انڈیا کی کامیاب خلائی ڈاکنگ، ’چاند مشن کے خوابوں کو حقیقت بنانے کی جانب اہم قدم‘
جمعرات 16 جنوری 2025 12:23
انڈیا کامیابی سے سپیس ڈاکنگ ٹیکنالوجی کا مظاہرہ کرنے والا دنیا کا چوتھا ملک بن گیا ہے (فوٹو: روئٹرز)
خلائی ایجنسی نے کہا ہے کہ انڈیا نے جمعرات کو اپنے دو سیٹلائٹس خلا میں اُتار دیا ہے جسے ملک کے خلائی سٹیشن اور چاند مشن کے خوابوں کی تکمیل کا ایک اہم سنگ میل سمجھا جا رہا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سیٹلائٹس جن مین سے ہر ایک کا وزن 220 کلوگرام (485 پاؤنڈ) ہے، دسمبر میں انڈیا کے سری ہری کوٹا سے ایک ہی راکٹ سے لانچ کیے گئے تھے جو بعدازاں الگ ہو گئے۔
اس تاریخی مشن کا نام سپیس ڈاکنگ ایکسپیریمنٹ یا سپاڈیکس ہے جو انڈیا کے اپنے تیار کردہ پی ایس ایل وی راکٹ کے ذریعے خلا میں بھیجا گیا۔
امریکہ، روس، اور چین کے بعد اب انڈیا بھی کامیابی سے سپیس ڈاکنگ ٹیکنالوجی کا مظاہرہ کرنے والا دنیا کا چوتھا ملک بن گیا ہے۔
ڈاکنگ کے تجربہ سے چندریان 4 مشن کے لیے بھی راستہ کھل گیا ہے، جس میں ایک اہم تکنیکی چیلنج چاند کی سطح سے چٹانوں اور مٹی کے نمونے واپس کرنے کے لیے چاند کے اوپر ڈاکنگ کرنا ہے۔
یہ مشن جو خلا میں مصنوعی سیاروں کے آپس میں جڑنے کے عمل کی جانچ کے لیے ہے، اسرو کے مستقبل کے منصوبوں، بشمول خلائی سٹیشن کے قیام کے لیے انتہائی اہم سمجھا جا رہا ہے۔
انڈیا کے خلائی تحقیقی ادارے اسرو نے اسے ایک تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’اس مشن کا مقصد دو چھوٹے خلائی جہازوں کی ڈاکنگ اور ان ڈاکنگ کے لیے درکار ٹیکنالوجی کو تیار کرنا اور اس کا مظاہرہ کرنا تھا۔‘
انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے مشن کی کامیابی کے لیے اسرو اور پوری خلائی برادری کو مبارکباد دی ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر انہوں نے ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’یہ آنے والے برسوں میں انڈیا کے خلائی مشنوں کی جانب ایک اہم قدم ہے۔‘
اسرو نے ابتدائی طور پر 7 جنوری اور پھر 9 جنوری کو ڈاکنگ کا شیڈول بنایا تھا لیکن اسے تکنیکی چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے اسے ملتوی کرنا پڑا۔ اس کے بعد انڈیا کی خلائی ایجنسی نے 11 جنوری کو اسے انجام دینے کی کوشش کی لیکن ڈاکنگ سے چند لمحوں پہلے اسے روک دیا گیا تھا۔
اسرو کا کہنا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی انڈیا کے چاند مشن کے لیے ضروری ہے۔
گزشتہ ایک دہائی کے دوران انڈیا نے اپنے خلائی پروگرام کے سائز اور رفتار کو کافی حد تک آگے بڑھایا ہے۔
اگست 2023 میں انڈیا روس، امریکہ اور چین کے بعد چاند پر بغیر پائلٹ کا جہاز اتارنے والا دنیا کا چوتھا ملک بن گیا تھا۔