Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یونان اور لیبیا کشتی حادثے، خاتون سمیت مزید دو انسانی سمگلر گرفتار: ایف آئی اے

گرفتار ملزمہ نے متاثرہ شخص سے 45 لاکھ روپے ہتھیائے تھے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ترجمان نے گوجرانوالہ زون میں کارروائی کے نتیجے میں لیبیا اور یونان کشتی حادثوں میں ملوث خاتون سمیت مزید دو ’انسانی سمگلروں‘ کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایف آئی اے کے ترجمان نے جمعرات کو جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ ’ڈی جی ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر کی ہدایات پر یونان کشتی حادثے میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی گئی جس میں گوجرانوالہ سے عیشاء فاطمہ اور اشتہاری عبداللہ شہزاد کو حراست میں لیا گیا۔‘
ترجمان کے مطابق ’عیشا فاطمہ یونان کشتی حادثے جبکہ اشتہاری ملزم عبداللہ شہزاد 2023 میں پیش آنے والے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ہے۔‘
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزمہ نے دیگر ساتھیوں کی ملی بھگت سے متاثرہ شہری کو کشتی کے ذریعے لیبیا سے یونان بھجوایا جسے یونان کشتی حادثے میں ریسکیو کر لیا گیا تھا۔ گرفتار ملزمہ نے متاثرہ شخص سے مجموعی طور پر 45 لاکھ روپے ہتھیائے تھے۔
ترجمان کے مطابق ملزم عبداللہ نے متاثرہ شہریوں کو بیرون ملک یونان بھجوانے کے لیے فی کس 29 لاکھ روپے بٹورے۔
اشتہاری ملزم انسانی سمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی گینگ کا رکن ہے جس نے متاثرہ شہریوں کو پہلے لیبیا بھجوایا بعد ازاں متاثرہ شہری کو کشتی کے ذریعے لیبیا سے یونان بھجوانے کی کوشش کی۔

عمرہ ویزے پر 5 مسافروں کی یورپ جانے کی غیر قانونی کوشش ناکام 

دوسری جانب ایف آئی اے امیگریشن ملتان نے کارروائی کرتے ہوئے لیبیا کے ایجنٹ کے ذریعے غیر قانونی یورپ جانے کی سازش ناکام بنا دی ہے۔
ترجمان کے مطابق عمرہ ویزا کے ذریعے پانچ مسافروں کی یورپ جانے کی غیر قانونی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ ملزمان بین الاقوامی پرواز کے ذریعے سعودی عرب جا رہے تھے۔‘
ترجمان نے بتایا کہ امیگریشن کلیرینس کے دوران ملزمان مشکوک پائے گئے۔ ملزمان عمرہ ویزے پر سعودی عرب جا رہے تھے جنہوں نے بعدازاں سعودی عرب سے لیبیا اور غیر قانونی طریقے سے سمندر کے راستے یورپ جانا تھا۔‘
ایف آئی اے کے ترجمان نے مزید بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان کے موبائل فونز سے اہم شواہد برآمد ہوئے ہیں۔
’ملزمان لیبیا کے ایجنٹ سے رابطے میں تھے اور انہوں نے لیبیا کے رہائشی ایجنٹ کے ذریعے عمرے کے ویزے حاصل کرنے کا اعتراف کیا۔ ملزمان کا تعلق گوجرانوالہ اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں سے ہے۔‘

شیئر: