب سے ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کا سرٹیفکیٹ پیش کیا گیا۔
ورلڈ کپ 2034 فٹبال کی تاریخ کا سب سے بڑا ایونٹ ہوگا جس میں 48 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ سعودی عرب کے پانچ شہریوں ریاض، جدہ، الخبر، نیوم اور ابہا میں ایونٹ کے میچوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

شیئر: