Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: اَپرکرم میں فائرنگ سے اسسٹنٹ کمشنر سمیت تین پولیس اہلکار زخمی

اہم نکات
  • اپر کرم میں فائرنگ سے اسسٹنٹ کمشنر زخمی
  • امیر بالاج قتل کیس کا تیسرا ملزم گرفتار
  • لاہور میں ٹرین کو حادثہ

خیبر پختونخوا کے ضلع کرم ایک مرتبہ پھر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں اسسٹنٹ کمشنر سمیت تین پولیس اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ اپر کرم کے گاؤں بوشہرہ میں اس وقت پیش آیا جب اسسٹنٹ کمشنر ریونیو سعید منان جنگ بندی کے لیے پولیس کے ساتھ وہاں موجود تھے۔
پولیس کے مطابق تینوں زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل لوئر کرم میں ڈپٹی کمشنر جاوید محسود بھی فائرنگ کا نشانہ بن کر زخمی ہوئے تھے۔

خیبر پختونخوا میں فوج کی کارروائیوں میں 10 عسکریت پسند ہلاک

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں فورسز کی مختلف کارروائیوں میں 10 عسکریت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جمعے کو جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ ’خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کولاچی، ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک کارروائی میں چار خوارج ہلاک کیے گئے۔‘
بیان کے مطابق ’شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل، غلام خان اور میر علی میں فائرنگ کے تبادلے میں چھ مزید خوارج کو ہلاک کیا گیا۔‘
’ہلاک ہونے والے خوارج سے اسلحہ اور بارودی سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔‘

ملتان میں شہری پر تشدد کا واقعہ، ایس ایچ او معطل ہونے کے بعد گرفتار

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر ملتان میں ایک معمر شہری پر تشدد کرنے والے پولیس افسر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نوٹس لیتے ہوئے پولیس افسر کو معطل اور گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔
ملتان پولیس کے مطابق ایس ایچ او شفیق احمد کو گرفتار کر کے حوالات منتقل کر دیا گیا ہے۔

مذاکرات پر اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں نہیں لیا گیا: مولانا فضل الرحمان

جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ’ہم مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں لیکن حکومت نے مذاکرات پر اپوزیشن  جماعتوں کو اعتماد میں نہیں لیا۔‘
مولانا فضل الرحمان نے جمعے کو گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’حکومت میں ایک دن بھی چلنے کی سکت نہیں۔ جو انہیں لائے ہیں، وہی حکومت چلا رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’خیبر پختونخوا میں حکومت کی رٹ ختم ہو چکی ہے۔ وہاں مسلح افراد کا راج ہے۔‘

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں پہلی الیکٹرک بس کا افتتاح کر دیا

پاکستان کے صوبہ پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے لاہور میں پہلی الیکٹرک بس سروس کے پائلٹ پروجیکٹ کا افتتاح کر دیا ہے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس سے جمعے کو جاری کردہ بیان کے مطابق اس موقعے پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے الیکٹرک بس کا اس تفصیلی جائزہ بھی کیا۔
بیان کے مطابق ’الیکٹرک بس میں 30 نشستیں جبکہ 80 مسافروں کی گنجائش ہو گی۔الیکٹرک بس میں سپیشل افراد کے لیے ریمپ اور نشستیں مخصوص ہوں گی۔ بس کے فرش پر اینٹی سلپ شیٹ کا استعمال کیا گیا ہے۔‘
اس بس کے لیے نو مخصوص چارجنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ الیکٹرک بس میں خواتین کے لیے الگ سیکشن ہو گا جبکہ ہراسیت کے واقعات کے سد باب کے لئے کیمرے بھی نصب ہوں گے۔
بیان میں یہ بھی بتایا گیا کہ ’لاہورکے سب سے بڑے طویل ترین 21کلومیٹر روٹ پر 27 الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔ لاہور کی پہلی ای بس سروس پر 17ہزار مسافر روزانہ سفر کر سکیں گے۔‘

امیر بالاج ٹیپو قتل کیس کا تیسرا ملزم انٹرپول کے ذریعے گرفتار

گزشتہ برس کے اوائل میں لاہور میں انڈر ورلڈ سے تعلق رکھنے والے امیر بالاج ٹیپو کے قتل کا تیسرا ملزم گرفتار کر لیا گیا ہے۔
لاہور پولیس نے جمعے کو بتایا کہ امیر بالاج قتل کیس کا تیسرا شوٹر جو طیفی بٹ کا بھتیجا ہے، اسے خیلجی ملک سے انٹرپول کے ذریعے گرفتار کیا گیا ہے۔
امیر بالاچ ٹیپو کو گزشتہ برس 18 فروری کو لاہور میں شادی کی ایک تقریب کے دوران فائرنگ سے ہلاک کر دیا گیا تھا۔ بالاج ٹیپو لاہور کے انڈر ورلڈ کے سابق ڈان ٹیپو ٹرکاں والے کے بیٹے تھے۔ ان کے والد کو بھی سنہ 2010 میں لاہور ایئرپورٹ کی پارکنگ میں فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا۔
گزشتہ برس 9 ستمبر 2024 کو لاہور میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے امیر بالاج کے قتل میں نامزد طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ ہلاک جبکہ اُن کی اہلیہ شدید زخمی ہو گئی تھیں۔
لاہور کے انڈر ورلڈ کی کہانی سے جڑی تفصیلات جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

چیمپیئنز ٹرافی کے سکواڈ کا اعلان آج ہو جائے گا : چیئرمین پی سی بی

پاکستان کے وزیرداخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف 7 فروری کو قذافی سٹیڈیم کا افتتاح کریں گے۔
چیئرمین پی سی بی نے لاہور میں قذافی سٹیڈیم کی تزئین و آرائش کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’چیمپیئنز ٹرافی کے سکواڈ کا اعلان آج ہو جائے گا۔ اللہ نے چاہا تو ٹرافی ضرور جیتیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’قذافی سٹیڈیم کی جلد تعمیر مکمل کرنے کا وعدہ پورا کر دیا ہے۔ دو سے اڑھائی ہزار مزدوروں کو سات فروری کو ظہرانہ بھی دیں گے۔‘
محسن نقوی نے بتایا کہ کراچی سٹیڈیم کو افتتاح 11 فروری کو صدر پاکستان آصف علی زرداری کریں گے۔
آئندہ چیمپیئنز ٹرافی کے لیے گزشتہ چند ماہ سے پاکستان کے بڑے کرکٹ سٹیڈیمز کی تعمیر اور تزئین کا کام جاری ہے۔
انجری کے شکار صائم ایوب سے متعلق سوال کے جواب میں چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ ان کی طبیعت اب بہتر ہے، پلاسٹر اتر گیا ہے۔

سو گنہگاروں کو چھوڑنے سے زیادہ ایک بے گناہ کو سزا دینا غلط ہے: جسٹس جمال مندوخیل

— فوٹو: ڈان نیوز

سپریم کورٹ آف پاکستان میں سویلین کے ملٹری ٹرائل سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ’ سو گنہگاروں کو چھوڑنے سے زیادہ ایک بے گناہ کو سزا دینا غلط ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’اگر ہماری عدالتوں کے سامنے شواہد نہیں ہوں گے تو ملزمان بری ہی ہوں گے۔ ہم نے صرف فیصلہ کرنا ہے، انصاف اللہ ہی کر سکتا ہے۔‘
اس کیس میں درخواست گزار جسٹس ریٹائرڈ جواد ایس خواجہ کی جانب سے وکیل خواجہ احمد حسین نے دلائل دیے۔
خواجہ احمد حسین نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ’سویلین عدالتیں بھی قانون کے تحت بنی ہیں، ان پر ہمارا اعتبار کیوں نہیں، متاثرہ فریق خود شفاف ٹرائل نہیں دے سکتا۔‘
اس پر جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ ’ہمارے سامنے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی مثال موجود ہے۔ کلبھوشن یادیو کیس میں صرف افواج پاکستان ہی متاثرہ نہیں ہے۔آرمی ایکٹ کی شق ٹو ون ڈی ٹو کو کالعدم قرار دینے سے تو بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو جیسے واقعات میں ملٹری ٹرائل نہیں ہو سکے گا۔
فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت پیر تک ملتوی کر دی گئی۔

 انسانی سمگلرز کے خلاف کارروائیاں، ملتان اور جمرود سے دو افراد گرفتار

پاکستانی کے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے انسانی سمگلنگ اور ویزہ فراڈ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیوں میں خیبر پختونخوا اور پنجاب سے گرفتاریاں کی ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق اینٹی ہیومین ٹریفکنگ سرکل پشاور میں ضلع خیبر کی تحصیل جمرود سے صریر شاہ نامی ملزم کو گرفتار کیا ہے۔‘
بیان کے مطابق ’مطلوب ملزم پاکستانی شہریوں کو غیرقانونی طور پر بارڈر عبور کروانے میں ملوث تھا۔
دوسری جانب ایف آئی اے ملتان زون نے ملتان سے محمد حسن شیراز نامی ملزم کو گرفتار کیا ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے ملائیشیا میں ملازمت دلوانے کا جھانسہ دے تک شہری کے پانچ لاکھ روپے لیے تھے۔

ملتان میں شہری پر تشدد کرنے والا پولیس افسر معطل، گرفتاری کا حکم

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر ملتان میں ایک شہری پر تشدد کرنے والے پولیس افسر کو معطل کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تشدد کرنے والے پولیس افسر کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔
جمعرات کو وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں پولیس افسر کو ایک موٹرسائیکل سوار شہری پر تشدد کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
وزیراعلیٰ ہاؤس کے بیان کے مطابق مریم نواز نے کہا ہے کہ ’پولیس کی عزت ہوتی ہے تو  کیا عام آدمی کی عزت نہیں ہوتی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’کسی کو عام آدمی پر ظلم و زیادتی کی اجازت نہیں دوں گی۔ تشدد کی فوٹیج دیکھ کر نہایت تکلیف ہوئی۔‘

جماعت اسلامی کے ملک گیر احتجاج کا آغاز

جماعت اسلامی پاکستان کی جانب سے ملک گیر احتجاج کا آغاز آج (جمعے) سے ہو رہا ہے۔
جماعت اسلامی کے ترجمان کے مطابق ’آئی پی پیز مافیا کے خلاف جماعت اسلامی ملک بھر میں احتجاج اور دھرنے دے گی۔‘
لاہور میں پریس کلب کے سامنے ساڑھے تین بجے احتجاج ہو گا۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان عوام کو آئندہ کا روڈمیپ دیں گے۔‘
جماعت اسلامی بجلی کے بلز میں کمی اور ناجائز ٹیکسز کے خاتمے جیسے مطالبات کر رہی ہے۔
جماعت اسلامی نے پیکا ایکٹ کے خلاف صحافتی تنظیموں کے یوم سیاہ کی حمایت کا اعلان بھی کیا ہے۔

لاہور سے کراچی جانے والی ٹرین کو حادثہ، ’تین بوگیاں پٹری سے اتر گئیں‘

جمعے کو لاہور سے کراچی جانے والی شالیمار ایکسپریس کی تین بوگیاں پٹری سے اتر جانے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
پاکستان ریلوے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’بوگیوں کے ڈی ریل ہونے کے بعد مسافر اتر گئے تھے۔ اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔‘ 
دوسری جانب ریسکیو 1122 نے اپنے بیان میں کہا کہ قیصر ٹاؤن شاہدرہ سے اس واقعے سے متعلق کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم میڈیا سے معلومات ملنے پر ٹیمیں بھیج دی گئی تھیں۔
بیان کے مطابق ’کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔‘
ڈی ایس ریلوے نے مزید کہا ہے کہ ’ٹرین ڈرائیو کی غفلت کی وجہ سے ڈی ریل ہوئی۔‘


 

شیئر: