’ایک لاکھ ڈالر دیں، پراپرٹی کا کاروبار کروں گی‘، کراچی آنے والی امریکی خاتون کا مطالبہ
جمعہ 31 جنوری 2025 13:45
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پاکستانی نوجوان کی محبت میں کراچی آنے والی امریکی خاتون اونائجا رابنسن نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستانی حکومت انہیں ایک لاکھ ڈالر دے۔
جمعے کے روز کراچی کے چھیپا سینٹر میں پریس کانفرنس کے دوران خاتون نے کہا کہ ’میں اپنے شوہر کے پاس جا رہی ہوں۔‘
اونائجا نے کہا کہ ’میرا منصوبہ یہ ہے کہ میں اس پورے ملک کی تزئین و آرائش کرنا چاہتی ہوں۔ مجھے ایک لاکھ ڈالر دیے جائیں، اس ہفتے تک مجھے 20 ہزار ڈالر مل جانے چاہییں۔‘
انہوں نے کہا ’میں ایک لاکھ ڈالر سے کراچی میں پراپرٹی کا کاروبار کروں گی جسے میرے شوہر چلائیں گے۔ یہ پیسہ میری اپنی جیب میں نہیں جائے گا بلکہ اس کو شہر پر خرچ کروں گی۔‘
’میرا حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ یہاں کی بلڈنگز اور گلیوں کو ٹھیک کریں یہاں کی صفائی کریں۔ یہ ٹھیک نہیں ہیں اور مجھے بالکل پسند نہیں آئیں۔ پاکستان کو نئی بسوں، ٹیکسیز اور گاڑیوں کی ضرورت ہے۔‘
اونائجا نے کہا کہ ’میں پاکستانی ہوں۔ میرا نام اونائجا احمد ہے اور ہم جلد دبئی جا رہے ہیں۔‘
دوسری جانب چھیپا ویلفیئر کے منتظم رمضان چھیپا کا کہنا تھا کہ ’امریکی خاتون رات کو ہمارے سینٹر پر رُکی تھیں، یہاں ان کی خدمت کی گئی۔‘
رمضان چھیپا کے مطابق ’خاتون کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں ہے اور وہ صرف ایک ہی بات کر رہی ہیں کہ مجھے میرے شوہر سے ملائیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم نے احمد سے رابطہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ میں احمد اور ان کی فیملی سے گزارش کرنا چاہتا ہوں کہ آپ یہاں آئیں اور اس خاتون سے ملاقات کریں میں آپ کا آپسی معاملہ حل کراؤں گا۔‘
