Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح کب ہوگا، کیا تیاریاں مکمل ہیں؟

افتتاح میں مزید تاخیر کے بعد پی آئی اے نے بھی نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لیے شیڈول اپنی پہلی پرواز ملتوی کر دی ہے۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں سی پیک کے تحت بنائے گئے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح ایک مرتبہ پھر التوا کا شکار ہو گیا ہے۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان نے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے افتتاح میں تاخیر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا یکم جنوری 2025 کو ہونے والا افتتاح فی الوقت ملتوی کر دیا گیا ہے جبکہ نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
پاکستان کی وزارت ایوی ایشن اور پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح یکم جنوری 2025 کو کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اور اس مناسبت سے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے اپنی پہلی پرواز یکم جنوری کو ہی شیڈول کی تھی جسے اب ملتوی کر دیا گیا ہے۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر اُردو نیوز کو بتایا ہے کہ وزیر ہوا بازی خواجہ محمد آصف کی عدم دستیابی کے سبب نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے افتتاح میں تاخیر ہوئی ہے۔
اُردو نیوز نے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے افتتاح میں تاخیر کی وجوہات جاننے کے لیے وزارت ایوی ایشن کے سیکریٹری احسن علی منگی سے رابطہ کیا تاہم اُنہوں نے اس پر کوئی جواب نہ دیا۔

افتتاح کی تیاریاں مکمل ہیں: سول ایوی ایشن اتھارٹی

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان سیف اللہ خان نے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے افتتاح کے حوالے سے بتایا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے ایئرپورٹ کے افتتاح میں کسی قسم کی تاخیر نہیں ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے افتتاح کی مناسبت سے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ وزارت ہوا بازی اور متعلقہ اداروں سے مشارت کے بعد افتتاح کی نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔
افتتاح میں مزید تاخیر کے بعد پی آئی اے نے بھی نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لیے شیڈول اپنی پہلی پرواز ملتوی کر دی ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ نے نیو گوادر ایئرپورٹ کے لیے پہلی پرواز کے ملتوی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی آئی اے نے جنوری کے دوسرے ہفتے تک اپنی پرواز ملتوی کی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی گوادر شہر کے لیے پروازیں معمول کے مطابق جاری ہیں صرف نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لیے اپنی پہلی پرواز کو کچھ وقت کے لیے ملتوی کیا گیا ہے۔

وزارت ایوی ایشن اور سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح یکم جنوری 2025 کو کرنے کا اعلان کیا تھا۔ (فائل فوٹو: سی اے اے)

رواں برس نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے افتتاح کو تیسری مرتبہ ملتوی کیا گیا ہے۔ اس سے قبل اکتوبر اور 14 اگست کے موقع پر بھی اس نئے ایئرپورٹ کے افتتاح کا اعلان کیا گیا تھا جو بعدازاں ملتوی کر دیا گیا۔

وزیراعظم کو بریفننگ

دوسری جانب پیر کو وزیراعظم شہباز شریف نے نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے متعلق جائزہ اجلاس میں ایئرپورٹ کو جلد مکمل فعال کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم کو نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی خصوصیات پر بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ گوادر ائیرپورٹ اے-380 (A-380) ہوائی جہازوں کو ہینڈل کر سکتا ہے جبکہ ائیرپورٹ سے 40 لاکھ مسافر سالانہ سفر کر سکیں گے۔
پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی کی جانب سے نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو ایرو ڈروم سرٹیفکیٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے جبکہ پاکستان کسٹمز نے بھی اس ائیرپورٹ کو نوٹیفائی کر دیا ہے۔
شہباز شریف کو بتایا گیا ہے کہ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی، ایئرپورٹ سکیوریٹی فورس، پاکستان کسٹمز، اینٹی نارکوٹکس فورس، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سمیت بارڈر ہیلتھ سروس کا عملہ تعینات کیا جا چکا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے متعلق جائزہ اجلاس میں ایئرپورٹ کو جلد مکمل فعال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ (فوٹو: پی ٹی وی)

وزارت ہوا بازی اور پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے کے کراچی اور گوادر کے لیے موجودہ فلائٹ آپریشن کے دورانیے کو جلد ہی ہفتے میں تین بار کیا جائے گا جبکہ گوادر سے مسقط کے لیے پروازوں کا آغاز آئندہ برس 10 جنوری سے شروع ہو جائے گا۔
مزید برآں پاکستان کی نجی ائیرلائنز اور چین، اومان اور متحدہ عرب امارات کی ائیرلائنز سے بھی گوادر سے ملکی اور بین الاقوامی فلائٹ آپریشنز شروع کرنے کے حوالے سے بات چیت کی جا رہی ہے۔

شیئر: