Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میں ’میڈ ان پاکستان‘ نمائش آج سے، ’بین الاقوامی تجارت کے نئے دور کا آغاز‘

جدہ میں ’میڈ ان پاکستان‘ نمائش اور بزنس فورم آج سے شروع ہو رہے ہیں، جن میں شرکت کرنے والی پاکستانی کمپنیز اور ادارے سعودی مارکیٹ میں اپنی جگہ بنانے کے لیے تیار ہیں۔
سعودی وزارت تجارت و سرمایہ کاری اور ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے تعاون سے جدہ چیمبر کے زیراہتمام تین روزہ میگا ایونٹ آج پانچ فروری سے سات فروری تک جدہ  انٹرنیشنل ایگزیبیشن اینڈ ایونٹس سینٹر میں جاری رہے گا۔
نمائش میں سپورٹس اینڈ ویئر، ٹیکسٹائل اینڈ گارمنٹس، ایونٹ اینڈ ہاسپلیٹی منیجمنٹ، فوڈ اینڈ ایگریکلچرل، انجینیئرنگ اینڈ مینو فیکچرنگ، آئی ٹی سروسز اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی تقریبا 140 پاکستانی کمپنیاں اور ادارے شرکت کررہے ہیں۔
توقع کی جا رہی ہے کہ ایگزیبیشن کے ذریعے پاکستانی مصنوعات اور بین الاقوامی تجارت کو فروغ دینے کے حوالے سے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔
ایونٹ میں خصوصی پاکستانی مصنوعات کی نمائش کے ساتھ سعودی عرب اور خطے میں سرمایہ کاری اور مارکیٹ تک رسائی کے مواقع بھی تلاش کیے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مضبوط تعلقات اور اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے لیے ان کے مشترکہ عزم کو اجاگر کیا جائے گا۔
نمائش میں پاکستان کی روایتی دستکاریوں کو بھی پیش کیا جائے گا جو ملک کے ثقافتی ورثے کی عکاس ہیں۔
 ایگزیبیشن آج اور کل (چھ فروری) کو کاروباری جبکہ 7 فروری کو عام افراد کے لیے کھلی رہے گی۔
یہ ایونٹ پاکستان کے کاروباری اداروں کو بین الاقوامی خریداروں، سرمایہ کاروں اور تاجروں سے جُڑنے، سعودی مارکیٹ میں تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم بھی فراہم کرے گا۔

ایگزیبیشن کے لیے بھر پور پروموشن مہم چلائی گئی (فوٹو: اردو نیوز)

 
قونصل جنرل خالد مجید کا کہنا ہے کہ ’میڈ ان پاکستان نمائش، بزنس فورم ایک تاریخی اقدام ہے جو پاکستانی مصنوعات اور خدمات کو عالمی سطح پر فروغ دینے میں مدد دے گا۔‘
ٹریڈ اینڈ انویسمنٹ قونصلر سعدیہ خان کا کہنا ہے کہ ’اس ایگزیبیشن کا مقصد یہ ہے اگر ہم اپنے سعودی خریداروں کو پاکستان لے کر نہیں جا سکتے تو یہ کوشش کریں کہ اپنی مصنوعات ان کی مارکیٹ میں لائیں اور انہیں یہ موقع دیں کہ وہ وزٹ کریں اور ہماری مصنوعات دیکھیں۔‘
یاد رہے پچھلے ہفتے ایگزیبیشن کی سافٹ لانچنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں سعودی، غیرملکی میڈیا اور کاروباری افراد کی بڑی تعداد شریک تھی۔
ایگزیبیشن کے لیے بھر پور پروموشن مہم چلائی گئی۔ پاکستانی سفارت خانے اور قونصلیٹ کے حکام نے سعودی چیمبرز آف کامرس کے دورے کیے جبکہ جدہ میں سٹریٹ ویوز بل بورڈز بھی آویزاں کیے گئے ہیں۔

 

شیئر: