سری نگر ۔۔۔۔سری نگر جامع مسجد کے قریب ہجوم نے ایک سینیئر پولیس افسر ڈی ایس پی محمد ایوب پنڈت کو ہلاک کردیا۔اس نے مبینہ طور پر لوگوں پر فائر کھولا تھا۔فائرنگ میں 3افراد زخمی ہوئے۔ یہ واقعہ 12بجے دوپہر پیش آیا۔فوری طور پر علاقے میں کرفیونافذ کردیا گیا۔متوفی انسپکٹرمقامی لوگوں کی طرف سے پتھراؤ کی وڈیو بنا رہا تھا۔لوگوں نے اعتراض کیا اور مشتعل ہجوم نے اس پر حملہ کردیا۔ایوب نے اپنے دفاع میں سرکاری پستول سے فائرنگ کردی جس کے بعد صورتحال قابو سے باہر ہوگئی۔ حالات معمول پر لانے کیلئے پولیس کی بھاری نفری وہاں بھیج دی گئی ہے۔وہ سادہ لباس میں ملبوس تھا۔ پولیس نے اس کی شناخت اس وقت کی جب اس کے خاندان والوںنے اس کے موبائل فون پر کال کی ۔ یہ موبائل فون پولیس نے لاش کی تلاشی کے دوران تحویل میں لیا تھا۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مشتعل ہجوم نے اسے پکڑ کر برہنہ کیا اور پھر پتھروں سے مار مار کر ہلاک کیا۔ایوب کی لاش فوری طور پر پولیس کنٹرول روم پہنچائی گئی۔ شہر میں حالات کشیدہ ہیں۔ حکام نے پہلے ہی شہر کے 7پولیس تھانوں میں لوگوں کی نقل و حرکت پر پابندی لگا دی تھی۔دریں اثناء وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا کہ عوام ہمارا امتحان نہ لیں۔