گوادر کے نئے انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پی آئی اے کی پہلی پرواز 39 مسافروں کو لے کر عمان روانہ
گوادر کے نئے انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پی آئی اے کی پہلی پرواز 39 مسافروں کو لے کر عمان روانہ
جمعہ 24 جنوری 2025 16:38
زین الدین احمد -اردو نیوز، کوئٹہ
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ ’گوادر اور مسقط کے درمیان ہفتے میں دو پروازیں چلائی جائیں گی‘ (فوٹو: پی اے اے)
بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کے نئے بین الاقوامی ہوائی اڈے نے باقاعدہ کام شروع کر دیا ہے اور جمعے کو پہلی پرواز 39 مسافروں کو لے کر گوادر سے مسقط کے لیے روانہ ہوئی۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے ترجمان نے اردو نیوز کو بتایا کہ جمعے کی صبح پی آئی اے کی پرواز پی کے 197 گوادر کے نئے انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے عمان کے دارالحکومت مسقط کے لیے روانہ ہوئی۔
ترجمان کے مطابق گوادر اور مسقط کے درمیان ہفتے میں دو پروازیں چلائی جائیں گی۔ ابتدائی طور پر اس روٹ پر چھوٹا اے ٹی آر طیارہ چلے گا جس میں 48 مسافروں کی گنجائش ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے مطابق جمعے سے گوادر کے نئے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ مرحلہ وار یہاں پروازوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔
نئے تعمیر ہونے والے ایئرپورٹ پر سول ایوی ایشن اتھارٹی، ایئرپورٹ سکیورٹی فورس، پاکستان کسٹمز، ایف آئی اے، اینٹی نارکوٹکس فورس اور دیگر متعلقہ اداروں کے عملے کو پہلے ہی تعینات کیا جا چکا ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِصدارت 30 دسمبر کو گوادر ایئرپورٹ سے متعلق خصوصی اجلاس میں بتایا گیا تھا کہ اگلے مرحلے میں گوادر اور کراچی کے درمیان بھی ہفتہ وار تین پروازیں شروع کی جائیں گی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا تھا کہ گوادر سے اندرون ملک پروازیں شروع کرنے کے لیے ملک کی نجی ایئرلائنز کے علاوہ بین الاقوامی پروازوں کے لیے چین، عمان اور متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنیوں سے بھی بات چیت جاری ہے۔
بلوچستان کے جنوب مغربی ساحلی شہر میں واقع چار ہزار 300 ایکڑ (17 مربع کلومیٹر) رقبے پر پھیلا نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ (این جی آئی اے) پاکستان کا سب سے بڑا ہوئی اڈہ ہے جس پر دنیا کے سب سے بڑے مسافر بردار طیارے بھی اُتر سکتے ہیں۔
یہ پاکستان چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کا فلیگ شپ منصوبہ سمجھا جاتا ہے جسے چین کے تعاون سے تعمیر کیا گیا ہے۔
نئے ہوائی اڈے کی تعمیر کے کام کا سنگ بنیاد 2019 میں اس وقت کے وزیراعظم عمران خان نے رکھا تھا۔
گزشتہ برس اکتوبر میں چینی وزیراعظم لی چیانگ نے دورہ پاکستان کے موقعے پر اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ منصوبے کا ورچوئل افتتاح کیا تھا۔
گوادر شہر سے مشرق میں تقریباً 26 کلومیٹر دوری پر واقع یہ پاکستان کا دوسرا گرین فیلڈ یعنی ایسا ایئر پورٹ ہے جسے پاکستانی حکومت نے چین اور عمان کی حکومت کی امداد سے بالکل نئے سرے سے تعمیر کیا ہے۔
پاکستان کی وزارت منصوبہ بندی کے مطابق منصوبے پر مجموعی طور پر 60 ارب 20 کروڑ روپے کی لاگت سے زائد کے اخراجات آئے جن میں سے نصف سے زائد رقم چینی حکومت نے فراہم کی۔