سعودی فنڈ فار ڈیویلپمنٹ اور پاکستان کے درمیان مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کی تقریب ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان 1.61 ارب ڈالر کے دو معاہدے ہوئے۔
سرکاری ٹی وی پاکستان ٹیلی ویژن کے مطابق پیر کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والی تقریب میں وزیراعظم شہباز، وفاقی وزرا، سعودی فنڈ کے سی ای او اور سعودی سفیر شریک ہوئے۔
سعودی فنڈ تیل کی درآمد پر ایک سال کے لیے 1.2 ارب ڈالر کی موخر ادائیگی کی سہولت دے گا۔ جبکہ مانسہرہ میں واٹر سپلائی سکیم کے لیے چار کروڑ 10 لاکھ ڈالر رعایتی نرخوں پر قرض کی فراہمی کی جائے گی۔
مزید پڑھیں
-
سعودی فنڈ کے تحت تیونس میں ایک ہزار 568 ہاوسنگ یونٹس کی فراہمیNode ID: 880865
وزیراعظم افس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی فنڈ برائے ترقی (ایس ایف ڈی) کے وفد نے فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلطان بن عبدالرحمان المرشد کی قیادت میں ملاقات کی۔
’وزیراعظم نے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دیرینہ دوستی کا حوالہ دیتے ہوئے صحت، توانائی، انفراسٹرکچر اور تعلیم کے شعبوں میں پاکستان کو مالی امداد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ سنہ 2022ء کے تباہ کن سیلاب کے بعد تعمیر نو کے لئے سعودی فنڈ برائے ترقی کی کوششوں کو سراہا۔‘
بیان کے مطابق سعودی فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے سعودی وفد کے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر وزیراعظم اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے وزیراعظم کو جاری منصوبوں بشمول مہمند ہائیڈرو پاور پروجیکٹ، گولن گول ہائیڈرو پاور پروجیکٹ، مالاکنڈ ریجنل ڈویلپمنٹ پروجیکٹ اور سعودی گرانٹس کے ذریعے فنڈ کیے گئے دیگر منصوبوں کے بارے پیش رفت سے آگاہ کیا۔
اس موقعے پر ایس ایف ڈی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے مشترکہ منصوبوں پر جلد کارروائی کی یقین دہانی کرائی اور اس بات کا اعادہ بھی کیا کہ سعودی عرب شاہی خاندان کی قیادت میں پاکستان کو ہر ممکن مدد اور مسلسل تعاون فراہم کرے گا۔

وزیر اعظم نے سی ای او اور وفد کے ارکان کا شکریہ ادا کیا اور شاہی خاندان کے تمام ارکان بالخصوص خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود اور ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقعے پر پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اقتصادی امور ڈویژن احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک اور معاون خصوصی برائے وزیراعظم طارق فاطمی،پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور سعودی وفد کے ارکان بھی اس موقع پر موجود تھے۔
دوسری طرف وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب نے فنانس ڈویژن میں سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے سی ای او سلطان عبدالرحمن المرشد سے ملاقات کی جس میں پاکستان سعودی اقتصادی تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔
پیر کو وزارت خزانہ کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات کے دوران سینیٹر اورنگزیب نے اہم اقتصادی اشاریوں میں بہتری کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستان کے میکرو اکنامک استحکام کے بارے میں اپ ڈیٹس شیئر کیں۔
ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط تعلقات پر زور دیا گیا اور سرمایہ کاری، افرادی قوت کی ترقی اور دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے مزید اقتصادی تعاون پر بات کی گئی۔
