مسجد نبوی میں افطار پیکٹ، اب ملائی اور پراٹھے کا بھی آپشن
جمعرات 13 فروری 2025 5:39
کیٹرنگ کمپنیاں منظم انداز میں افطاری دسترخوان کا بندوبست کریں گی( فوٹو: ایس پی اے)
مدینہ منورہ کی مسجد نبوی میں کیٹرنگ کمپنیوں کا کہنا ہے کہ ’افطاری پیکٹس میں ملائی اور پراٹھے (فطائر) کا اضافہ اختیاری ہے تاہم اس سے قیمت میں 7 ریال کا اضافہ ہو جائے گا۔‘
الوطن کے مطابق افطاری پیکٹس میں کھجور، روٹی، دقہ (مصالح) دہی، پانی وغیرہ ہوتا ہے اور اس کے علاوہ پیکنگ اور دسترخوان پیکیج میں شامل ہے۔
کیٹرنگ کمپنیوں کی جانب سے ملائی (قشطہ) اور پراٹھے یا پین کیک (فطیرہ) کی چوائس بھی دی گئی ہے جو افراد اپنے افطاری دسترخوان میں ملائی اور پراٹھے کا اضافہ کرانا چاہتے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ منظور شدہ کیٹرنگ کمپنیوں سے معاہدہ کرتے وقت اس کا اندراج کر لیں۔
مسجد نبوی میں افطاری خدمات فراہم کرنے والی کیٹرنگ کمپنیوں کو ادارہ امورحرمین نے اس بات کا بھی پابند کیا ہے کہ کمپنیاں منظم انداز میں افطاری دسترخوان کا بندوبست کریں گی جس کے لیے کارکنوں کی نگرانی کے لیے سپروائزر موجود ہوں۔
علاوہ ازیں افطاری کے لیے فراہم کی جانے والی اشیائے خورونوش معیاری ہوں۔ افطاری کو مسجد نبوی کے صحنوں میں منتقل کرنے کے لیے مخصوص ٹرالیوں کا اہتمام کیا جائے۔