مری اور گلیات میں برفباری کا امکان، ’سیاح احتیاط کریں‘
پی ڈٰی ایم اے کی جانب سے مری اور گلیات میں بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے مشہور سیاحتی مقامات مری، گلیات اور قرب و جوار میں آج سے بارش اور برف باری شروع ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے اور انتظامیہ کو 24 گھنٹے الرٹ رہنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔
بدھ کو قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پی ڈی ایم اے کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مری اور گردونواح میں چھ جنوری تک برفباری کے امکانات ہیں۔
بیان میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مری میں سیاحوں کے لیے 13 فیسیلٹی سینٹر بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔
اسی طرح پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا نے مری کا سفر کرنے والوں اور سیاحوں کو احتیاط کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ روانہ ہونے سے قبل موسم کی صورت حال کا جائزہ لے لیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاحوں کی رہنمائی اور تحفظ کے لیے ضلعی انتظامیہ ہر وقت موجود رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
اسی طرح محکمہ موسمیات کا کہنا ہے آج شام کو مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جو بالائی علاقوں میں چھ جنوری تک موجود رہے گا۔
ویب سائٹ پر دی گئی معلومات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کا امکان ہے، تاہم شمالی بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
پنجاب کے زیادہ تر میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں درمیانی درجے کی دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کل دو جنوری کو بھی ان علاقوں میں موسم کچھ ایسا ہی رہنے کا امکان ہے۔
اسی طرح تین جنوری کو بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، مری، گلیات ار شمال مغربی بلوچستان میں بارش اور شدید برفباری متوقع ہے۔ اس دوران پہاڑی پہاڑی علاقوں میں راستے بھی بند ہو سکتے ہیں جبکہ لینڈسلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کے بھی خدشات ہیں۔