Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طالب علم پڑھتا ہوا اچھا لگتا ہے ڈی چوک میں بیٹھا نہیں، مریم نواز

یہ پیج اب مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا۔
اہم نکات
پی ٹی آئی احتجاج کے دوران کاروبار بند کرنے کے خلاف تاجروں کی درخواست پر ہائی کورٹ کی سماعت 
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی سعودی عرب کا دو روزہ دورہ مکمل کر کے پاکستان واپسی
پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کے بعد شبلی فراز جوڈیشل کمیشن کی رکنیت سے مستعفی
وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی اسلام آباد میں سفیروں سے خطاب میں پی ٹی آئی کے احتجاج پر تفصیلی گفتگو 
درہ خنجراب کو پاکستان، چین اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے درمیان تجارت کے لیے سال بھر فعال رکھنے کا فیصلہ

طالب علم پڑھتا ہوا اچھا لگتا ہے ڈی چوک میں بیٹھا ہوا نہیں، مریم نواز

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ طالب علم پڑھتا ہوا اچھا لگتا ہے ڈی چوک میں بیٹھا ہوا نہیں اچھا لگتا۔
لاہور میں ہونہار سکالر شپ پروگرام کی تقریب سے خطاب میں مریم نواز نے پی ٹی آئی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ طلبا کے ہاتھوں میں پتھر، کیلوں والے ڈنڈے اور شیل نہیں دیکھنا چاہتیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر جلاؤ گھیراؤ میں رہنماؤں کے اپنے بچے شامل نہیں ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ ایسا کرنا محفوظ نہیں ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ اگر جلاؤ گھیراؤ مثبت عمل ہے توسب سے آگے اپنے بچوں کو رکھنا چاہیے۔

پاکستان سعودی تعلقات نے ایک نیا موڑ لیا ہے، وزیر اطلاعات

 وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات تاریخی تھی اور پاکستان سعودی تعلقات نے ایک نیا موڑ لیا ہے۔ 
لائیو ویڈیو پیغام میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم کا چھ ماہ میں سعودی عرب کا یہ پانچواں دورہ تھا اور آنے والے دنوں میں مزید سعودی وفود پاکستان آئیں گے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ سعودی ولی عہد بہت گرم جوشی کا مظاہرہ کرتے ہیں اور پاکستان اور پاکستان کی قیادت کے لیے بہت اچھے تاثرات رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عر ب پاکستان میں جو اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے جا رہا ہے، ان میں سے کچھ پر آن گراؤنڈ کام شروع ہو گیا ہے اور آرامکو نے بھی اپنے فیول سٹیشن پاکستان میں کھول دیے ہیں جبکہ البیک کے حوالے سے بات جاری ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان 28 ایم اور یوز پر دستخط ہوئے تھے جن میں سے 8 منصوبوں پر کام شروع ہو گیا ہے۔

لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں پانچ خوارج ہلاک، آئی ایس پی آر

 صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا ہے جس میں پانج خوارج ہلاک اور دو زخمی ہوئے ہیں۔
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں مزید خوارج کی ممکنہ موجودگی کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

ضلع کرم کے معاملے پر ہنگو، کوہاٹ اور اورکزئی میں جلسے جلوس نہیں ہوں گے، کمشنر کوہاٹ

کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم شاہ نے ہنگو میں گرینڈ جرگے کے ممبران اور امن کمیٹی کے اراکین کے ساتھ تفصیلی ملاقات اور مشاورت کی جس میں ٹل-کوہاٹ روڈ پر آئندہ کسی بھی قسم کے احتجاج کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
پبلک ریلیشنز کوہاٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مشترکہ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ ضلع کرّم کے مسئلے پر ہنگو، کوہاٹ اور اورکزئی میں کسی قسم کے جلسے یا جلوس نہیں ہوں گے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق گرینڈ جرگہ ضلع کرّم کے دونوں فریقوں سے رابطے میں ہے اور جنگ بندی کی خلاف ورزی نہیں کی جائے گی۔  
ضلع کرّم کے دونوں فریق اور گرینڈ جرگہ عنقریب کوہاٹ میں جنگ بندی کا معاہدہ کریں گے۔
علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ضروری ادویات کی دو کنسائنمنٹ آج ضلع کرم پہنچائی گئی ہیں۔
ان ادویات میں 63 لاکھ روپے مالیت کے جان بچانے والی اور دیگر ضروری دوائیاں شامل ہیں۔ 

حکومت اور پی ٹی آئی کی لڑائی میں عام شہریوں کا کیا قصور تھا، اسلام آباد ہائی کورٹ

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا ہے کہ 24 نومبر کو امن و امان بحال کرنے کی ذمہ داری حکومت اور انتظامیہ کی تھی لیکن پورا شہر ہی بند کر دیا۔
پی ٹی آئی احتجاج کے دوران کاروبار بند کرنے کے خلاف تاجروں کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ حکومت نے میڈیا پر ہر جگہ کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کی وجہ سے اجازت نہیں دے رہے، جبکہ عدالت نے واضح طور پر کہا تھا کہ شہریوں، تاجروں اور مظاہرین کے بنیادی حقوق کا خیال رکھا جائے۔
چیف جسٹس نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اسلام آباد کو اس حد تک بند کر دیا کہ ججز سمیت وہ خود بھی عدالت نہیں پہنچ سکے۔
انہوں نے کہا ’میں اپنے ہی آرڈر کا خود شکار ہوگیا۔ حکومت اور پی ٹی آئی دونوں سے سوال ہوگا کہ ان کی لڑائی میں عام شہریوں کا کیا قصور تھا؟‘
چیف جسٹس نے مزید کہا کہ وہ پی ٹی آئی سے بھی پوچھیں گے کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کیوں کی گئی۔

مری میں برفباری کے پیش نظر انتظامیہ کو ریسکیو و ریلیف سامان کی فراہمی

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ مری میں برفباری کے پیش نظر انتظامی اداروں کو ریسکیو و ریلیف کا سامنا فراہم کر دیا گیا ہے۔
سامان میں سرچ اینڈ ریسکیو جیکٹس، گاڑی کے ٹائروں کے لیے چین، مشینی آری اور خیموں کے علاوہ رین کوٹ، کمبل، گرم دستانے، چھتریاں اور ٹوپیاں بھی شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مری میں 2022 جیسے سانحے سے بچاؤ کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں۔
سیاحوں کی سہولیات کے لیے 13 فسیلیٹیشن سینٹر قائم کیے گئے ہیں جبکہ پی ڈی ایم اے پنجاب بھی 24 گھنٹے الرٹ رہے گا۔

بلوچستان: ضلع قلعہ عبداللہ میں نادرا دفتر کے سامنے دھماکہ

بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں نادرا دفتر کے سامنے دھماکہ ہوا ہے جس میں لیویز کے تفتیشی افسر کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا- 
پولیس کے مطابق دھماکا قلعہ عبداللہ بازار میں کوئٹہ چمن شاہراہ پر واقع نادرا دفتر کے سامنے ہوا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس ایس پی قلعہ عبداللہ شاہد جمیل کے مطابق تفتیشی افسر دفتر سے گھر کی طرف جا رہے تھے جب ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔
دھماکے سے گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا تاہم لیویز افسر محفوظ رہے۔
ضلع قلعہ عبداللہ میں یہ ایک ہفتے کے دوران دوسرا دھماکہ ہے- چار روز قبل پولیس چوکی پر بم حملے میں ایک اہلکار زخمی ہوا تھا- 

روس کے ساتھ خام تیل کی خریداری کے لیے کوئی معاہدہ نہیں ہوا، مصدق ملک

وزیرِ پٹرولیم مصدق ملک نے معاہدے کے حوالے سے چلنے والی خروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس کے ساتھ خام تیل کی خریداری کے لیے کوئی معاہدہ نہیں ہوا ہے۔
 اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو میں وزیر پیٹرولیم نے بتایا کہ توانائی کے حوالے سے روس کے ساتھ مختلف موضوعات پر بات چیت ہو رہی ہے لیکن معاہدے سے متعلق چلنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔  
انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی ڈیریگولیشن کے لیے فریم ورک بنایا جا رہا ہے جس کا فوری فائدہ عوام تک پہنچے گا۔
وزیرِ پٹرولیم نے مزید کہا کہ ایل این جی وافر مقدار میں موجود ہے اور کوئی نیا کارگو نہیں منگوا رہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف سعودی عرب کا دورہ مکمل کر کے پاکستان پہنچ گئے

وزیر اعظم شہباز شریف سعودی عرب کا دو روزہ دورہ مکمل کر کے پاکستان واپس آ گئے ہیں۔
وزیر اعظم نے ریاض میں منعقدہ ون واٹر سربراہی اجلاس میں شرکت کے دوران مستقبل میں پانی کی قلت سے بچاؤ کے لیے چھ نکاتی ایجنڈا تجویز کیا۔
وزیر اعظم نے ریاض میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے پاک سعودیہ تعلقات کے مزید فروغ اور ان میں بڑی تبدیلی لانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے سعودی مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر عملدرآمد کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم نے فرانس کے صدر ایمانوئل میخواں سے بھی ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے مابین زراعت، لائیو سٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی، پیشہ ورانہ مہارتوں میں ترقی اور پینے کے صاف پانی کے شعبوں میں بزنس ٹو بزنس روابط کے ذریعے تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔

سلمان اکرم راجہ کی تمام مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظور

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ کے خلاف درج تمام مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظور کر لی ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں پولیس نے سلمان اکرم راجہ کے خلاف دائر تمام 18 مقدمات کی تفصیلات عدالت میں جمع کروائی ہیں۔
سلمان اکرم راجہ کی ہر مقدمے میں دس، دس ہزار روپے مچلکوں کے عوض حفاظتی ضمانت منظور کی گئی ہے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق سلمان اکرم راجہ کے خلاف اسلام آباد میں 10، لاہور میں 6، اور اٹک میں 2 مقدمات درج ہیں۔
سلمان اکرم راجہ نے عدالت سے استدعا کی کہ انہیں متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کے لیے مزید وقت دیا جائے۔ عدالت نے حفاظتی ضمانت دیتے ہوئے سلمان اکرم راجہ کو متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔

عمر ایوب کے بعد شبلی فراز بھی جوڈیشل کمیشن کی رکنیت سے​ مستعفی

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب کے بعد سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز بھی جوڈیشل کمیشن کی رکنیت سے مستعفی ہو گئے ہیں۔
شبلی فراز نے اپنے خلاف درج ایف آئی آرز اور عدالتی پیشیوں کے باعث استعفیٰ دیا ہے۔
شبلی فراز نے اپنا استعفیٰ چیئرمین سینیٹ کو ارسال کر دیا ہے۔
بعد ازاں ‏چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے اپوزیشن لیڈر کی مشاورت سے بیرسٹر علی ظفر کو جوڈیشل کمیشن کا ممبر تعینات کر دیا۔
سینیٹر بیرسٹر علی ظفر جوڈیشل کمیشن میں اپوزیشن کی نمائندگی کریں گے۔

پی ٹی آئی کی پرامن احتجاج نہ کرنے کی تاریخ ہے، اسحاق ڈار

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں سفیروں سے خطاب میں بتایا کہ ریڈ زون کی سکیورٹی حکومت کی ترجیح ہے اور ڈی چوک میں احتجاج نہ کرنے کا قانون بنا دیا گیا ہے۔
اسحاق ڈار نے پاکستان تحریک انصاف کے حالیہ احتجاج کے حوالے سے کہا کہ لاقانونیت اور پرامن احتجاج نہ کرنا پارٹی کی تاریخ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ اس دن احتجاج کرنا چاہا جب غیرملکی وفود نے اسلام آباد آنا ہوتا ہے اور 24 نومبر کو بھی ایسا ہی ہوا۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ نئے قانون کے مطابق ریڈ زون میں احتجاج کی اجازت نہیں ہے اور اسلام آباد میں پرامن ریلی کے انعقاد کے لیے جوڈیشل مجسٹریٹ سے اجازت لینا ہوگی۔

غریب پشتونوں کو پی ٹی آئی کارکن ظاہر کر کے ظلم ڈھائے جا رہے ہیں، بیرسٹر ڈاکٹر سیف 

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں پشتونوں کو ظلم و تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غریب پشتونوں کو پی ٹی آئی کارکن ظاہر کر کے ظلم ڈھائے جا رہے ہیں، بغض عمران خان میں جعلی حکومت نفرتوں کو فروغ دے رہی ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ افغان باشندوں کی تضحیک دونوں ملکوں کے درمیان نفرتوں کو بڑھاوا دے رہی ہے جبکہ افغانستان کے ساتھ خراب تعلقات کا اثر براہ راست خیبر پختونخوا پر پڑتا ہے۔

دورۂ جنوبی افریقہ کے لیے پاکستان سکواڈز کا اعلان، بابر اعظم اور نسیم شاہ شامل

پاکستان کرکٹ بورڈ نے رواں ماہ سے شروع ہونے والے دورۂ جنوبی افریقہ کے لیے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی20 سکواڈز کا اعلان کر دیا ہے۔
پاکستانی ٹیم کا دورۂ جنوبی افریقہ 10 دسمبر سے شروع ہو گا، جس میں تین ٹی20، تین ون ڈے اور دو ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دو ٹیسٹ میچ 26 دسمبر اور 3 جنوری سے کھیلے جائیں گے۔
دورۂ جنوبی افریقہ کے لیے تینوں سکواڈز میں بابر اعظم، محمد رضوان، صائم ایوب اور سلمان علی آغا موجود ہیں جبکہ نسیم شاہ کو ٹیسٹ اور ون ڈے سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

درہ خنجراب سال بھر تجارت کے لیے فعال کرنے کا فیصلہ

درہ خنجراب کو پاکستان، چین اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے درمیان تجارت کے لیے سال بھر کے لیے فعال کر دیا گیا ہے۔ آزادی پاکستان کے 77 سال بعد پہلی مرتبہ درہ خنجراب سال بھر کے لیے فعال رہے گا۔
خنجراب پاس گلگت بلتستان کو چین سے ملانے والے ایک اہم تجارتی راستے کے طور پر کام کرتا ہے۔ 
خنجراب پاس سے مشینری، ٹیکسٹائل، الیکٹرانکس اور اشیاء خورد و نوش سمیت دیگر تجارتی سامان کی نقل و حرکت ہوتی ہے۔
گزشتہ برسوں کے دوران، پاکستان نے اس راستے کو وسطی ایشیائی ریاستوں بالخصوص تاجکستان، کرغزستان اور قازقستان کو صنعتی اور زرعی مصنوعات کی ترسیل کے لیے بھی استعمال کیا ہے۔

شیئر: