Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: ’پی ٹی آئی نے سول نافرمانی کی بندوق تان رکھی ہے، گن پوائنٹ پر مذاکرات نہیں ہو سکتے‘

اہم نکات
  • مولانا فضل الرحمان کا مدارس بل کے معاملے پر ردعمل
  • مریم نواز کی چینی ورکرز کو بہتر سکیورٹی کی یقین دہانی
  • عمران خان سے ملاقات نہیں کرنے دی گئی: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
  • حج درخواستوں کی وصولی کا آخری دن آج
 
پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ’پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سول نافرمانی کی بندوق تان رکھی ہے۔ سول نافرمانی کی کال دیتے ہیں اور مذاکرات کا بھی کہتے ہیں۔‘
خواجہ آصف نے منگل کو قومی اسمبلی میں اپنے خطاب میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’معاملات بات چیت سے حل ہوتے ہیں دھمکیوں سے نہیں۔
اس سے قبل پی ٹی آئی کے رہنما شیر افضل مروت نے اپنے خطاب میں مذاکرات کے ٹی او آرز طے ہونے اور ارکان اسمبلی کی کمیٹی بنانے کی بات کی جس کے جواب میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ’پہلی بار اپوزیشن بینچز کی جانب سے خوشگوار ٹھنڈی ہوا کا جھونکا آیا۔‘
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ’ہماری اپنی جنگ کے اندر نقصان قوم کا ہو رہا ہے۔ پاڑا چنار کے حالات صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’بہت سی تلخیوں کا بوجھ اٹھائے ہوئے ہیں۔ یہ لوگ رینجرز اور پولیس والوں کو مارنے کی بھی مذمت کریں۔ گن پوائنٹ پر مذاکرات تو نہیں ہو سکتے۔‘

مدارس بِل میں ترمیم کرنا غیرآئینی اقدام ہو گا، مولانا فضل الرحمان

 
جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ مدارس بل سے متعلق حکومت مطمئن ہوئی تو قانون سازی کی گئی۔‘
مولانا  فضل الرحمان نے منگل کو قومی اسمبلی میں اپنے خطاب میں کہا کہ ’مدارس بل سے متعلق معاہدہ حکومت کی جانب سے توڑا گیا۔ اب مدارس رجسٹریشن بل کو ایوان میں لا کر اس میں ترمیم کرنا غیرآئینی ہو گا۔‘
تین چیزیں معاہدے میں شامل تھیں، پہلی یہ کہ جو مدارس رجسٹرڈ ہو چکے، ان کی رجسٹریشن برقرار رکھی جائے گی۔ دوسرا یہ کہ مدارس کے بینک اکاؤنٹس کھولے جائیں گے اور غیرملکی طلبہ کو نو سال کے لیے ویزہ دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ’وزیر قانون نے مسودہ تیار کیا اور پھر ایوان میں پیش کیا گیا۔ اتفاق کے باوجود قانون سازی کے وقت اس بل میں تبدیلیاں کی گئیں۔ وزرات تعلیم میں مدارس کی رجسٹریشن معاہدہ تھا، وہ ایکٹ نہیں تھا۔‘
’اب سوال یہ ہے کہ مدارس رجسٹریشن سے متعلق ایکٹ بن چکا ہے، اس پر دستخط کیوں نہیں کیے گئے۔ ایوان صدر سے ہماری یہ شکایت ہے کہ آپ کا دوسرا اعتراض آئینی اعتبار سے درست نہیں ہے۔ اب تاویلیں نہیں چلیں گی۔ جب یہ بل ایکٹ بن چکا تو اس کا گزٹ نوٹیفیکیشن کیوں نہیں کیا جا رہا؟‘
انہوں نے کہا کہ ’خلائی مدارس کے لیے ہمارے حقیقی مدارس کے نظام کو برباد نہ کیا جائے۔ اب مدارس بل میں ترمیم کرنا غی آئینی ہو گا، ہماری بات نہ مانی گئی تو فیصلہ ایوان کے بجائے میدان میں ہو گا۔‘
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ’حکومت اس معاملے میں مولانا فضل الرحمان کے ساتھ بات چیت کرنا چاہتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ مولانا کے ساتھ بیٹھیں۔‘

چین میں وزیراعلیٰ مریم  نواز کو ہیڈ آف سٹیٹ کا اعزاز دیا گیا: عظمیٰ بخاری

 
پاکستان کے صوبہ پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے دورۂ چین کے دوران سرمایہ کاری سے متعلق دو کانفرنسز میں شرکت کی جن میں 60 سے زائد کمپنیاں شریک ہوئیں۔
عظمیٰ بخاری نے منگل کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’مریم نواز پہلی وزیراعلیٰ ہیں جنہیں چین کے دورے کی دعوت ملی۔ انہیں چین میں ہیڈ آف سٹیٹ کا اعزاز دیا گیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’چین کے سکیورٹی سے متعلق تحفظات ہوتے ہیں تو مریم نواز نے یقین دہانی کروائی پنجاب میں سکیورٹی کو انتہائی مضبوط کریں گے۔‘
’مریم نواز نے جن چینی کمپنیوں سے بات کی ہے وہ پاکستان میں آ کر کام شروع کریں گی جس سے پھلتا پھولتا پنجاب بن جائے گا۔‘
مریم نواز نے لاہور کو سیف سٹی نہیں بلکہ جدید ترین سمارٹ سٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب میں چارجنگ سٹیشنز لگائے جائیں گے۔ گرین بسوں اور الیکٹرک موٹر سائیکل کو چارجنگ سٹیشنز سے فائدہ ہو گا۔‘

مجھے کل عمران خان سے ملاقات سے روکا گیا : وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے مجھے کل اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے لیے نہیں جانے دیا گیا۔
علی امین گنڈاپور نے منگل کو پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’مجھے کہا گیا کہ سکیورٹی کلیئرنس نہیں ہے۔ میں پورے صوبے کا نمائندہ ہوں۔ مجھے کسی کلیئرینس کی ضرورت نہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ سول نافرمانی تحریک سے متعلق عمران خان کے حکم کا انتظار ہے۔‘

آج حج درخواستوں کی وصولی کا آخری دن ہے: وزارت مذہبی امور

پاکستان کی وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ آج حج درخواستوں کے وصول کرنے کا آخری دن ہے۔
پیر کو وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ منگل 17 دسمبر کو بینکوں میں  حج درخواستوں کی وصولی کا آخری دن ہو گا۔
بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ 17 دسمبر تک موصول تمام درخواستیں ’پہلے آئیے پہلے پائیے‘ کے اصول پر کامیاب تصور کی جائیں گی۔
 وزارت نے حج واجبات کی دوسری قسط 19 تا 27 دسمبر نامزد بینکوں میں جمع کروانے کا عندیہ بھی دیا تھا۔
وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کو ہدایت کی کہ نئے اعلانات کے لیے موبائل ایپ ’پاک حج‘ اپنے سمارٹ فون پر لازمی ڈاؤن لوڈ کر لیں تاکہ انہیں فوری رہنمائی اور آگاہی میسر آ سکے۔

کرم میں خراب حالات کے باعث پولیو مہم ملتوی

پاکستان کی صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع کرم کی تین تحصیلوں میں پولیو مہم ملتوی کر دی گئی ہے۔
کرم کے ڈسٹرکٹ ہلیتھ آفیسر ڈاکٹر قیصر بنگش نے منگل کو بتایا کہ ’خراب حالات کے باعث پولیو مہم کو ملتوی کر دیا گیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جب تک حالات نارمل نہیں ہوتے تب تک مہم ممکن نہیں۔ پاڑا چنار ٹل مین شاہراہ کھولنے اور حالات دوبارہ نارمل ہونے پر مہم کا آغاز ہو جائے گا۔‘
واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران کرم میں ہونے والے قبائلی جھگڑوں میں سینکڑوں افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

شیئر: