ایف آئی اے انسداد انسانی سمگلنگ سرکل نے جعلی سکیورٹی افسر کیسے گرفتار کیا؟
ایف آئی اے انسداد انسانی سمگلنگ سرکل نے جعلی سکیورٹی افسر کیسے گرفتار کیا؟
جمعہ 20 دسمبر 2024 17:49
زین علی -اردو نیوز، کراچی
انسداد انسانی سمگلنگ سیل کے اہلکاروں نے مشکوک شخص کو پولیس کے حوالے کر دیا (فائل فوٹو: فری پکس)
پاکستان کے شہر کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر زرغونہ حکیمی نامی ایک افغان خاتون پاکستان سے برطانیہ کے لیے سفر کرنے کی غرض سے ہوائی اڈے پر پہنچیں۔ خاتون نے اپنا سامان ٹرالی پر لوڈ کیا اور پورٹر کی مدد سے ایئرپورٹ کے بین الاقوامی روانگی کے لاؤنج کی جانب بڑھنے لگیں۔
لاؤنج میں داخل ہونے پر سکیورٹی چیک پوسٹ پر تلاشی کے بعد اپنا سامان لے کر وہ ایئرلائن کے کاؤنٹر پر بورڈ پاس کی لائن میں کھڑی ہو گئیں۔
انہوں نے اپنی باری آنے پر سامان ٹرالی سے ایئرلائن کے لگیج بیلٹ پر رکھتے ہوئے ٹکٹ دکھا کر بورڈنگ پاس حاصل کیا۔
اس کے بعد انہوں نے وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) کے امیگریشن کاؤنٹر پر اپنا پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات جمع کرائیں۔
کاؤنٹر پر موجود ڈیوٹی افسر نے پاسپورٹ، ویزا اور دیگر دستاویزات کا جائزہ لیا اور خاتون سے کچھ سوالات کیے۔
خاتون نے سوالات کے جوابات دیے اور پہلے کاؤنٹر سے دوسرے کی جانب جانے لگیں۔ فائنل چیکنگ پر ایف آئی اے کے حکام نے خاتون کے میڈیکل سرٹیفیکٹ سمیت دیگر دستاویزات کا تفصیلی جائزہ لیا تو انہیں شک ہوا کہ ان میں میڈیکل سرٹیفیکٹ جعلی ہے۔
ایف آئی اے کے حکام نے خاتون سے میڈیکل سرٹیفیکٹ کے بارے میں پوچھ گچھ کی تو وہ امیگریشن حکام کو مطمئن نہ کر سکیں۔
ایف آئی اے امیگریشن کے اہلکاروں نے خاتون کو مشتبہ قرار دیتے ہوئے آف لوڈ کر کے انسداد انسانی سمگلنگ سرکل کے حوالے کر دیا۔
خاتون کو ایئرپورٹ سے اینٹی ہیومن ٹریفیکنگ سرکل کراچی منتقل کیا گیا اور قانونی کارروائی کا آغاز کیا گیا۔
اسی دوران ایف آئی اے کے دفتر میں خاتون کو چھڑوانے جمیل نامی ایک شخص پہنچا۔ اس شخص نے ایف آئی اے حکام کو بتایا کہ اس کا تعلق پاکستان کے ایک خفیہ سکیورٹی ادارے سے ہے۔
ایف آئی اے حکام نے اس شخص سے اس کی شناختی دستاویزات طلب کیے جو وہ فراہم نہ کر سکا۔
انسداد انسانی سمگلنگ سرکل کے اہلکاروں نے اس واقعے کی اطلاع علاقے کے تھانے کو دی اور افغان خاتون کو چھڑوانے کے لیے آنے والے شخص کو پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس نے جمیل نامی شخص کو ایف آئی اے حکام کو دھمکیاں دینے کے الزام میں مقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا۔
کراچی ضلع جنوبی پولیس کے ترجمان نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’تھانہ پریڈی میں جمیل نامی شہری کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ گرفتار شخص خود کو میجر ظاہر کر کے ایف آئی اے انسداد انسانی سمگلنگ سرکل کی حراست میں خاتون کو چھڑوانے کی کوشش کر رہا تھا۔ ایف آئی اے حکام کی جانب سے خاتون کو نہ چھوڑنے پر اس شخص نے انہیں دھمکیاں اور کارِسرکار میں مداخلت کی کوشش کی۔
پولیس نے ایف آئی اے کی شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے جمیل نامی شخص کو حراست میں لیا اور ابتدائی تفتیش کے بعد اس کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔