Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی آئی اے کے طیارے کی ساڑھے چار سال بعد ایک بار پھر پیرس میں لینڈنگ

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی پرواز ساڑھے چار سال بعد فرانس کے شہر پیرس لینڈ کر گئی ہے۔
پی آئی اے کی پرواز پی کے 749 جمعے کو اسلام آباد سے آٹھ گھنٹے کی مسافت کے بعد فرانس کے شہر پیرس پہنچی۔
پی آئی اے کی ساڑھے چار سال بعد اس پہلی پرواز پر پاکستان سے 317 مسافروں سمیت پرواز کا عملہ پیرس پہنچا ہے۔ اس فلائٹ پر پی آئی اے کے قائم مقام سی ای او عامر حیات اور دیگر عہدیداران نے بھی اس فلائٹ پر سفر کیا۔
مسافروں کے پیرس ایئرپورٹ پہنچنے پر پاکستانی سفارت خانے کے عہدیداران اور پی آئی اے کے عملے نے ان کا استقبال کیا۔ پی آئی اے کے یورپی آپریشنز کی بحالی اور اس موقع پر جشن منانے کے لیے ایئرپورٹ پر کیک بھی کاٹا گیا۔
قبل ازیں ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کا کہنا تھا کہ پیرس سے واپسی کی پرواز کی بھی تمام نشستیں بک چکی ہیں۔
قومی ایرلائن کے ترجمان کے مطابق اسلام آباد پیرس روٹ پر اگلی تین دوطرفہ پروازوں کے تمام ٹکٹ مکمل طور پر فروخت ہو چکے ہیں۔
ترجمان کے مطابق کوڈ شئیرنگ معاہدے کے تحت قومی ایئرلائن کے مسافروں کو اب ایئرفرانس پیرس سے آگے برطانیہ اور یورپ کے 21 شہروں تک لے جائے گی۔
ان پروازوں کے ٹکٹ قومی ایئرلائن کی جانب سے ہی جاری کیے جائیں گے۔
پی آئی اے کے ترجمان نے مزید کہا کہ ’یورپ سے پاکستان کے لیے براہ راست پروازوں کی طلب بہت زیادہ ہے، جو اس کامیاب آغاز سے بھی ظاہر ہوتی ہے۔‘

شیئر: