فلائی جناح کو کراچی اور ڈھاکہ کے درمیان براہ راست پروازیں چلانے کی اجازت
بجٹ ایئرلائن فلائی جناح پاکستان کے لیکسن گروپ اور یو اے ای کے ایئر عربیہ کا جوائنٹ ونچر ہے۔ (فوٹو: فلائی جناح)
بنگلہ دیش نے پاکستان کی نجی ایئرلائن فلائی جناح کو کراچی اور ڈھاکہ کے درمیان براہ راست پروازیں چلانے کی اجازت دے دی ہے۔
بنگلہ دیشی اخبار ڈھاکہ سٹار کے مطابق تقریباً ایک دہائی کے بعد پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان براہ راست پروازیں شروع ہو جائیں گی۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی بنگلہ دیش کے چیئرمین ایئر وائس مارشل ایم ڈی منظور کبیر نے ڈیلی سٹار کو بتایا ’فلائی جناح نے پروازوں کی اجازت کے لیے اپلائی کیا تھا جس کی منظوری دے دی گئی ہے۔‘
فلائٹ آپریشن شروع کرنے سے پہلے فلائی جناح کو بنگلہ دیش میں ایک مقامی جنرل سیلز ایجنٹ مقرر کرنا پڑے گا۔
سول ایوسی ایشن اتھارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ’اب ایئرلائن جنرل سیلز ایجنٹ اپوائنٹ کرے گا۔ جب وہ سلاٹ اور پروازوں کی تعداد کے حوالے سے درخواست دیں گے تو ہم منظوری دیں گے۔ ہماری طرف سے تمام معاملات مکمل کر دیے گئے ہیں۔‘
پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے نے آخری مرتبہ 2015 تک ڈھاکہ کے لیے پر پروازیں چلائیں۔
بجٹ ایئرلائن فلائی جناح پاکستان کے لیکسن گروپ اور یو اے ای کے ایئر عربیہ کا جوائنٹ ونچر ہے۔
خیال رہے بنگلہ دیش میں عوامی لیگ کی حکومت کے خاتمے کے بعد ڈاکٹر محمد یونس کی عبوری حکومت میں پاکستان کے ساتھ برسوں سے تعطل کے شکار تعلقات میں غیرمعمولی گرم جوشی پیدا ہوئی ہے۔
عوامی جمہوریہ بنگلہ دیش کے اسلام آباد ہائی کمیشن کے قو نصلر سردار محمد نعمان چند دن پہلے اردو نیوز کو بتایا تھا دونوں حکومتوں کے درمیان آنے والے دنوں میں براہ راست ہوائی سفر کے امکانات کا جائزہ لے کر جلد از جلد شروع کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بنگلہ دیش کی طرف سے تجارت، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں پاکستانیوں کے لیے ویزہ بلا کسی تعطل اور تاخیر کے جاری کیا جاتا ہے۔ شرط یہ ہے کہ آپ کے پاس بنگلہ دیش سے سپانسر لیٹر موجود ہو۔
انہوں نے کہا تھا کہ بنگلہ دیشی ہائی کمیشن پاکستانیوں کی ویزہ درخواستوں کو فوری پراسیس کے لیے ڈھاکہ بھیج دیتا ہے جہاں سے کلیئرنس کے بعد ویزا جاری کیا جاتا ہے۔