اہم نکات
-
عمران خان کی حکومت سے مذاکرات روکنے کی ہدایت
-
پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 قومی اسمبلی سے منظور
-
شہباز شریف کا صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام مبارک باد کا خط
-
مذاکرات روکنا افسوس ناک ہے: عرفان صدیقی
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو عہدہ سنبھالنے پر تہنیتی خط بھیجا ہے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے جمعرات کو صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ ’وزیراعظم شہباز شریف نے ڈونلڈ ٹرمپ کے نام باقاعدہ خط ارسال کر دیا ہے۔‘
اس کے علاوہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد دی ہے۔
پی ٹی آئی کا مذاکرات روکنے کا اعلان افسوس ناک، نظرثانی کریں: عرفان صدیقی
مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی نے پی ٹی آئی کی جانب سے مذاکرات روکنے کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’پی ٹی آئی کی جانب سے مذاکرات روکنے کا اعلان کرنا افسوس ناک ہے۔‘
عرفان صدیقی نے جمعرات کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’ان کو آنے کی بھی جلدی تھی اور جانے کی بھی بے تابی ہے بہت۔ ہم ان سے کہتے ہیں کہ کچھ دن ٹھہر جائیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم سپیکر صاحب کو 28 جنوری کی تاریخ دے چکے ہیں کہ ہم پی ٹی آئی کے جوابات دے دیں گے۔ اگر بیرسٹر گوہر عمران خان سے ہٹ کر کوئی رائے بنا سکتے ہیں تو ہم درخواست ہو گی کہ وہ اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں۔‘
جوڈیشل کمیشن نہ بننے پر عمران خان نے مذاکرات روک دینے کا کہہ دیا، بیرسٹر گوہر
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ’عمران خان نے مذاکرات کال آف کرنے کا کہہ دیا ہے۔‘
بیرسٹر گوہر نے جمعرات کو اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’بانی پی ٹی آئی عمران خان نے حکومت کی جانب سے جوڈیشل کمیشن کا اعلان نہ کرنے پر مذاکرات کال آف کا کہا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پی ٹی ائی کی مذاکرات کی خواہش تھی۔ حکومت کی طرف سے تعاون نہ کرنے پر مذاکرات روک دیے۔‘
’تین ججز پر مشتمل کمیشن بننے کی صورت میں مذاکرات کیے جا سکتے ہیں۔ عمران خان کی ہدایت پر تمام اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر جدوجہد کریں گے۔‘
ڈیجیٹل میڈیا پر صحافت کے نام پر کردار کشی کی جاتی ہے: عطا تارڑ
پاکستان وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے ’ڈیجیٹل میڈیا پر کوئی کچھ بھی کہہ دیتا ہے۔ پیکا ترمیمی ایکٹ ڈیجیٹل میڈیا کے لیے ہے۔‘
وزیر اطلاعات نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاﺅس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’پیکا ترمیمی بل صحافیوں کے تحفظ کی جانب اہم قدم ہے۔ ترمیمی ایکٹ میں سوشل میڈیا کی تعریف وضع کی گئی ہے۔ اس سے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا متاثر نہیں ہو گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’قانون سازی سے ورکنگ جرنلسٹس کو تحفظ ملے گا۔ سوشل میڈیا سے لاکھوں کمانے والے ٹیکس کیوں نہیں دیتے؟‘
’ترمیمی بل سے ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ ملے گا۔ ورکنگ جرنلسٹس کو موقع ملے گا کہ وہ اپنا روزگار محفوظ کر سکیں۔‘
عطا تاڑر کے بقول’سوشل میڈیا پر خودساختہ صحافی نفرت پھیلانے کے علاوہ کچھ نہیں کرتے‘
مزدوروں کو محنت کا صلہ ملے گا تو معیشت ترقی کرے گی: بلاول بھٹو
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی تین نسلوں سے مزدوروں کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے جمعرات کو اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو نے اس ملک میں سب سے پہلے لیبر پالیسی دی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’مزدوروں کو اپنی محنت کا صلہ ملے گا تو معیشت ترقی کرے گی۔ ہم نے آمر ضیاء الحق اور پرویز مشرف کے دور میں مزدوروں کے خلاف سازشوں کو ناکام بنایا۔‘
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ’اس وقت پاکستان کی سیاست عوامی مسائل کے گرد نہیں چل رہی۔‘
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے بلوچستان کے طلبہ کو لیپ ٹاپس کا تحفہ
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے لاہور میں بلوچستان ریزیڈنشل کالج لورالائی کے 50 رکنی طلبہ کے وفد نے ملاقات کی ہے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس کے بیان کے مطابق ’وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے بلوچستان کے طلبہ کو لیپ ٹاپ کا تحفہ دیا گیا۔‘
اس موقعے پر مریم نواز نے کہا کہ ’بہت جلد بلوچستان آ کر طلبہ کو ہونہار سکالر شپ دینا چاہتی ہوں۔ بس چلے تو پنجاب سے زیادہ سکالر شپ اور لیپ ٹاپ بلوچستان کے طلبہ کو دوں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’بلوچستان پاکستان کے لیے جانیں دینے والے شہدا کی سرزمین ہے۔ دہشت گردوں کا بلوچستان میں فعال ہونا افسوس ناک اور تکلیف دہ ہے۔‘
مریم نواز نے کہا کہ ’دہشت گرد اپنے بچے باہر رکھتے ہیں اور دوسروں کے بچوں کو ورغلا کر مرواتے ہیں۔ ہم پنجابی اور بلوچ بعد میں، پہلے پاکستانی ہیں۔‘
پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 قومی اسمبلی سے منظور، صحافیوں کا واک آوٹ
پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 قومی اسمبلی سے منظور کر لیا گیا ہے۔
اس موقعے پر صحافیوں نے نئے قانون کے خلاف اجتجاجاً واک آؤٹ کرتے ہوئے اجلاس کی کارروائی کا بائیکاٹ کر دیا۔
اپوزیشن کے ارکان نے بھی اس قانون پر سخت تنقید کی اور اسے شہری آزادیوں کے خلاف قرار دیا۔
پاکستان پر داعش کی حمایت کے بے بنیاد الزام کو مسترد کرتے ہیں: دفترخارجہ
پاکستان نے افغانستان کی جانب سے پاکستان پر داعش کو سپورٹ کرنے کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ ’افغانستان کی جانب سے داعش کی حمایت کرنے بے بنیاد الزامات ہیں ہم افغان انتظامیہ پر ٹی ٹی پی کے دہشت گرد کیمپوں کے خاتمے کے لیے زور دیتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم افغان حکومت پر زور دیتے ہیں کہ افغانستان میں موجود ٹی ٹی پی کی محفوظ پناہ گاہوں کا مسئلہ انہوں نے ہی حل کرنا ہے۔‘
ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے غزہ میں جنگ بندی کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ خواہش ہے کہ یہ جنگ بندی مستقل ہو جائے۔‘
سوشل میڈیا پر فائر وال لگانے کے باوجود حکومت کا دل نہیں بھر رہا: زرتاج گل
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما اور رکنِ قومی اسمبلی زرتاج گل وزیر نے الیکٹرانک کرائمز ترمیمی بل پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’حکومت اپنے کرتوت چھپانے کے لیے سوشل میڈیا پر پابندی لگانا چاہتی ہے۔‘
زرتاج گل نے جمعرات کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’پہلے فائر وال لگائی گئی، اس کے باوجود آپ کا دل نہیں بھرا۔ آپ نے سوشل میڈیا پر پابندی لگانے کے لیے ہر جتن کر لیا۔‘
مسلم لیگ ن کے رہنما طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ’اس بل کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے۔ اس پر ووٹنگ کروا لی جائے۔‘
رکن قومی اسمبلی نبیل گبول نے کہا کہ ’آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ذریعے جھوٹ پھیلایا جا رہا ہے۔‘
اس دوران پی ٹی آئی اور ن لیگ کے اراکین کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔
پاکستان کے ڈیفالٹ کا خواہشمند ٹولہ بار بار اسلام آباد پر چڑھائی کرتا ہے: وزیراعظم
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’حکومتی پالیسیوں پر میڈیا کی تعمیری تنقید گورننس کی بہتری کے لیے بہت ضروری ہے۔ تعمیری تنقید کا حکومت خیرمقدم کرتی ہے۔‘
وزیراعظم ہاؤس سے جمعرات کو جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم نے پاکستان براڈ کاسٹر ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں کہا کہ ’پاکستان کے ڈیفالٹ کے خواب دیکھنے والا ملک دشمن مخصوص ٹولہ بار بار اسلام آباد پر چڑھائی کی کوشش کرتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ایسے عناصر کو پاکستان کا معاشی استحکام اور ترقی ہضم کرنا مشکل ہو رہا ہے۔‘
وزیر مذہبی امور چوہدری سالک سے ویٹی کن سٹی کے سفیر سے ملاقات
پاکستان کے وفاقی وزیرِ برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین سے ویٹی کن سٹی کے سفیر آرچ بشپ گرمانو پینموٹ نے ملاقات کی ہے۔
وزارت مذہبی امور کے بیان کے مطابق ملاقات میں مذہبی عدم برداشت کے بڑھتے ہوئے رحجان، دہشت گردی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقعے پر وزیر مذہبی امور چوہدری سالک نے کہا کہ ’مسئلہ فلسطین کے حوالے سے پوپ فرانسس نے جرأت مندانہ موقف اختیار کیا جسے ہر ایک نے سراہا۔‘
ویٹی کن سٹی کے سفیر آرچ بشپ گرمانو پینموٹ نے کہا کہ ’کیتھولک چرچ کے زیرانتظام پاکستان میں تعلیم اور صحت کے شعبے میں اہم منصوبے جاری ہیں۔‘
پی آئی اے کے دو ملازم موبائل فون سمگل کرنے پر نوکری سے برخاست
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے موبائل فون سمگل کرنے پر اپنے دو ملازمین کو ملازمت سے برخاست کر دیا ہے۔
پی آئی آے کے ترجمان کے جانب سے جمعرات کو جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ ’دونوں ملازمین غیرقانونی طور پر موبائل فون سمگل کرنے میں ملوث پائے گئے تھے۔‘
ترجمان نے مزید کہا کہ ’انتظامیہ نے قواعد و ضوابط کے تحت انکوائری کے بعد مذکورہ دونوں ملازمین کو ملازمت سے برخاست کیا۔‘
’پی ائی اے اپنے اور ملکی قوانین کی خلاف ورزی پر کسی قسم کی رعایت نہیں برتے گا۔‘
اگلے دو روز تک بیشتر علاقوں کا موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان: محکمہ موسمیات
پاکستان کے محکمہ موسمیات نے کہا ہے جمعرات اور جمعے کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اورخشک رہا تاہم شمالی بلوچستان اور بالائی خیبر پختونخوا میں چند مقامات پر ہلکی بارش ہوئی۔
ڈیجٹیل نیشن بل شہری آزادیوں کے لیے خطرہ ہے: عمر ایوب کا چیئرمین قائمہ کمیٹی کے نام خط
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی عمر ایوب خان ڈیجیٹل نیشن پاکستان بل پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے چئیرمین قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کو خط لکھ دیا ہے۔
عمر ایوب نے خط میں کہا کہ ’ڈیجیٹل نیشن بل پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کے خلاف ہے، یہ بل آزاد شہریوں کے لیے خطرہ اور آزادی صحافت بڑی قدغن ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’آئی ٹی سے متعلق محکموں میں زیادہ تر غیرسویلین افراد کو بھرتی کیا گیا۔ غیرسویلین افراد کی حساس عہدوں پر تعیناتی پرائیویسی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔‘
پاکستان کے مجموعی 13 کروڑ ووٹرز میں خواتین کا تناسب 46 فیصد: الیکشن کمیشن
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک کے رجسٹرڈ ووٹرز سے متعلق تازہ اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طور پر 13 کروڑ 26 لاکھ 68 ہزار 515 ووٹرز ہیں۔
اسلام آباد میں ووٹرز کی تعداد 11 لاکھ 70 ہزار 744، بلوچستان میں 55 لاکھ 37 ہزار 699، خیبر پختونخوا میں 2 کروڑ 25 لاکھ 89 ہزار 361 ، پنجاب میں 7 کروڑ 55 لاکھ 45 ہزار 995 اور سندھ میں 2 کروڑ 78 لاکھ 24 ہزار 706 ہے۔
الیکشن کمیشن کے نئے اعداد و شمار میں خواتین ووٹرز کا مجموعی تناسب 46.28 جبکہ مرد ووٹرز کا تناسب 53.72 فیصد ہے۔
محسن نقوی کی امریکی ارکان کانگریس سے ملاقاتیں، باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال
پاکستان کے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے امریکی کانگریس مین جو ولسن اور مین روب بریسنہان سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں۔
وزارت داخلہ نے جمعرات کو اپنے بیان میں بتایا کہ ’ان ملاقاتوں میں ’پاکستان امریکہ تعلقات کے فروغ اور علاقے میں پائیدار امن کے قیام خصوصاً افغانستان کی صورت حال پر گفتگو ہوئی۔‘
بیان کے مطابق ’محسن نقوی نے اس موقعے پر کانگریس مین جو ولسن اور کانگریس مین روب بریسنہان کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔‘
محسن نقوی نے کہا کہ ’امریکہ پاکستان کا انتہائی اہم سٹریٹجک شراکت دار ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خطاب یقیناً عالمی امن اور تنازعات کے حل میں انتہائی حوصلہ افزا ہے، اب پاک امریکہ تعلقات کو نئی جہت ملے گی۔‘
لاہور میں فروری کے دوسرے ہفتے میں 27 الیکٹرک بسیں چلا دی جائیں گی: وزیر ٹرانسپورٹ
پنجاب کے وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کہا ہے کہ ’ 27 الیکٹرک بسیں لاہور کی سڑکوں پر فروری کے دوسرے ہفتے تک چلا دی جائیں گی۔‘
وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کا پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کے ہیڈ آفس کے دورے کے موقعے پر کہا کہ ’چین سے الیکٹرک بسیں لاہور پہنچنے پر پنجاب میں ایکو فرینڈلی ٹرانسپورٹ کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’الیکٹرک بسوں کی وجہ سے سموگ کے تدارک میں بھی مدد ملے گی۔‘
بلوچستان: سرکاری ملازمین کا پنشن اصلاحات اور نجکاری کے خلاف گرینڈ الائنس قائم
پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں سرکاری ملازمین کی 40 سے زائد تنظیموں نے مشترکہ جدوجہد کا اعلان کرتے ہوئے بلوچستان گرینڈ الائنس کے نام سے بلوچستان کے ملازمین کا سب سے بڑا اتحاد قائم کر لیا ہے۔
بلوچستان گرینڈ الائنس نامی اس اتحاد کے جمعرات کو جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ’یہ الائنس ناروا پنشن اصلاحات، نجکاری اور صوبائی حکومت کی جانب سے ملازمین تنظیموں کے خلاف جاری انتقامی کارروائیوں کے خلاف مشترکہ جدوجہد کرے گا۔‘
بیان کے مطابق ’الائنس کے زیراہتمام تمام اضلاع میں ضلعی ایکشن کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی جو مرکزی کال پر اضلاع میں عمل درآمد کرائیں گی۔‘
یہ فیصلے بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کی میزبانی میں ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ میں منعقدہ گرینڈ اجلاس میں کیے گئے۔
لاہور: صبح کام پر جاتے شہریوں کو لوٹنے والا ’سالا بہنوئی گینگ‘ گرفتار
لاہور کی پولیس نے ایک دو رکنی گینگ کو گرفتار کیا ہے، جن پر الزام ہے وہ صبح دفاتر یا کاروبار کے لیے جانے والے شہریوں کو لوٹ لیتے تھے۔
لاہور پولیس کے مطابق یہ دونوں ملزمان داؤد اور سنی مسیح سالا اور بہنوئی ہیں جنہیں گلبرگ تھانے کے اہلکاروں نے خفیہ اطلاع پر فردوس مارکیٹ سے گرفتار کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ملزمان صبح 4 سے 8 بجے کے درمیان وارداتیں کرتے تھے۔ چار ماہ قبل ملزمان نے گارڈن ٹاؤن میں ڈکیتی مزاحمت پر دکان دار کو فائرنگ سے زخمی بھی کیا تھا۔