لائیو: پی ٹی آئی کے مطالبات کا جواب دینے میں مزید ایک ہفتہ لگ سکتا ہے، عرفان صدیقی
پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیٹر اور مذاکراتی کمیٹی میں حکومت کے نمائندے عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو مطالبات کا جواب دینے میں مزید ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔
پیر کو اپنے ایکس اکاؤنٹ سے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ ’ذرائع کے حوالے سے میڈیا میں آنے والی اس خبر میں کوئی صداقت نہیں کہ حکومتی کمیٹی نے پی ٹی آئی کے چارٹر آف ڈیمانڈز کے جواب میں اپنا موقف تیار کر لیا ہے۔‘
’یہ خبر اور اس میں بیان کی گئی تمام تفصیلات بے بنیاد ہیں۔ اس وقت حکومتی کمیٹی میں شامل سات جماعتیں باہمی مشاورت اور اپنی اپنی قیادت سے رہنمائی حاصل کرنے کے عمل میں ہیں۔ حتمی جواب تیار کرنے میں ایک ہفتہ مزید لگ سکتا ہے۔‘
خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے بچوں کو سکالر شپ دینا چاہتی ہوں: وزیراعلٰی پنجاب

وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ وہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے بچوں کو سکالر شپ دینا چاہتی ہیں۔
پیر کو ڈی جی خان میں ہونہار سکالر شپ کی تقریب میں سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بچوں کو جلد لیپ ٹاپ اور ایک لاکھ ای بائیکس فراہم کریں گے۔ اس سال 30 ہزار سکالر شپس دی ہیں اور اگلے سال 50 ہزار تک سکالر شپس دے رہے ہیں
انہوں نے کہا کہ ’خیبر پختونخوا کے بچوں کی طرف سے بھی درخواستیں آ رہی ہیں کہ ہمیں بھی سکالر شپس دی جائیں۔ چاہتی ہوں کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے بچوں کو سکالر شپ دوں۔‘
وزیراعلٰی پنجاب نے غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان میں انکوبیشن سینٹر قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔
حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کے علاوہ کوئی آپشن نہیں: یوسف رضا گیلانی

چیرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اپوزیشن اور حکومت کے درمیان میچ نہیں مذاکرات چل رہے ہیں۔
پیر کو اسلام آباد میں میڈیا کرکٹ لیگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ’سپیکر قومی اسمبلی نے حکومت اور تحریک انصاف کو پلیٹ فارم دیا ہے۔ مذاکرات واحد حل ہے، تیسری آپشن اور کوئی بھی نہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ سینیٹر اعجاز چودھری کے پروڈکشن آرڈر کل دوبارہ جاری کیے ہیں اور آئی جی کو بھی ہدایت کی ہے۔
عمران خان نے کہا ہے سات دن میں کمیشن نہ بنا تو چوتھی میٹنگ نہیں ہوگی: بیرسٹر گوہر

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ عرفان صدیقی حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان ہیں۔ ان کے لیے مناسب نہیں کہ وہ مذاکرات کو تعطل کا شکار کریں۔
پیر کو اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ہماری جو (آرمی چیف سے) ملاقات ہوئی اس میں لا اینڈ آرڈر کی صورت حال پر بات ہوئی ہے۔ لا اینڈ آرڈر کی صورت حال پر ملاقات پر ایشو کھڑا نہیں کرنا چاہیے۔‘
’ہم حکومت کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ ہماری شرط ہے کہ جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔ عمران خان نے کہا ہے سات دن میں کمیشن نہ بنا تو چوتھی میٹنگ نہیں ہو گی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم حکومت کا انتظار کر رہے ہیں وہ کیا پیش رفت بتاتے ہیں۔ اگر کمیشن نہیں بننے جا رہا تو مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔‘
’حکومت کو گھبراہٹ ہے کیونکہ یہ فارم 47 کی حکومت ہے۔ حکومت کو مذاکرات پر توجہ دینی چاہیے۔ ہم سمجھتے ہیں مذاکرات کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے۔‘
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ’میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ تحمل اور برداشت کے ساتھ مذاکرات پر فوکس کرنا چاہیے۔ بات آگے بڑھانے کے لیے جلد بازی کے بجائے تحمل سے کام لینا ہو گا۔‘
ججز کمیٹی کو بغیر سماعت کیسز ملتوی کرنے کا اختیار نہیں، جسٹس منصور علی شاہ
بشیر چوہدری، اردو نیوز

سپریم کورٹ میں آئینی بینچز اور ریگولر بینچز کے اختیارات سے متعلق مقدمے کی سماعت کے دوران جسٹس منصور علی شاہ نے ایڈیشنل رجسٹرار سپریم کورٹ نذر عباس کو طلب کیا اور وضاحت طلب کی کہ کیس آج سماعت کے لیے کیوں مقرر نہیں ہوا؟
پیر کو کیس کی سماعت کے دوران جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کے روبرو بیرسٹر صلاح الدین پیش ہوئے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ وہ کراچی سے آئے ہیں، تاہم آج کیس سماعت کے لیے مقرر نہیں کیا گیا۔
مختصر وقفے کے بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو ڈپٹی رجسٹرار زوالفقار علی عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ ججز کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ ہوا تھا کہ ’کیس کو 27 جنوری کو آئینی بینچ کے سامنے سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔ اس پر جسٹس منصور علی شاہ نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ججز کمیٹی کے رکن ہیں، مگر انہیں اجلاس کے انعقاد کا علم ہی نہیں تھا۔‘
جسٹس عائشہ ملک نے بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کے سامنے پورے ہفتے کے کیسز سماعت کے لیے مقرر تھے، مگر وہ اچانک تبدیل ہوگئے۔ عدالت نے ججز کمیٹی کے اجلاس کے منٹس اور مقدمات میں کی گئی تبدیلیوں کی تفصیلات طلب کرلیں۔
بعد ازاں عدالت نے ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل کو توہین عدالت کے شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں ذاتی حیثیت میں وضاحت کے لیے طلب کر لیا۔
عدالت نے حکم دیا کہ کیس کی سماعت 20 جنوری کو صبح ساڑھے 9 بجے ہو گی۔ سپریم کورٹ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ 16 جنوری کے عدالتی حکم کے باوجود مقدمے کی سماعت کی تاریخ تبدیل کرنا خلاف قانون ہے، اور یہ بھی سوال اٹھایا کہ ججز کمیٹی کے فیصلے کی کوئی تحریری دستاویز اب تک عدالت کو کیوں فراہم نہیں کی گئی۔
دورانِ سماعت جسٹس عائشہ ملک نے سوال کیا کہ کیا اب عدالت کے کیسز کا فیصلہ ایک ریسرچ آفیسر کرے گا؟ جسٹس منصور علی شاہ نے بھی حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر جسٹس عرفان سعادت مصروف ہیں تو کوئی اور جج بینچ میں شامل ہو سکتا تھا، ججز کمیٹی کو یہ اختیار نہیں کہ وہ کیسز کو بغیر سماعت کے ملتوی کرے۔‘
بیرسٹر صلاح الدین نے عدالت کو یاد دلایا کہ صحافیوں سے متعلق ایک کیس میں ازخود نوٹس کے بعد فیصلہ دیا گیا تھا کہ اگر کوئی بینچ معاملہ چیف جسٹس کو بھیجتا ہے تو وہی فیصلہ کریں گے۔ اس پر جسٹس عائشہ ملک نے ریمارکس دیے کہ انہیں سمجھ نہیں آتی کہ دو یا تین ججز کے مقابلے میں ایک چیف جسٹس کیسے بہتر فیصلہ کر سکتا ہے۔
جسٹس منصور علی شاہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقدمہ ان کی عدالت کے علاوہ کسی اور عدالت میں بھی مقرر نہیں کیا گیا بلکہ اسے مکمل طور پر خارج کر دیا گیا۔ عدالت نے مزید ریمارکس دیے کہ اگر ججز کمیٹی چاہتی تو بینچ کو دوبارہ تشکیل دیا جا سکتا تھا۔
عدالت نے سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس کو ہدایت دی کہ کیس سے متعلق تمام دستاویزات عدالت میں پیش کی جائیں اور آئندہ سماعت میں ججز کمیٹی کے اجلاس کی مکمل تفصیلات فراہم کی جائیں۔
پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کا اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کا امکان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مذاکراتی کمیٹی کا حکومت کے ساتھ مذاکرات کے تیسرے دور کے بعد پیر کو اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کا امکان ہے۔
ملاقات ہونے کی صورت میں پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم حکومت کے ساتھ مذاکرات کی تیسری نشست پر عمران خان سے مشاورت کرے گی۔
یاد رہے حکومت نے پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کی تیسری نشت میں پی ٹی آئی کے تحریری مطالبات کا چھ روز کے اندر جواب دینے کی یقین دہانی کروائی ہے اور اس دوران پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم کو اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم سے ملاقات کی بھی اجازت دی گئی ہے۔
حج 2025 کی تیاری میں کسی قسم کی لاپرواہی قبول نہیں: وزیراعظم

وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حج 2025 کی تیاری میں کسی قسم کی لاپرواہی قبول نہیں، حجاج کرام کو ہر قسم کی معاونت و سہولت یقینی بنائی جائے۔
وزیراعظم آفس سے پیر کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیراعظم نے حج 2025 کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ حج 2025 کی تیاریوں کے حوالے سے ایک جامع بریفنگ تیار کر کے آئندہ چند روز میں پیش کی جائے۔
انہوں نے حج 2025 میں معاونینِ حج کے انتخاب کے طریقہ کار، ان کی ذمہ داریوں اور دیگر انتظامات پر بھی تفصیلی بریفنگ طلب کر لی۔
شہباز شریف نے ہدایات دیں کہ حجاج کرام کو حج 2025 کے حوالے سے تربیت کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں اور حج ڈیوٹی پر اچھی شہرت کے قابل افسران تعینات کیے جائیں۔
عسکریت پسندوں کے خاتمے کے لیے ضلع کُرم میں آپریشن شروع

خیبر پختونخوا کے ایک سینیئر پولیس افسر کے مطابق پاکستانی سکیورٹی فورسز نے ضلع کُرم سے عسکریت پسندوں کے خاتمے کے لیے آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔
کوہاٹ کے ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) عباس مروت نے اتوار کو عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’آپریشن لوئر کُرم کے علاقے بگن میں شروع کیا گیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’فوج اس آپریشن کی قیادت کرے گی جبکہ پولیس، ایلیٹ فورس اور دیگر سکیورٹی فورسز کے ذریعے مدد فراہم کرے گی۔‘
اس سوال پر کہ آپریشن کس پیمانے پر کیا جا رہا ہے، عباس مروت کا کہنا تھا کہ آپریشن مخصوص علاقوں میں کیا جا رہا ہے جہاں عسکریت پسند امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کے لیے ٹھکانوں کا استعمال کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’اس آپریشن میں خاص طور پر بگن اور اس کے ملحقہ علاقوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔‘
چھ لاکھ کی آباد پر مشتمل ضلع کُرم گذشتہ برس 21 نومبر سے قبائلی اور فرقہ وارانہ جھڑپوں کی زد میں ہے۔ 21 نومبر کو مسلح افراد نے ایک کانوائے پر حملہ کر کے 52 شیعہ مسافروں کو ہلاک کر دیا تھا۔
اس حملے نے تشدد میں اضافہ کر دیا اور پاراچنار کو صوبائی دارالحکومت پشاور سے جوڑنے والی مرکزی شاہراہ کو بھی بند کر دیا گیا۔ اس صورتحال سے جہاں ہلاکتوں کی تعداد 136 تک پہنچ گئی وہیں شاہراہ کی بندش کی وجہ سے علاقے میں خوراک، ادویات اور ایندھن کی قلت بھی ہو گئی۔
ورلڈ اکنامک فورم 2025، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ڈیووس روانہ

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب ورلڈ اکنامک فورم 2025 کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس روانہ ہو گئے ہیں۔
وزارت خزانہ کی جانب سے پیر کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب 20 سے 24 جنوری تک جاری رہنے والے ورلڈ اکنامک فورم میں مختلف ممالک اور عالمی اداروں کے سیاسی، تجارتی و کاروباری رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔
وزیر خزانہ دورے کے دوران مختلف نشستوں اور مذاکروں سے خطاب کے دوران پاکستان کے معاشی منظر نامے کو واضح کریں گے۔
وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سعودی عرب، مصر اور قطر کے مندوبین وزرا سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان کی عالمی مالیاتی و کاروباری اداروں، پائیدار ترقی میں شریک عالمی تنظیموں اور سرمایہ کار اور کمرشل بنکوں بالخصوص مشرق وسطیٰ کے سرمایہ کار بنکوں کے حکام سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔
لاہور: شیر دیکھنے کی خواہش میں ’غلطی سے پنجرے میں جانے‘ والا شخص زخمی

لاہور کے علاقے سبزہ زار میں شیر نے ایک شخص کو زخمی کر دیا ہے۔
عظیم نامی شخص سبزہ زار میں دوست کے فارم ہاؤس پر شیر دیکھنے گیا تھا۔ وہ شیر کو قریب سے دیکھنے گئے تو پنجرے میں بند شیر نے حملہ کر دیا جس سے وہ زخمی ہو گئے۔
انہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
عظیم میاں عمر ڈولا کے فارم ہاؤس پر شیر دیکھنے گئے تھے۔ عمر ڈولا نے اس سے قبل رجب بٹ کو شادی پر شیر کا بچہ تحفے میں دیا تھا۔
پولیس کے مطابق ’عظیم غلطی سے شیر کے پنجرے میں چلا گیا تھا۔ انسان کو قریب دیکھ کر پنجرے میں قید شیر نے حملہ کر دیا۔‘
پولیس کے مطابق متاثرہ شخص کی درخواست آنے پر شیر کے مالک کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے۔
نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی پہلی پرواز کراچی سے روانہ

صوبہ بلوچستان میں نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی پہلی پرواز پی کے 503 کراچی سے روانہ ہو گئی۔
ترجمان پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی جانب سے پیر کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق پہلی پرواز 46 مسافروں کو لے کر 9 بج کر 50 منٹ پر روانہ ہوئی۔
جہاز نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پہلی کمرشل پرواز کی حیثیت سے لینڈ کرے گا۔ پہلی کمرشل پرواز کا استقبال وزر دفاع و ہوابازی خواجہ محمد آصف کریں گے۔