’ایسا پوسٹر ورلڈ ٹریڈ سینٹر کا بھی بنا تھا‘، پی آئی اے کی پیرس پرواز کے پوسٹر پر تنقید
جمعہ 10 جنوری 2025 14:58
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
چار سال بعد پی آئی اے کا یورپ کے لیے فضائی آپریشن بحال ہو گیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے چار برس کے طویل وقفے کے بعد یورپ کے لیے اپنا فلائٹ آپریشن بحال کر دیا ہے۔
جمع کے روز قومی ایئرلائن کی پہلی پرواز تمام نشستوں کی بکنگ کے ساتھ پیرس کے لیے روانہ ہوئی۔
پی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ پرواز پی کے 749 کے ذریعے دوپہر 12 بجے اسلام آباد سے پیرس روانہ ہوا۔
اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر پی آئی اے کی جانب سے کی گئی پوسٹ وائرل ہو رہی ہے جس میں پی آئی کی پیرس کے لیے شروع ہونے والے فلائٹ آپریشن کی تشہیر کی گئی ہے اور لکھا ہے ’پیرس ہم آ رہے ہیں۔‘
اس پوسٹر میں پیرس کے معروف آئفل ٹاور کو دکھایا گیا اور سامنے ہی پی آئی اے کا طیارہ ڈیزائن میں شامل کیا گیا ہے۔
جہاں ایکس صارفین اس پوسٹر کے ڈیزائن پر تنقید کر رہے ہیں وہیں کچھ اس پر منفرد تبصرے کرتے بھی دکھائی دیے۔
کرک جنون نے لکھا ’کیا آئفل ٹاور کو ہٹ کرنا ہے؟ عجیب پوسٹر بنایا ہے، تھوڑی عقل استعمال کر لیں۔‘
نسیمہ زیدی لکھتی ہیں ’کیا کسی نے پراڈکٹ پلیس منٹ نہیں سیکھی؟ پی آئی اے، یہ ایسا بالکل نہیں لگ رہا جیسا آپ سوچ رہے ہیں۔‘
عدیل اظہر نے لکھا ’بھائی اس کو ڈیلیٹ کریں۔‘
اعوان نامی اکاؤنٹ نے لکھا ’کچھ خدا کا خوف کریں، تصویر ایسی بنائی ہے جیسے جہاز آئفل ٹاور میں ٹکرانے جا رہا ہو، یہ میری والی تصویر بہتر ہے۔‘
کچھ صارفین یہ بھی سوال کرتے نظر آئے کہ یہ ایڈ منظور کس نے کر دیا؟
وسیم عباسی نے لکھا ’جہاز تھوڑا سائیڈ پر رکھیں، بڑی مشکل سے پروازیں بحال ہوئی ہیں۔‘
ایک اور صارف نے پی آئی اے کا پرانا تشہیری پوسٹر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 1979 میں پی آئی نے یہ پوسٹ کیا تھا۔‘
اس تصویر میں امریکہ کے شہر نیویارک میں موجود ٹوئن ٹاورز پر پی آئی اے کی پرواز کا عکس ڈیزائن میں شامل کیا گیا تھا۔