اسلام آباد...سپریم کورٹ نے دھمکی آمیز تقریر پر ازخود نوٹس کیس میں نہال ہاشمی کے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دے کر مسترد کردیا ۔10 جولائی کو توہین عدالت کی فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔سماعت کے دوران نہال ہاشمی کے وکیل حشمت حبیب نے عدالت کو بتایا کہ نہال ہاشمی عمرے کے لئے جاچکے۔ 9 جولائی تک وطن اپس آئیں گے۔سپریم کورٹ نے نہال ہاشمی کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کیا۔ جسٹس اعجازافضل نے ریمارکس د ئیے کہ نہال ہاشمی نے عدالت کو آگاہ کیوں نہیں کیا؟ وہ عدالت سے اجازت لینے کے پابند تھے۔حشمت حبیب نے موقف اختیار کیا کہ نہال ہاشمی کیخلاف انتقامی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ سیکیورٹی بھی واپس لے لی گئی ،اگر جرم ثابت ہو تو پھانسی دے دیں لیکن کارروائیاں رکوائی جائیں۔جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس د ئیے اس مقدمہ میں پھانسی کی سزا ہوتی ہی نہیں۔