انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی 2025 کی انعامی رقم کا اعلان کر دیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق سال 2017 کے بعد پہلی بار چیمپئنز ٹرافی میں آٹھ ٹیمیں 2.24 ملین امریکی ڈالر (پاکستانی 62 کروڑ روپے سے زائد) کی انعامی رقم کے لیے مقابلہ کریں گی۔
رنر اپ کو 1.12 ملین امریکی ڈالر (پاکستانی 31 کروڑ روپے) ملیں گے، جبکہ ہر ہارنے والے سیمی فائنلسٹ ٹیم کو 5 لاکھ 60 ہزار ڈالر (15 کروڑ پاکستانی روپے) ملیں گے۔
مزید پڑھیں
رواں سال چیمپیئنز ٹرافی کے کل پرائز پوُل میں 2017 کے نسبت 53 فیصد اضافہ ہوا ہے، جو 69 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی میں گروپ مرحلے کی فاتح ٹیم کو 34 ہزار ڈالر (94 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) ملیں گے۔
پانچویں یا چھٹے نمبر پر آنے والی ٹیموں کو 3 لاکھ 50 ہزار ڈالر (9 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) ملیں گے، جبکہ ساتویں اور آٹھویں نمبر پر آنے والی ٹیموں کو ایک لاکھ 40 ہزار ڈالر (3 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) ملیں گے۔
اس کے علاوہ چیمپئنز ٹرافی میں شریک ہر ٹیم کو ایک لاکھ 25 ہزار ڈالر (پاکستانی 3 کروڑ روپے سے زائد) ملیں گے۔
واضح رہے پاکستان 1996 کے بعد پہلی بار کسی آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔
اس سال چیمپئنز ٹرافی میں آٹھ ٹیموں کو چار کے دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جس میں ہر گروپ سے ٹاپ کی دو ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گے۔