Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جازان ریجن میں ٹریفک حادثہ، گاڑی میں آگ لگ گئی، والدین اور پانچ بچے ہلاک

مشرقی ریجن جاتے ہوئے گاڑی دوسری کار سے ٹکرا کر الٹ گئی (فوٹو: عکاظ)
سعودی عرب کے جازان ریجن میں المناک ٹریفک حادثے میں ایک خاندان کے سات افراد والدین اور پانچ بچے ہلاک ہوگئے۔ حادثہ خریص شاہراہ پر پیش آیا۔
العربیہ کے مطابق مرنے والے خاندان کے سربراہ کے بھائی احمد حدادی نے بتایا’ ان کے بھائی اپنے پانچوں بچوں اور اہلیہ کے ساتھ مشرقی ریجن جا رہے تھے کہ ان کی گاڑی دوسری کار سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی اور اس میں فوری طور پر آگ لگ گئی۔‘
حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں خاندان کا سربراہ علی بن محمد الحدادی، اہلیہ عیش بنت احمد الحدادی، بیٹے محمد اور حسام اور تین بیٹیاں شامل تھیں جو موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

مرنے والوں کو الاحسا کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا (فوٹو: عکاظ)

احمد حدادی کا کہنا تھا’ سفر پر جانے سے قبل بھائی سے ٹیلی فون پر رابطہ ہوا تھا۔ اس وقت ایسی باتیں ان کے منہ سے نکلیں جن کا اندازہ اب ہوا۔‘
’بھائی نے سفر پر جانے سے قبل خاندان کے تمام افراد سے بات کی۔ سب کی خیریت دریافت کی اور دعا کرنے کی درخواست کی۔ ایسا لگتا ہے کہ انہیں اپنے وقت کا اندازہ ہوچلا تھا۔‘
مرنے والوں کی نماز جنازہ سنیچر کو ادا کرکے الاحسا کے قبرستان ’الراشدیہ ‘ میں سپرد خاک کردیا گیا۔
المناک حادثے پر سوشل میڈیا پر لوگوں نے شدید دکھ کا اظہارکیا ہے۔

شیئر: