خوشخبری ہو یا کوئی خبرِ غم، سوشل میڈیا کے ذریعے دوست احباب کو مطلع کرنا اب ایک عام سی بات ہے۔ سب کو فرداً فرداً میسیجز یا کالز کرنے کی نسبت سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ سے تمام لوگوں تک پیغام پہنچانا زیادہ آسان معلوم ہوتا ہے۔
اس کا مقصد بھی یہی ہوتا ہے کہ جو افراد پوسٹ دیکھیں وہ خوشی یا غم کے موقعے پر شریک ہو سکیں۔
یہی سوچ کر گجرات کے ایک شہری نے فیس بک پر اپنے والد کے جنازے کا اعلان کیا تو جہاں ان کے قریبی عزیزوں نے اپنی حاضری یقینی بنائی وہیں چار دوست بھی پہنچ گئے لیکن جنازہ پڑھنے کے لیے نہیں بلکہ چوری کے لیے۔
مزید پڑھیں
پولیس نے چار دوستوں پر مشتمل گینگ گرفتار کیا ہے جو فیس بک پر جنازے کے اعلان کی پوسٹ دیکھ کر لاہور سے گجرات کے علاقہ بھدر گیا تھا۔
یہ واقعہ 22 جنوری کو اس وقت پیش آیا جب گجرات کے گاؤں بھدر میں عمر آفتاب نامی شہری کے والد کا جنازہ ادا کیا جا رہا تھا۔
گینگ نے رش کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے کئی موبائل فونز اور نقدی چوری کر لی۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان لاہور کے علاقے شاہدرہ اور امامیہ کالونی سے گجرات آئے تھے۔
’ملزمان نے فیس بک پر جنازے کی پوسٹ دیکھی تھی جس میں جنازے کے وقت اور مقام سے متعلق اعلان کیا گیا تھا۔ انہوں نے لاہور میں کرائے پر ایک گاڑی لی اور گجرات کے گاؤں بھدر روانہ ہوئے۔‘
پولیس کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے تفتیش جاری ہے کہ کیا اس گینگ کی یہ پہلی واردات تھی یا یہ ماضی میں بھی ایسی وارداتیں کر چکا ہے۔
تھانہ ککرالی میں آصف حسین نامی شہری نے مقدمہ درج کرایا تھا جس میں کہا گیا کہ نامعلوم افراد نے بھدر کے مقام پر جنازے کے دوران ان کی جیب سے 20 ہزار روپے چوری کیے جبکہ تنویر حسین نامی شہری سے آئی فون موبائل اور 15 ہزار روپے، صفدر حسین نامی شہری سے موبائل فون اور 18 ہزار روپے اور خرم شفقت نامی شہری سے موبائل فون اور 17 ہزار روپے چوری کیے۔‘
پولیس کے مطابق مشکوک حرکات دیکھتے ہوئے جنازے میں شریک شہریوں نے ملزمان کو دھر لیا اور تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔
گجرات پولیس کے ترجمان نے اُردو نیوز کو بتایا کہ چاروں دوستوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
اس حوالے سے پولیس نے ایک ویڈیو بھی جاری کی جس میں ملزمان اپنے جرم کا اقرار کر رہے ہیں۔